جتیندر اوہاڑ نے اپنے نوٹس میںممبراکے سینئر انسپکٹرانل شندے پراپنے حامیوں کو دھمکانے کا الزام لگایا تھا۔
EPAPER
Updated: July 02, 2026, 10:25 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
جتیندر اوہاڑ نے اپنے نوٹس میںممبراکے سینئر انسپکٹرانل شندے پراپنے حامیوں کو دھمکانے کا الزام لگایا تھا۔
ممبرا کلوا کے رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ نے ۲؍ روز قبل اسمبلی کے مانسون اجلاس میں ممبرا کے سینئر پولیس انسپکٹر کے خلاف مراعات شکنی کا نوٹس دیا تھا اور اس بارے میں ایوان اسمبلی میں وضاحت بھی کی تھی۔ اس نوٹس کےبعد ممبرا کے سینئر پولیس انسپکٹر انل شندے کا تبادلہ کر دیاگیا ۔ انہیں تھانے کرائم برانچ بھیجا گیا ہے ۔ اپنے ٹرانسفر کی تصدیق کرتے ہوئے انل شندے نے کہا کہ ’’ ہر ۲؍ سال کے بعد افسران کا تبادلہ کر دیا جاتا ہے اور چونکہ مجھے ممبرا میں سوا دو سال کا عرصہ گزر چکا ہے اس لئے تھانے کے پولیس کمشنر نے میرا کرائم برانچ میں ٹرانسفر کیا ہے۔ وہاں بھی مَیں پورے جوش سے کام کروں گا ۔ افسر نےمزید بتایاکہ’’ ممبرا کےشہری فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے ۔یہا ں مختلف مذہب کے ماننے والے مل جل کر رہتے ہیں اور جرائم کو کم کرنے میںبھی پولیس کاتعاون کرتےہیں اور اسی لئےممبرا میں کرائم کم ہوسکا ہے۔ ‘‘ واضح رہے کہ رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ نے اپنے مراعات شکنی کے نوٹس میں کہا تھا کہ جب ایوان اسمبلی میںڈرگس کو قابو میں کرنے پر بحث ہو رہی تھی اس دوران وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں مَیں نے مشورہ دیا تھا کہ جس پولیس اسٹیشن کےاحاطے میں ڈرگس فروخت کی جاتی ہے اس کیلئے اگر وہاں کےسینئر پولیس انسپکٹر کو ذمہ دار قرار دیاجائے تو منشیات کی غیر قانونی فروخت پر قابو پایاجاسکتا ہے۔لیکن ممبرا کے سینئر انسپکٹر نے سمجھا کہ مَیں ان کے خلاف یہ بات کہی اور اسی لئے انہوں نے خفیہ طریقے سے میٹنگ کر کے میرے مخالفین کو اکسایا اور منشیات کے خلاف بہتر کام کرنے پر خود (سینئر انسپکٹر )کا خیر مقدم کیا ۔ اسی دوران میرے حامیوں کو فون کر کے دھمکیاں بھی دینے لگا۔ جتیندر اوہاڑ نےکہا تھا کہ چونکہ افسر خود کو عوامی نمائندے سے بڑا سمجھ رہا ہے ، میرے خلاف پروپگنڈہ کر رہا ہے اس لئے مَیں ان کے خلاف مراعات شکنی کا نوٹس پیش کرتا ہوں۔اسپیکر نے اس نوٹس کو قبول کرتے ہوئے رکن اسمبلی اور محکمہ سے بات چیت کی یقین دہانی کرائی تھی۔