• Thu, 02 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’بریلی میں مسلمانوں کو اجتماعی سزا دی جا رہی ہے‘‘

Updated: October 01, 2025, 10:59 PM IST | Bareilly

اعلیٰ حضرت خاندان کا مشترکہ بیان جاری ،کہا:اگر پولیس کی دہشت اور بلڈوزر کارروائی نہیں رکی تو ٹھوس فیصلہ کیا جائے گا

Maulana Tauseef Raza and Maulana Manan Raza addressing the media. (PTI)
مولانا توصیف رضا اور مولانا منان رضا میڈیا سے مخاطب۔ ( پی ٹی آئی)

مولانا توقیر رضا خاں کی  اپیل پر شہر میں جمع ہونے والی بھیڑم اور اس کے بعد ہونے والے ہنگامے کے بعد منگل کی رات اعلیٰ حضرت خاندان کی طرف سے ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا۔ اس میں کہا گیا کہ بریلی کے مسلمانوں کو مسلمان ہونے کی وجہ سے اجتماعی سزا دی جارہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس ’رسی کو سانپ‘ بنا رہی ہے۔ انہوں نے طمنچہ، پیٹرول بم اور تیزاب کی بوتلوں سے حملوں کے الزامات کو بھی غلط قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی دہشت گردی اور بلڈوزر کارروائی نہ روکی گئی تو جلد کوئی ٹھوس فیصلہ کیا جائےگا۔درگاہ کے سربراہ حضرت سبحانی میاں کی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس میں توصیف میاں نے اہل خانہ کا ایک بیان پڑھ کر سنایاجس میں کہا گیا کہ بریلی کے مسلمانوں کو مسلمان ہونے کی وجہ سے اجتماعی سزا دی جا رہی ہے۔ بیان میں اندرا مارکیٹ کے قریب وائرل ہونے والے ایک ویڈیو کا بھی حوالہ دیتے ہوئےکہا کہ کچھ لوگوں کو مسلمانوں پر پتھراؤ کرتے دیکھا گیا ہے۔ اس لئے مسلمانوں اور پولیس پر پتھراؤ ایک سازش کا حصہ تھا۔ تاہم پولیس جان بوجھ کر اس ویڈیو سے آنکھیں چرا رہی ہے۔ بریلی میں بے گناہ مسلمانوں کو مسلسل گرفتار کیا جا رہا ہے۔ ان کی تھانوں میں میڈیا کے سامنے پریڈ کرائی جا رہی ہے، جہاں وہ ٹھیک سے چل نہیں پا رہے ہیں۔ انہیں کھانا اور پانی بھی نہیں دیا جا رہا ہے۔بلڈوزر   کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر میں بےگناہ مسلمانوں کے گھروں پر بلڈوزر کھڑے کر دیئے گئے ہیں اور غیر قانونی مسماری کی جا رہی ہے۔ مزید برآں چھاپوں کے دوران مسلم خواتین اور لڑکیوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، اور یہاں تک کہ بچوں کو بھی مارا پیٹا جارہا ہے۔مساجد پر چھاپوں کے دوران امام اور مؤذن کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ اس دھمکی آمیز اقدام کی وجہ سے کئی مساجد میں نماز پڑھنے سے روکا جا رہا ہے جوکہ کسی کے مذہب پر عمل کرنے کے آئینی حق کی صریح خلاف ورزی ہے۔پولیس نماز کے وقت اور طریقہ پر بھی اعتراض کر رہی ہے۔ پولیس کےمظالم نے نہ صرف بریلی میں خوف کا ماحول پیدا کر دیا ہے بلکہ ملک اور دنیا بھر کے لاکھوں سنی مسلمانوں میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔
 خاندانِ اعلیٰ حضرت کے ممبران کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بے گناہ مسلمانوں کی گرفتاری، پولیس کے من مانی اور چھاپوں کو فی الفور بند کیا جائے۔ بے گناہ مسلمانوں پر درج مقدمات فوری طور پر واپس لےکر انہیں رہا کیا جائے۔ بلڈوزر آپریشن کو بھی فوری بند کیا جائے اور دہشت کی فضا کو ختم کیا جائے۔ اگر یہ مطالبات فوری طور پر نہ مانے گئے تو جلد کوئی ٹھوس فیصلہ کیا جائےگا۔
  بیان جاری کرنے والوں میں درگاہ کے سربراہ حضرت سبحانی میاں، قاضی الہند مفتی حضرت عسجد میاں، حضرت منان میاں، حضرت انجم میاں، حضرت سراج میاں، حضرت عدنان میاں، حضرت عبداللہ میاں اور حضرت حنان رضا خان شامل ہیں۔
سیاسی لیڈروں کو بریلی جانے سے روکا گیا
  اسی دوران حالات کا جائزہ لینے کے لئے مختلف سیاسی لیڈر بریلی جانا چاہتے ہیں لیکن انہیں جانے سے روکا جا رہا ہے۔  بدھ کو سہارنپور سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود، امروہہ کے سابق ایم پی کنور دانش علی اور سماجوادی پارٹی کے ایم ایل سی شاہنواز خان کو ان کے گھروں میں نظر بند کر دیا گیا۔ جیسے ہی امروہہ انتظامیہ کو خبر ملی کہ کنور دانش علی بریلی جانے کا ارادہ رکھتے ہیں،کئی تھانوں کی پولیس، مجسٹریٹ اور تحصیلدار پہنچ گئے اور انہیں گھر میں نظر بند کردیا گیا۔ کانگریس لیڈر نے نمائندۂ انقلاب سے گفتگو میں کہا کہ وہ اس وقت بھی گھر میں نظر بند ہیں اور ان کے گھر کے باہر پولیس کا پہرہ ہے۔کنور دانش علی نے کہا کہ بریلی میں حالات کو جان بوجھ کر خراب کیا گیا ہے۔ بے گناہ نوجوانوں کو گرفتار کرکے دکانیں سیل کی جارہی ہیں۔ حکومت ایک آمرانہ طریقہ پر گامزن ہے، لوگوں کو ڈرانے اور ان کی آزادی اور روزی روٹی سے محروم کرنے کے لئے پولیس فورس کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ دانش علی نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اوراتر پردیش پولیس کو یہ بات غور سے سننی چاہئے کہ وہ   ہمیں جتنا  دبائیں گے ، ہماری آواز اتنی ہی بلند ہوتی جائے گی۔ ہم انصاف اور حقوق کی جنگ میں پرامن اور مضبوطی سے کھڑے رہیں گے۔ انہوںنے کہا کہ وہ بریلی جاکر امن کی اپیل کرنا چاہتے ہیں۔ دانش علی نے بریلی کے مسلمانوں سے بھی اپیل کہ وہ کسی کے بھڑکانے میں نہیں آئیں۔ 
 دوسری جانب کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود اور سماج وادی پارٹی کے ایم ایل سی شاہنواز خان کو منگل کی دیر رات پولیس نے سہارنپور میں ہاؤس اریسٹ کر دیا۔ دونوں لیڈر بدھ کی صبح ٹرین سے بریلی جانے والے تھے، لیکن انتظامیہ نے ایل آئی یو کی رپورٹ کے بعد حفاظتی وجوہ کا حوالہ دیتے ہوئے ان کے پروگرام پر روک لگا دی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK