۱۰؍وارڈوں میں یہ امیدوار مختلف پارٹیوں اور آزاد کے طور پر انتخابی دنگل میں قسمت آزمائی کررہے ہیں، بی جے پی نے۲؍ مسلم امیدوار اتارے ہیں۔
جلگائوں میونسپل کارپوریشن کی عمارت اورپس منظر میں شہر کا ایک بڑا علاقہ دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این
میونسپل کارپوریشن الیکشن کی تشہیری مہم کا اتوار سے با ضابطہ آغاز ہو چکا ہے۔امیدوار عریضہ فارم واپس لینے کے بعد انتخابی میدان کا منظر صاف ہو چکا ہے کہ کس وارڈ میں کتنے امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے ۔انتخابی میدان میں جہاں برادران وطن کے امیدواروں کی ایک بڑی تعداد ہے وہی اقلیتی طبقے ،بالخصوص مسلم امیدوار بھی الگ الگ پارٹیوں اور آزاد نشان پر انتخابی دنگل میں اتررہے ہیں۔
اس تناظر میںجائزہ لینے پر معلوم ہوتا ہے کہ بی جے پی ،دونوں شیوسینا، دونوں راشٹر وادی کانگریس پارٹی ،سماج وادی پارٹی ،ایم آئی ایم اور سوراج شکتی سینا کے کم و بیش۴۰؍ امیدوار بھی الگ الگ وارڈوں سے انتخابی میدان میں ہیں۔ اس میں آزاد امیدوار شامل نہیں ہیں ۔خیال رہے کہ جلگائوں کارپوریشن کی کل۷۵؍ نشستوں میں۱۲؍ سیٹوں پر بی جے پی اور شیوسینا شندے گروپ نے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا راستہ ہموار کرلیا ہے ۔اب۶۳؍ نشستوں کیلئے مقابلہ ہونا ہے۔ اس کیلئے کل کم و بیش ۳۲۰ ؍سے زائد امیدوار انتخابی میں ہیں۔
مسلم امیدواروں کے متعلق اگر مجموعی طور پر دیکھا جائے تو قومی اور ریاستی سطح کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ آزاد امیدوار مل کر مجموعی طور پر کم و بیش۶۳؍ مسلم امیدوار قسمت آزمائی کرنے جارہے ہیں جو دس پربھاگ سے امیدواری کررہے ہیں۔سیاسی پارٹیوں کے امیدواروں اور آزاد امیدوار کا علاحدہ علاحدہ حساب کیا جائے تو آزاد امیدوار کم و بیش۳۲؍ ہیں ۔وہیں جن وارڈوں سے مسلم امیدوار میدان میں ان کا جائزہ لیں تو معلوم ہوگا کہ وارڈ نمبرایک، ۲،۵،۱۰،۱۱،۱۴،۱۷؍اور ۱۸؍ اس طرح کل دس وارڈوں میں مسلم امیدوار ہیں۔
پورے شہر کے میونسپل انتخابی حلقوں میں سب سے زیادہ کس وارڈ میں امیدوار ہیں تو وہ وارڈ۱۷؍ ہیں جہاں سب سے زیادہ یعنی۲۹؍ امیدوار میدان میں ہیں۔اس کے بعد وارڈ نمبر ایک ہے جہاں۲۷؍امیدوار قسمت آزمائی کررہے ہیں۔ پرچہ نامزدگی واپس لینے کی آخری مدت تک کل۲۶۹؍عریضہ گزاروں نے اپنا پرچہ نامزدگی واپس لیا تھا ۔جس کے بعد اب ہر وارڈ میں ہونے والے مقابلے کا رخ بدل گیا۔ جن وارڈوں میں امیدواروں کی تعداد زیادہ وہ مقابلہ۔ دلچسپ اور توجہ طلب ہے۔
بی جے پی نے اس مرتبہ ۲؍ امیدوار دیے ہیں جن میں ایک وارڈ نمبر ۱۰؍ کے ڈی زون سے اور دوسرا امیدوار وارڈ نمبر۱۴؍ کے سی زون سے امیدواری کررہے ہیں ۔شندے سینا نے ایک اور ادھو سینا نے ۵ ،این سی پی شرد پوار ،سماج وادی پارٹی نے۱۰، ایم آئی ایم نے ۸؍ اور سوراج شکتی سینا نے ایک، بقیہ ۳۶؍ میں سے این سی پی اجیت پواراور کانگریس کے امیدوار ہیں۔