کلیان کےمضافات میں شیوسینا(شندے) کے لیڈر مہیش پاٹل کا ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہا ہے
EPAPER
Updated: May 01, 2025, 10:25 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Mumbai
کلیان کےمضافات میں شیوسینا(شندے) کے لیڈر مہیش پاٹل کا ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہا ہے
پہلگام حملہ کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں مسلمانوں کے خلاف نفرت، مسلم مخالف نعرے اور مغربی بنگال کے مسلمانوں کو بنگلہ دیشی قرار دے کر زد وکوب کرنے کی مذموم کوششیں کی جارہی ہیں۔ممبئی کے دادر کے بعد کلیان کے مضافات میں مغربی بنگال کے مسلمانوں کو کھلے عام علاقہ چھوڑ کر چلے جانے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔شیوسینا(شندے) کے لیڈر مہیش پاٹل کا ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہا ہے جس میں وہ مسلمانوں کو گھر چھوڑ کر چلے جانے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مان پاڑہ پولیس نے شیوسینا لیڈر کو نوٹس جاری کیا ہے۔
پہلگام کے دہشت گردانہ حملے کے بعد مسلمانوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جارہا ہے۔ کلیان دیہی تعلقہ کے پرمکھ مہیش پاٹل کا ایک ویڈیو وائرل ہورہا ہے جس میں وہ کھونی اور اُساٹھنے میں رہائش پذیر مغربی بنگال کے مسلمانوں کو فوری طور پر گھر بار چھوڑ کر چلے جانے کی دھمکی دے رہے ہیں بصورت دیگر پورے علاقے میں نظم ونسق کا مسئلہ کھڑا کرنے کی بات کررہے ہیں۔ان کے کچھ ساتھی مسلم دکان داروں کو مارتے ہوئے بھی نظر آرہے ہیں اور کچھ شہریوں کو جبراً پکڑتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
اس بارے میں مانپاڑہ پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر وجے کادبانے نے بتایا کہ ویڈیو سامنے آتے ہی مہیش پاٹل کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔اگر کوئی شخص کسی بنگلہ دیشی کو جانتا ہو تو وہ اس کی اطلاع پولیس کو دے۔کوئی بھی شخص قانون کو ہاتھ میں نہیں لے گا۔اگر کوئی ماحول کو خراب کرے گا تو اس کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔بتایا جارہا ہے کہ مہیش پاٹل نے جان بوجھ کر مسلمانوں کو خوفزدہ کرنے کیلئے مارپیٹ کا ویڈیو بنایا ہے۔