گنپتی کے پنڈال سے پرساد کھالینے پر کھمبے سے باندھ کر پیٹا گیا، متاثرہ خاندان سے جمعیۃ کے و فد کی ملاقات۔
EPAPER
Updated: September 30, 2023, 12:10 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi
گنپتی کے پنڈال سے پرساد کھالینے پر کھمبے سے باندھ کر پیٹا گیا، متاثرہ خاندان سے جمعیۃ کے و فد کی ملاقات۔
راجدھانی دہلی کے سندرنگری تھانے حلقہ کے تحت آنے والے سندر نگری علاقہ میں گنپتی کے پنڈال سے مبینہ طور پر پرساد اٹھا کر کھالینے کی پاداش میں ایک مسلم نوجوان کو کھمبے سے باندھ کر اس وقت تک پیٹا گیا جب تک کہ اس نے دم نہیں توڑ دیا۔
واقعہ کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمین کوگرفتار کرلیا گیا ہے۔ واقعہ منگل کی صبح چار پانچ بجے کے درمیان کا بتایا جا رہا ہے ۔مقتول اسرار، سندر نگری علاقہ کی جھگیوں میں رہتا تھا اور رات کو کوڑا چننے کا کام کرتا تھا۔ کچھ رپورٹوں کے مطابق وہ ذہنی طور پر معذور تھا۔ منگل کی رات تقریباً چار بجے وہ جی ۴ ؍بلاک میں کوڑا چن رہا تھا۔ وہاں گنیش کی مورتی رکھی تھی جس کے پاس پھل رکھے تھے ، اس نے وہاں سے پھل اٹھا لئے ۔ اس پروہاں موجود نوجوانوں نے اس کو پکڑ لیا اور چور ی کا الزام لگاکر بجلی کے کھمبے سے باندھ کر بے رحمی سے پیٹا۔ شام تک وہ نوجوان وہیں پڑا رہا۔ شام کو اسرار کے والد عبد الواجد کو اطلاع ملی ۔ انہوں نے مو جاکر دیکھا تو بیٹا شدید زخمی حالت میں کراہ رہا تھا۔ اسے جی ٹی بی اسپتال لے جایا گیا جہاں اس نے دم توڑ دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد جمعیۃ علمائے ہند، دہلی اکائی کے صدر مولانا عابد قاسمی نے سندر نگری پہنچ کر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی۔