Inquilab Logo Happiest Places to Work

مسک کے نئی سیاسی پارٹی شروع کرنے پر ٹرمپ برہم، مسک نے جوابی حملہ کیا

Updated: July 07, 2025, 6:05 PM IST | Washington

مسک نے سنیچر کو باضابطہ طور پر اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے ذریعے ’’امریکہ پارٹی‘‘ لانچ کی۔ اس کا مقصد اس نظام کو چیلنج کرنا ہے جسے وہ ’’ایک پارٹی‘‘ سسٹم قرار دیتے ہیں۔

Donald Trump and Elon Musk. Photo: INN
ڈونالڈ ٹرمپ اور ایلون مسک۔ تصویر: آئی این این

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک کی نئی اعلان کردہ سیاسی پارٹی، دی امریکہ پارٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے اس خیال کو ’’مضحکہ خیز‘‘ قرار دیا اور خبردار کیا کہ ملک میں تیسری پارٹی کی سیاست صرف ’’الجھن اور افراتفری‘‘ لائے گی۔ اتوار کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ہمیں ریپبلکن پارٹی کے ساتھ زبردست کامیابی ملی ہے۔ ڈیموکریٹس شاید اپنا راستہ کھو چکے ہوں لیکن امریکہ ہمیشہ سے دو پارٹی نظام رہا ہے۔ تیسری پارٹیاں کبھی کامیاب نہیں ہوئیں۔

ٹرمپ کے عوامی تبصرے کے فوراً بعد ان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم، ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں انہوں نے مسک پر ’’پٹری سے اتر جانے‘‘ کا الزام لگایا۔ صدر نے لکھا کہ ایلون مسک گزشتہ پانچ ہفتوں میں ایک ٹرین ریک بن گئے ہیں۔ امریکہ میں تیسری سیاسی پارٹی ناکام ہی ہوگی۔ تیسری سیاسی پارٹی شروع کرنا امریکہ میں ناکامی کا شکار ہے۔ اس سے ملک میں صرف مزید الجھن اور افراتفری پیدا ہوگی جو ہمارے پاس پہلے ہی انتہا پسند بائی بازو کے ڈیموکریٹس کی وجہ سے موجود ہے۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ ریپبلکن پارٹی ’’ایک ہموار چلنے والی مشین‘‘ بنی ہوئی ہے جس نے ابھی حال ہی میں تاریخی ’’بگ، بیوٹی فل بل‘‘ پاس کیا ہے۔ اس قانون سازی کی ایک اہم خصوصیت وفاقی الیکٹرک وہیکل (ای وی) سبسڈی کا خاتمہ ہے جس کی ٹرمپ طویل عرصے سے مخالفت کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ اوریاہو کا وہائٹ ہاؤس میں اہم اجلاس ،غزہ جنگ بندی پر تبادلہ خیال متوقع

واضح رہے کہ مسک نے سنیچر کو باضابطہ طور پر اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے ذریعے ’’امریکہ پارٹی‘‘ لانچ کی۔ اس کا مقصد اس نظام کو چیلنج کرنا ہے جسے وہ ’’ایک پارٹی‘‘ سسٹم قرار دیتے ہیں۔ تقریباً ساڑھے بارہ لاکھ صارفین کے ایک سروے کا حوالہ دیتے ہوئے، جس میں ۶۵؍ فیصد نے ایک نئی سیاسی پارٹی کی تشکیل کی حمایت کی۔ مسک نے ریپبلکنز اور ڈیموکریٹس دونوں پر مشترکہ طور پر قومی قرض کو بڑھانے پر تنقید کی اور ۲۰۲۶ء کے وسط مدتی انتخابات کیلئے ایک ایسے نقطہ نظر کی تجویز پیش کی جس میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے کیلئے سینیٹ اور ہاؤس کی صرف چند نشستوں کو ہدف بنایا گیا۔

ایلون مسک کا ٹرمپ پر طنز: ’’ٹروتھ سوشل کیا ہے؟‘‘

ٹرمپ کا بیان سامنے آنے کے بعد ایلون مسک نے امریکی صدر کا مذاق اڑایا ہے۔ مسک کا یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا جب ایک ایکس صارف نے ٹرمپ کی ٹرتھ سوشل پوسٹ کا ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا جس کے کیپشن میں لکھا تھا، ’’ٹرمپ نے ابھی ابھی ایلون مسک کے بارے میں ٹرتھ سوشل پر پوسٹ کیا ہے۔‘‘ ٹیسلا کے سی ای او کا اس پر تین الفاظ کا جواب اب ایکس پر وائرل ہو گیا ہے۔ انہوں نے صرف پوچھا، ’’ٹروتھ سوشل کیا ہے؟‘‘ پھر انہوں نے اپنے ہی سوال کا جواب دیا اور مزید کہا کہ انہوں نے اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے بارے میں کبھی نہیں سنا۔

مسک کا یہ تبصرہ ان کے سابقہ بیان سے متصادم ہے جہاں انہوں نے کہا تھا کہ اس سال اپریل کے آخر تک ٹرتھ سوشل کے آئی او ایس ایپ ڈاؤن لوڈز ایکس اور ٹک ٹاک سے تجاوز کر گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK