• Sat, 17 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مدنپورہ، ناگپاڑہ، آگری پاڑہ اور ڈونگری میں مسلم امید واروں کی فتح

Updated: January 17, 2026, 11:57 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

کانگریس کی خاتون امیدواربھی فتح سے ہمکنار ہوئیں۔ علاقے میں ڈھول تاشے اور آتش بازی کے ساتھ زبردست جشن منایا گیا۔

Congress candidate Waqar Khan`s supporters celebrate his victory. Picture: Inquilab
کانگریس کے امیدوار وقار خان کی جیت پر ان کے حامی جشن مناتے ہوئے۔ تصویر: انقلاب
بی ایم سی کے  ۲۲۷؍ وارڈوں میں ہونے والے انتخابات میں جہاں مسلم امیدواروں نے فتح کے فیصد میں اضافہ کرکے تمام اگزٹ پول کی قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا ہے  وہیں جو نتائج سامنے آئے ہیں اس میں مختلف سیاسی پارٹیوں سے کھڑی ہونے والی امیدواروں نے جیت حاصل کرکے تاریخ رقم کردی ہے۔  جنوبی ممبئی کے اکثریتی علاقے مدنپورہ ، ناگپاڑہ ،مستان تالاب، آگری پاڑہ ، بھنڈی بازار ، محمد علی روڈ اور کرافورڈ مارکیٹ کےرائے دہندگان نے بی جے پی ، شندے سینا کے سینئر امیدواروں کی موجودگی کے باوجود مسلم امیدواروں کو بڑے پیمانے پر فتح دلائی۔ 
جنوبی ممبئی کے مسلم  آبادی والے علاقے مدنپورہ ، آگری پاڑہ ، مورلینڈ روڈ ، کالا پانی ،ناگپاڑہ ، مستان تالاب ، بھنڈی بازار اور محمد علی روڈ کے علاقوں میں کانگریس اور سماج وادی پارٹی کی مسلم امیدواروں کے مقابلہ شندے سینا اور ادھو سینا کے علاوہ گینگسٹر  اور سیاستداں ارون گاؤلی کی بیٹیاں  میدان میں اتری تھیں ۔سب سے سخت مقابلہ اور تناؤ وارڈ نمبر ۲۱۱؍ میں اعجاز خان اور وقار خان کے درمیان رہا ۔ اس مقابلہ میں سماج وادی پارٹی کے ایم ایل اے رئیس شیخ کے پی اے وقار خان نے ۱۳؍ ہزار ۵۰۵؍ ووٹ حاصل کرکے جیت درج کی۔ انہوںنے سماج وادی پارٹی کے امیدوار اعجاز احمد عرف اجو کو ۴؍ ہزار ۹۰۱ ؍ ووٹوں سے شکست دی۔
اسی طرح وارڈ نمبر۲۱۲؍ میں سماج وادی پارٹی کی امید واراور سینئر لیڈر یوسف ابراہانی کی بہو امرین شہزاد ابراہانی کے درمیان مقابلہ  رہا ۔ امرین شہزاد ابراہانی نے ۸؍ ہزار ۸۴۵؍ ووٹ حاصل کرکے فتح حاصل کی  ۔ انہوں نے  ارون گاؤلی کی بیٹی گیتا گاؤلی کو ۲۰۵۴؍ ووٹوں سے شکست دی۔ اسی طرح واڈر نمبر۲۱۳؍ میں کانگریس کی نسیمہ جاوید جونیجا نے ۱۲؍ ہزار ۱۶۲؍ ووٹ حاصل کرکے شندے سینا کی آشا پرمیش ماڑی کو ۴؍ ہزار ۲۵؍ ووٹوں سے شکست دی  ۔ دوسری جانب وارڈ نمبر۲۲۴ ؍ میں بھی کانگریس کی ہی خاتون امیدوارپاریکھ رخسانہ نور الآمین نے شندے سینا کی امیدواروں کو شکست دے کر سیٹ اپنے نام کر لی ہے ۔وارڈ نمبر۲۲۴؍ جو شالیمار ہوٹل سے شروع ہوکر محمد علی روڈ سے ہوتے ہوئے کرافورڈ مارکیٹ کے پیٹرول پمپ پر ختم ہوتا ہے، سے رخسانہ نے کل ۸؍ ہزار ایک ۵؍ووٹ حاصل کرکے شندے سینا کی  امیدوار روشی آشیش واڈکر کو تقریباً ساڑھے تین ہزار ووٹوں سے شکست دی ہے۔
جنوبی ممبئی میں ہونے والے انتخابات کی قابل ذکر بات یہ بھی رہی کہ دو الگ الگ وارڈوں سے گینگسٹر  ارون گاؤلی کی دونوں بیٹیوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔وارڈ نمبر ۲۰۷؍سے بی جے پی کی  لوکھنڈے روہیداس مدھوکر نے ۸؍ ہزار ۲۶؍ ووٹ حاصل کرکے اپنی ۲؍ حریفوں ارون گاؤلی کی بیٹی یوگیتا ارون گاؤلی اور شیلکا دیپالی ہریانہ کو تقریباً ڈیڑھ ہزار ووٹ سے شکست دی ہے۔ وہیں جنوبی ممبئی کے وارڈ نمبر ۲۲۳؍ سے کانگریس کے ایک اور امیدوار گیان راج یشونت نکم نے ۸؍ ہزار ۵۰۸؍ ووٹ حاصل کرکےجیت حاصل کی ۔ انہوں نے شندے سینا کی پریا روپیش پاٹل کو شکست دی ۔مذکورہ بالا علاقوں میں جیت کے بعد ڈھول ، تاشے ، گاجے ، باجے اور آتش بازی کے ساتھ جشن منایا گیا اور کانگریس اور سماج وادی زندہ آباد کے نعرے لگائے گئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK