Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’مسلم ڈلیوری بوائے کو مت بھیجنا‘‘ پر مسلم ڈلیوری بوائے کی دانشمندی ، گاہک شرمندہ ہوگیا

Updated: July 06, 2026, 11:54 PM IST | Mumbai

فتاب خان ’’سویگی‘‘ کیلئے کام کرتے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے اپنے اسمارٹ فون پر گاہک کے آرڈر کے ساتھ یہ لکھا ہوا دیکھا: ’’مسلم ڈلیوری بوائے مت بھیجنا۔‘‘

Aftab Khan
آفتاب خان

آفتاب خان ’’سویگی‘‘ کیلئے کام کرتے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے اپنے اسمارٹ فون پر گاہک کے آرڈر کے ساتھ یہ لکھا ہوا دیکھا: ’’مسلم ڈلیوری بوائے مت بھیجنا۔‘‘ آفتاب کیلئے یہ درخواست قطعی غیر متوقع تھی۔ وہ چاہتے تو آرڈر کینسل کردیتے یا اپنے لوکل واٹس ایپ گروپ میں کسی دیگر ساتھی کے حوالے کر دیتے تاکہ اُن کی جگہ پر وہ دوسرا ساتھی ڈلیوری کردیتا مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا۔
 ٹیلی گراف انڈیا میں دیبائن دتہ کی خبر کے مطابق یہ واقعہ جے پور کا ہے۔ اس مسیج کی بابت آفتاب کا کہنا تھا کہ ’’بحیثیت انسان مجھے بُرا لگا مگر مَیں نے سوچا کیوں نہ اس گاہک سے ملوں اور اس  کا نقطۂ نظر جاننے کی کوشش کروں؟‘‘ 
 ایک ہاتھ میں مطلوبہ غذائی پیکٹ لے کر آفتاب گاہک کی عمارت کے تیسرے منزلے پر پہنچے۔ اُس وقت اُن میں خوف تھا، بے چینی تھی کہ پتہ نہیں گاہک کا ردعمل کیا ہو۔ مگر، جیسے ہی  انہوں نے دروازہ کھٹکھٹایا گاہک نے مسکراتے ہوئے دروازہ کھولا۔ سب کچھ نارمل دیکھ کر آفتاب نے گاہک سے اُس ایک سطر کے بارے میں پوچھا جو تعصب سے بھری ہوئی تھی۔ بقول آفتاب: ’’تب گاہک کچھ سوچ میں پڑ گیا، پھر ایسا لگا جیسے پچھتاوا ہو۔‘‘ اس سے قبل کہ آفتاب مزید کچھ پوچھتے گاہک نے وضاحت کی کہ وہ ایک پُرانا مسیج تھا جو الگ موڈ میں لکھا اور بھیجا گیا تھا۔ اب وہ اسے ڈلیٹ کرنا چاہتا تھا مگر اُسے علم نہیں تھا کہ کیسے ڈلیٹ کیا جائے۔ آفتاب نے نہ تو بحث کی نہ ہی کوئی لیکچر دیا  بس گاہک کے ہاتھ سے موبائل لیا اور ایپ میں جاکر اُس سطر کو حذف کردیا۔ 
 اس کے بعد گاہک نے اُس سے ہاتھ ملایا اور پانی کا گلاس پیش کیا۔ آفتاب صرف اتنا کہہ پائے‘ ’’غلطی کسی سے بھی ہوسکتی ہے۔‘‘ بقول آفتاب ’’اُس نے مجھ سے معافی مانگی جس سے مجھے بڑی راحت ملی۔ ہمارا مقصد ملک میں بھائی چارگی اور محبت پھیلانا ہے۔‘‘مالی مشکلات سے دوچارگھرانے میں پرورش پانے والے خان کے والد سبزیاں فروخت کرتے ہیں۔ معاشی حالات کے باعث خان کو اپنی تعلیم ادھوری چھوڑنی پڑی۔   

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK