ممبرا:’ووٹ چوری ‘ کیخلاف احتجاج، مظاہرین نے ’ووٹ چوروں، گدی چھوڑو!‘کا نعرہ دیا
EPAPER
Updated: August 13, 2025, 5:38 PM IST | Staff Reporter | Mumbai
ممبرا:’ووٹ چوری ‘ کیخلاف احتجاج، مظاہرین نے ’ووٹ چوروں، گدی چھوڑو!‘کا نعرہ دیا
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے ذریعے ’ووٹ چوری ‘ کے انکشاف کے بعد ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ منگل کواین سی پی(شرد) کے یوتھ، اسٹوڈنٹس اور لیڈیز ونگ کی جانب سے ممبرا پولیس اسٹیشن کے قریب بابا صاحب امبیڈکر چوک پر احتجاج کیا گیا۔ اس موقع ووٹ بچاؤ بھارت بچاؤ، ووٹ چور گدی چھوڑ، ووٹ فراڈ نیشنل کرائم جیسے نعرے لگائے گئے۔ یہ مظاہرہ این سی پی (شرد)کی اسٹوڈنٹس ونگ کی قومی ورکنگ صدر مرضیہ شانو پٹھان کی قیادت میں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: لاڈلی بہن اسکیم اراکین اسمبلی کا فنڈ بھی کھاگئی؟
اس موقع پر اپنے ہاتھ میں سنویدھان کی کتاب اور دوسرے ہاتھ میں بینر تھامے مرضیہ پٹھان نے کہا ’’آئین نے الیکشن کمیشن کو خود مختارادارہ بنایا ہے لیکن مودی حکومت نے اسے جانبداربنا دیا ہے۔ تاہم اب الیکشن کمیشن ایک آمر کے دور میں کام کر رہا ہے۔ اس لیے الیکشن کمیشن نے ووٹ چوری کرکے حکمراں جماعت کا انتخاب کیا ہے۔ راہل گاندھی نے ثبوتوں کے ساتھ ایک گھر میں ۸۰؍افراد، ایک عمارت میں ۷؍ہزار ووٹر، ۸۰؍سالہ نئے ووٹراسطرح کی کئی جعلسازیاں بے نقاب کی ہیں ۔ اگر ایک حلقے میں ایک لاکھ ووٹ چوری ہوتے ہیں تو الیکشن کمیشن نے پورے ملک کی کل آبادی سے زیادہ ووٹروں کو دکھا کر بی جے پی کو الیکشن جیتتے ہوئے دکھایا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ یہ لوک سبھا الیکشن کمیشن کی چوری کے باعث تشکیل پائی ہے جو کہ غیر قانونی ہے۔
اس احتجاجی مظاہرہ میں مرضیہ کے علاوہ سابق کارپوریٹر فرزانہ شاکر شیخ، شاکر شیخ، ثاقب داتے، ناظم خان بوبیرے، محشر شیخ، عمران شیخ، سمیر ملک سمیت درجنوں کارکنوں نے حصہ لیا۔
مظاہرین نے ’الیکشن کمیشن چور ہے‘، ’ووٹ چور، گدی چھوڑ ‘، ’پہلےلڑے تھے گوروں سے، اب لڑیں گے چوروں سے‘، ’الیکشن کمیشن ہٹاو، ووٹ بچاؤ‘ جیسے نعرے لگا ئے۔