Inquilab Logo

ڈیپ کلین ڈرائیو میں نالوں کی بھی صفائی کرنے کی میونسپل کمشنر کی ہدایت

Updated: February 04, 2024, 9:50 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ؕکمشنر ابھیجیت بانگر نے کہا کہ اگر ابھی سے نالوں سے کیچڑ باقاعدہ نکالاجائے تو مانسون سے پہلے زیادہ تر نالوں کی صفائی ہوجائے گی۔

Officials cleaning an area of the police station under the Deep Clean campaign. Photo: INN
تھانے کے ایک علاقے میں ڈیپ کلین مہم کےتحت صفائی کرتے ہوئے اہلکار۔ تصویر : آئی این این

 تھانے میونسپل کمشنر ابھیجیت بانگرنے ہدایت دی ہے کہ ڈیپ کلین ڈرائیو کے دوران سڑکوں کی صاف صفائی کے ساتھ ساتھ نالوں اور نالیوں کی بھی صفائی کی جائے جن کے بھر جا نے سے آلودہ پانی سڑکوں پر بہنے لگتا ہے۔ سنیچر۳؍ فروری کو تھانے میونسپل کارپوریشن کے اتھلسر وارڈ کمیٹی کے علاقے میں ڈیپ کلین مہم کے تحت نالے صاف کئےگئے۔
کمشنر ابھیجیت بانگر نے یقین ظاہر کیا کہ نالوں کی صفائی صرف مانسون سے پہلے ہی نہیں کی جانی چاہئے بلکہ اگر اب سے نالوں سے کیچڑ کو باقاعدگی سے نکالا جائے تو مانسون سے پہلے زیادہ تر نالوں کی صفائی ہوجائے گی۔
صفائی مہم کا آغاز تھانے میونسپل کارپوریشن صدر دفتر (پانچ پکھاڑی )سے کیا گیا جو اتھلسر وارڈ کمیٹی کے تحت آتا ہے۔ان علاقوں میں پہلے جھاڑو لگا کر سڑکوں کو صاف کیا گیا، پھر ڈیوائیڈرز، فٹ پاتھوں کو اسکربر کی مدد سے صاف کیا گیا اور پھر پانی سے سڑکوں کو دھویا گیا۔ اس مہم میں اگرچہ شہر کی گلیوں کی صفائی کی جارہی ہے لیکن علاقے میں نالوں میں پھنسے  ہوئے کچرے اور جمع ہوئے کیچڑ کو نکالنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ اس کے علاوہ چیمبرز کے ڈھکن کھول کر چیمبر میں پھنسے پلاسٹک اور اسی طرح کے کچرے کو ہٹایا گیا۔
 اس صفائی مہم میں، چنتامنی چوک، گنیش ٹاکیز، امبیڈکر روڈ، وکاس پام، لاری اسٹینڈ، سول اسپتال سرکل، کھوپٹ سگنل، مخملی تالا ب کا علاقہ، نوری بابا درگاہ روڈ، اتھلسرناکہ، سینٹرل میدان، گورنمنٹ ریسٹ ہاؤس سے کلوا سرکل تک صفائی کی گئی جبکہ ٹیمبھی ناکہ علاقے میں جیل جھیل سے این کے ٹی ناکہ، کورٹ ناکہ علاقہ، پولیس کمشنر آفس سے کلوا کھاڑی، پولیس لائن، کڈوا گلی، فلاور ویلی ایریا میں کیڈبری سگنل تا داتا مندر، ہری داس نگر علاقہ، پرتاپ ٹاکیز، کولباڈ جگماتا مندر، ساورکر میدان، میناتائی ٹھاکرے چوک ایریا گوکل نگر، ماجھیواڑا پل کے نیچے کے علاقے، ورنداون بس اسٹینڈ اور ورنداون ایریا، گولڈن ڈائس ناکہ، کے ویلا ناکہ رابوڈی پر طبیلہ روڈ، سلائٹر ہاؤس، آکاش گنگا روڈ نزد ٹریفک پولیس چوکی رابوڑی، سنتوشی ماتا کا علاقہ ، مہا لکشمی روڈ، مہا گنگا روڈ کلوا سرکل پل سے کھاڑی بریج، ساکیت روڈ پمپ ہاؤس، نتن کمپنی احاطے، وندنا بس اسٹیشن کا احاطہ اور شاہد پارک وغیرہ علاقے کی تمام سڑکوں کو پانی سے صاف کیا گیا۔
کمشنر نے نالے کا معائنہ کیا
کمشنر نے سنیچر کو وندنا ایس ٹی اسٹینڈ کا معائنہ کیا۔ مانسون کے دوران اس علاقے میں پانی جمع ہو جاتا ہے، اس پس منظر میں انہوں نے متعلقہ افسران کو اس طرح منصوبہ بندی کرنے کی ہدایات بھی دیں کہ اس جگہ کے نالے میں موجود کیچڑ کو اچھی طرح سے ہٹایا جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK