Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ جوابی حملوں پر حیران، جھلاہٹ کا شکار

Updated: March 03, 2026, 11:14 PM IST | Washington

ایران کی میزائلوں سے تل ابیب ،یروشلم اور دیگر شہروں میں ہاہاکار، متعدد عمارتیں تباہ، امریکہ بھی بچانے میں ناکام،تہران پر حملے تیز کردیئے

Such scenes were seen in Israel after the Iranian attack on Tuesday. This picture is from the city of Ramat Gan.
منگل کو ایرانی حملے کے بعد اسرائیل میں ایسے مناظر دیکھے گئے ۔ یہ تصویرشہر رمات گان کی ہے

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ جنہیں امید تھی کہ ایران کی قیادت کو ختم کرکے وہ تہران کی کمر توڑ دیں گے اور وہ  گھٹنے ٹیکنے پر  مجبور  ہوجائےگا۔ مگر ایسانہیں ہوا۔ایران شدید جوابی حملے کررہاہے جن سے ٹرمپ  نہ صرف حیران ہیں بلکہ جھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں۔ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد زخم خوردہ ایران  کے حملے شدید ہوگئے ہیں اور وہ  خطہ میں امریکی مفادات اور اسرائیلی شہروں   کو نشانہ بنارہاہے۔اس کو دیکھتے ہوئے امریکی صدر نے   اسلامی جمہوریہ میں اقتدار کی تبدیلی کا اپنا ہدف حاصل کرنے کیلئے زمینی فوج بھیجنے کا ارادہ ترک کردیاہے۔  انہوں نے مشرق وسطیٰ کے ۱۴؍ ملکوں  سے اپنے شہریوں کو نکل جانے کی ہدایت دی ہے اور کئی ملکوں  میں  اپنے سفارتخانے بھی بند کردیئے ہیں۔ 
اسرائیلی شہروں میں ہاہاکار
  امریکہ جس پر الزام ہے کہ اسرائیل کو  ایران   کے  شدید حملوں  سے بچانے کیلئے اس نے اپنے عرب اتحادیوں  کو  اکیلا چھوڑ دیا ہے،اسرائیلی شہروں کو بھی تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہے۔ایران کی جانب سے اسرائیل کے مختلف علاقوں پر بھی حملے جاری ہیں۔  منگل کو پھر ایران نے کامیابی کے ساتھ تل ابیب، یروشلم ، ایلات اور کئی دیگر اسرائیلی شہروں کو نشانہ بنایا اور متعدد عمارتوں کو تباہ کردیا۔  دوپہر ڈیڑھ بجے  اسرائیلی فوج نے وسطی اسرائیل پر ایرانی میزائل گرنے کی تصدیق کی اوربتایا کہ ’’متاثرہ علاقے میں  سرچ  اور بچاؤ ٹیمیں سرگرم ہیں۔ ‘‘ منگل کو  صبح سے ہی یروشلم اور تل ابیب میں فضائی حملے کے سائرن بجتے رہے اور شہری پناہ کی تلاش میں یہاں وہاں  بھاگتے رہے۔  اسرائیلی فوج نے مزید۱۲؍ افراد  کے  زخمی ہونے کی تصدیق  کی ہے جبکہ ۱۰؍ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔اسرائیل اپنے نقصان کو ہمیشہ کم کرکے بتاتا ہے۔  
ٹرمپ کی ۴؍ ہفتے حملے جاری رکھنے کی دھمکی
 امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ  جو پورے مشرق وسطیٰ  میں  امریکی مفادات پر ایران کے جوابی حملوں اور ۶؍ امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد جوابدہی کے اندیشوں  کی وجہ سے جھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں، نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی مہم ۴؍ ہفتے جاری رہ سکتی ہے۔ ’نیوزنیشن‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے اعتراف کیا  ہے کہ۶؍ امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، حملے اور امریکی اہلکاروں کی ہلاکت کا جواب جلد دیا جائے گا۔ 
 امریکی  شہریوں کو نکل جانے کی صلاح
 اسرائیل اور خلیجی ممالک میں امریکی مفادات پر ایرانی حملوں کو روکنے میں ناکامی کے بعد  امریکی محکمہ خارجہ نے   بحرین، مصر، ایران، عراق، اسرائیل، مغربی کنارے اور غزہ، اردن، کویت، لبنان، عمان، قطر، سعودی عرب، شام، متحدہ عرب امارات اور یمن(کل ۱۴؍ ممالک) سے امریکی شہریوں کو فوراًنکل جانے کی ہدایت دی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ اسرائیل میں امریکی سفارتخانہ نے اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صہیونی ریاست سے نکلنے کی کوشش کرنے والے اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی نہیں کرواسکتا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK