Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’بنگال میں بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کیلئے مسلم ووٹوں کو منتشر کیا جا رہا ہے‘‘

Updated: April 04, 2026, 9:34 AM IST | Kolkata

ممتا بنرجی کا انتباہ،اویسی اور ہمایوں کبیر جو نشانہ بنایا، آگاہ کیا کہ زعفرانی پارٹی برسراقتدار آئی تو ’ڈٹینشن سینٹر‘ قائم ہوںگے، مالدہ کے تشدد کو منصوبہ بند قرار دیا

Mamata Banerjee at an election rally
ممتا بنرجی انتخابی ریلی میں 

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے   مالدہ  میں انتخابی ڈیوٹی پر تعینات ایک عدالتی افسر کے گھیراؤ کے بعد کشیدگی  کے واقعہ کو منصوبہ بند سازش کا حصہ قرار دیتے ہوئے  ریاست کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ متحد ہوکر ٹی ایم سی کے ساتھ رہیں۔  انہوں  نے کہا کہ مالدہ کا حالیہ واقعہ سوچی سمجھی سازش تھی جس کا مقصد ریاست میں بدامنی پھیلانا تھا۔
  ممتا بنرجی نے ہزاری پاڑہ گراؤنڈ میں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کے لئے لوگوں کو ممبئی سے لایا گیا تھا اوراس کا منصوبہ پہلے سے تیار کیا گیا تھا۔  یاد رہے کہ  مالدہ بلاک کے کالیاچک میں ایس آئی آر سے نام حذف ہونے  پر   برہم مظاہرین نے بدھ کی رات  ایس آئی آر کی ڈیوٹی پر مامور عدالتی افسران پردھاوا بول دیا اور عدالتی افسروں کو یرغمال بنالیا۔ مظاہرین کا کہنا تھاکہ سبھی دستاویز ہونے کے باوجود ان کے نام  کاٹ دئیے گئے۔ اس کے بعد جمعرات کی دوپہر سینئر ضلع پولیس افسران کی قیادت میں پولیس کے ایک بڑا دستہ نے جائے وقوع پر پہنچ کرمظاہرین کو منتشر کیا اور عدالتی افسران کو محفوظ مقام پر پہنچایا۔ اس درمیان افسران تقریباً ۹؍گھنٹے تک یرغمال رہے۔  
  یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ اس واقعہ کا بی جےپی  کے ساتھ ہی کانگریس اور دیگر پارٹیاں بھی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہیں، ممتا بنرجی نے مسلم ووٹروں سے متحد رہنے کی اپیل کی۔انہوں اے آئی ایم آئی ایم کا نام لئے بغیر ’’حیدرآباد کی پارٹی‘‘پر الزام لگایا کہ وہ بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کیلئے اقلیتی ووٹ تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ’’ووٹ کاٹنے کا کھیل چل رہا ہے۔ ایک ’بھائی‘ حیدرآباد سے آ رہا ہے، اس کے ساتھ ایک ’غدار بھائی‘(ہمایوں کبیر) بھی ہے۔ اگر آپ ڈٹینشن کیمپوں میں نہیں جانا چاہتے تو ہمارے ساتھ رہیں۔ میرا دل کہتا ہے کہ بی جے پی جلد ہی اقتدار سے باہر ہو جائے گی، لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم بنگال میں انتخابات جیتیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK