Inquilab Logo

ممبرا : ٹورینٹ پاورکا میٹر تبدیل کرنےکانوٹس،صارفین ناراض

Updated: September 19, 2022, 11:27 AM IST | Agency | Mumbai

انکار کرنے پربجلی منقطع کرنے اور قانونی کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے۔مکینوں میں ٹورینٹ کے ڈیجیٹل میٹرکے تعلق سے عدم اطمینان پایا جارہا ہے

A woman from Mumbra showing a notice of Torrent Power Company. .Picture: Inquilab
ممبرا کی ایک خاتون ٹورینٹ پاور کمپنی کا نوٹس دکھاتے ہوئے۔تصویر: انقلاب

ممبرا، کوسہ اور دیوا میںٹورینٹ پاور کی جانب سے  صارفین کو ستمبر کے بجلی بل‌کے ساتھ میٹر تبدیل‌کرنے کا نوٹس بھی تقسیم کیاگیا ہےجس میں یہ  انتباہ بھی دیا گیاہے جو صارفین میٹر تبدیل نہیں کرنے یں گے، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور ان کی بجلی سپلائی بھی منقطع کردی جائے گی۔ اس نوٹس سے مکینوں میں تشویش پائی جارہی ہے۔ ان کا خیال ہے کہ ٹورینٹ پاور کا جو میٹر لگایا جارہا ہے،وہ کافی تیز ہے  اسی لئےوہ  ٹورینٹ کا میٹر لگوانا نہیں چاہتے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب ایم ایس ای ڈی سی ایلکا ڈیجیٹل میٹر لگا ہے اور اس میں کوئی گڑبڑی نہیں  ہے تو پھر نیا  ڈیجیٹل میٹر کیوں لگایا جا رہا ہے؟ اس سلسلے میں ٹورینٹ کے افسران کا کہنا ہے کہ ان  کامیٹر فاسٹ نہیں بلکہ ’ایکیوریٹ‘ (بالکل درست)ہے اور جدید تکنالوجی سے آراستہ ہے،  ا س کےباوجود اگر صارفین چاہیں تو ایم ایس ای ڈی سی ایل سے منظور شدہ ۷؍ کمپنیوں کے ڈیجیٹل میٹرس میں سے کوئی بھی ایک لگوا سکتے ہیں۔
 اس سلسلے میں ایک صارف نے بتایا کہ ’’میری دکان میں ایک ٹیوب لائٹ ہے اور جب دکان کھلی رہتی ہے اسی وقت اسے جلا تاہوں۔ ٹورینٹ کامیٹر لگانے سے قبل میرا بجلی بل ماہانہ تقریباً ۳۵۰؍ روپے آتا تھا لیکن ٹورینٹ کا میٹر  لگوانے سے اب ۹۵۰؍ روپے تک بل آتا ہے،  حالانکہ بجلی کےپوائنٹ  میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے بلکہ پرانی سادہ ٹیوب لائٹ کونکال کر نئی ایل ای ڈی لائٹ لگایا ہوں، اس کے باوجود بل تقریباً دوگنا آرہا ہے۔‘‘ ایک اور صارف نے بتایا کہ ’’ ٹورینٹ کے آنے سے قبل ہی مہاراشٹر اسٹیٹ الیکٹری سٹی ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹڈ (ایم ایس ای ڈی سی ایل) نے نئے  ڈیجیٹل میٹر لگائے ہیں ۔ ٹورینٹ کو چاہئے کہ پہلے میٹروں کو چیک کرے اور خرابی ہونے پر ہی انہیں تبدیل کرے ۔‘‘حالانکہ ٹورینٹ کمپنی کی جانب سے ملک ٹاور کا ایک ویڈیو شیئر کیا گیا ہے جس میں ایک صارف اس بات کا اعتراف کر رہا ہے کہ ٹورینٹ کا میٹر فاسٹ نہیں ہے۔ انہوں نے ٹورینٹ کے میٹر کو دیگر ڈیجیٹل میٹر کے ساتھ لگایا تو دونوں کی ریڈنگ ایک جیسی رہی۔ انہوںنے مزید بتایاکہ ’’ پہلے میٹر آہستہ چلتے تھے لیکن آج کے ڈیجیٹل میٹر جدید تکنالوجی سے آراستہ ہیں اور ٹورینٹ کا میٹر فاسٹ نہیں ہے۔‘‘
نوٹس میں کیا لکھا ہے ؟
 بجلی بل کے ساتھ پرانے میٹر کو  نئے میٹر سے تبدیل کرنے کا جونوٹس  دیاگیا ہے،اس میں کہا گیا ہے کہ سینٹرل الیکٹری سٹی اتھاریٹی میٹرنگ ریگولیشنز، ترمیم ۲۰۱۹ء اور مہاراشٹر اسٹیٹ الیکٹری سٹی ریگولیٹری کمیشن الیکٹریسٹی سپلائی  رولز۲۰۲۱ء کے مطابق بجلی کمپنی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پرانے میٹر کو   اپ ڈیٹ شدہ نئے ڈیجیٹل میٹر سے تبدیل کرے۔ اس سلسلے میں نورینٹ کی ٹیم موجودہ میٹر کو تبدیل کرنے کیلئے۱۷؍ ستمبر۲۰۲۲ء کو (مختلف نوٹس میں الگ الگ تاریخیں دی گئی ہیں) یا اس کے بعدصارفین کی عمارتوں کا سروے کرے گی۔ اس دوران  پرانے میٹر  تبدیل کرنے کیلئے صارفین سے تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔ میٹر بدلنے کی کارروائی کے دوران بجلی سپلائی عارضی طور پر منقطع کردی جائے گی۔میٹر کی تبدیلی ٹورینٹ پاور اپنے خرچ پر کرے گی۔ کمپنی کی جانب سےمقررکردہ نمائندے یہ کام انجام دیں گے۔نوٹس میں مزید کہا گیا ہےکہ براہ کرم نوٹ کرلیں کہ پاور کمپنی/فرنچائزی کی طرف سے اس کام کی انجام دہی میں کوئی بھی عدم تعاون یا رکاوٹ آپ کو الیکٹریسٹی ایکٹ۲۰۰۳ء کے سیکشن(۳)۱۶۳؍کے مطابق ذمہ دار بنائے گی جس کے نتیجے میں بجلی سپلائی منقطع کی جا سکتی ہے۔ یہ   تب تک منقطع رہے گی جب تک میٹر تبدیل کرنے نہیں دیا جاتا۔ میٹر تبدیلی کی کارروائی کیلئے اسے پیشگی اطلاع سمجھیں۔
ٹورینٹ پاور کی وضاحت
  اس سلسلے میں ٹورینٹ پاورکے  رابطہ عامہ کے افسر چیتن بدھیانی  کے مطابق ’’ممبرا ،کوسہ ، دیوا اور شیل میں تقریباً ۱۵؍ہزار میٹر ایسے پائے گئے ہیں جن  کا استعمال تو ہوا لیکن صفر ریڈنگ آتی ہے ۔ اس کے علاوہ ممبرا میں کئی میٹر فالٹی ، آؤٹ ڈیٹیڈ اور ایسے بھی ہیں جن میں گڑبڑی کی گئی ہے۔ اسی لئے ان میٹروںکو تبدیل کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا  ہے ۔‘‘ میٹر  فاسٹ ہونے کے تعلق سے انہوں نے بتایاکہ ’’ٹورینٹ کا میٹر ایم ایس ای ڈی سی ایل کے رہنما اصول  کے مطابق ہی بنائے گئے ہیں اور مہاوترن سے منظور شدہ ہیں۔ سی اے اے گائیڈ لائن کے حساب سے یہ میٹر لگائے جاتے ہیں اور یہ میٹر فاسٹ نہیں بلکہ جدید تکنالوجی سے آراستہ ہیں۔مثلاً اس میٹر میں یہ معلوم کیا جاسکتا ہےکہ کس وقت زیادہ بجلی استعمال کی گئی ، کس وقت بجلی استعمال نہیں کی گئی اور اگر مکان /دکان کی بجلی بند ہوتی ہے تو میٹر میں خودکار ٹرپر بھی لگا ہواہے تاکہ بجلی سپلائی بند ہو جائے اور بجلی کے آلات محفوظ رہے ، اس کےباوجود اگر کوئی صارف دیگر کمپنی کا میٹر لگانا چاہتا ہے تو وہ ایم ایس ای  ڈی سی ایل سے منظور شدہ ۷؍ میٹروں میں سے کوئی ایک میٹر لگا سکتا ہے۔‘‘ انہوںنے مزید کہا کہ ’’ٹورینٹ پاور اپنی طرف سے مفت میں میٹر  اور میٹر باکس لگا رہی ہے اور میٹر کی محفوظ وائرنگ بھی کرتی ہے ۔‘‘
مقامی رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑکا بیان
 اس ضمن میں جتیندر اوہاڑ سے گفتگو پر انہوںنے بتایا کہ ’’گزشتہ روز ہی مَیں نے ٹورینٹ کے افسران سے بات چیت کی ہے اور انہیں ہدایت دی کہ وہ ٹورینٹ کا میٹر جبراً نہ لگائے ۔اگر صارف حکومت مہاراشٹر سے منظور شدہ   ۷؍ میٹروں میں سے کوئی ایک میٹر لگانا چاہے تو اسے اس کی اجازت دی جائے۔جہاں تک ٹورینٹ کے بقایا بل کی ادائیگی کا تعلق ہے تو اسے ۷؍مہینوں کی قسطوں میں ادا کرنے کی سہولت دی جائے۔  انہوں نےمزید کہا کہ’’۷؍ برس میں میٹر تبدیل کرنے کا اصول ہے اسی لئے افسران کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ جن صارفین نے ڈیجیٹل میٹر لگوایا ہے اور ان میں کوئی گڑ بڑی نہیں کی گئی ہےتو ایسے میٹر  تبدیل نہ کئے جائیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK