• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میانمار کا روہنگیا نسل کشی کے فیصلے کے ’نامناسب‘ حصوں پر عمل نہ کرنے کا اعلان

Updated: November 26, 2026, 9:50 PM IST | Naypyidaw

میانمار کے فوجی حمایت یافتہ صدر من آنگ ہلائنگ نے عالمی عدالت انصاف کے اس فیصلے کے ’نامناسب‘ حصوں پر عمل کرنے سے انکار کر دیا ہے جس میں جنوب مشرقی ایشیائی بدھ اکثریتی ملک کو دنیا کی سب سے زیادہ ستائی گئی اقلیت روہنگیا کی نسل کشی کا مرتکب قرار دیا گیا تھا۔

Myanmar military officials. Photo: X
میانمار کے فوجی عہدیدار۔ تصویر: ایکس

 میانمار کے سرکاری اخبار’’دی گلوب نیو لائٹ‘‘ نے جمعرات کے پرنٹ ایڈیشن میں کہا کہ فوجی حمایت یافتہ صدر من آنگ ہلائنگ نے عالمی عدالت انصاف کے اس فیصلے کے ’نامناسب‘ حصوں پر عمل کرنے سے انکار کر دیا ہے جس میں جنوب مشرقی ایشیائی بدھ اکثریتی ملک کو دنیا کی سب سے زیادہ ستائی گئی اقلیت روہنگیا کی نسل کشی کا مرتکب قرار دیا گیا تھا۔آئی سی جے کے فیصلے پر اپنے پہلے ردعمل میں من نے بدھ کو اپنی کابینہ کو بتایا کہ ’’نسل کشی کی اصطلاح نے ملک کی ساکھ کو شدید متاثر کیا ہے۔‘‘ مرکزی حکومت کے عہدیداروں نے ایک روز قبل دارالحکومت نائیپیڈو میں ملاقات کی۔واضح رہے کہ آئی سی جے نے گزشتہ جمعرات کو فیصلہ دیا کہ میانمار نے، جب من برمی فوج، جسے مقامی طور پر ٹٹماڈو کہا جاتا ہے، کی قیادت کر رہے تھے،۲۰۱۷ء میں شمالی رخائن ریاست میں اپنی فوجی کارروائیوں کے دوران روہنگیا مسلمانوں کے خلاف نسل کشی کی ۔ انہوں نے اس سال اپریل میں فوجی قیادت چھوڑ دی۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: مسلم لیڈروں کو قتل کی دھمکیاں دینے والے شخص کو وفاقی الزامات کا سامنا

بعد ازاں آئی سی جے کیس کو ’’ملک کے خلاف یکطرفہ الزام‘‘ قرار دیتے ہوئے من نے کہا، ’’میانمار نے مقدمہ دائر ہونے کے بعد سات سالوں میں عدالتی کارروائی میں فعال طور پر حصہ لیا، تحریری و زبانی دلائل کے ذریعے خاطر خواہ حقائق، ریکارڈ اور ثبوت پیش کیے۔‘‘جبکہ برمی فوجی کارروائیوں، جن کا آئی سی جے میں میانمار کی سابق ریاستی مشیر اور نوبل انعام یافتہ آنگ سان سوچی نے دفاع کیا تھا، میں ہزاروں روہنگیا مارے گئے اور۱۰؍ لاکھ سے زیادہ افراد پڑوسی ملک بنگلہ دیش میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے۔من نے مزید کہا، ’’میانمار ایک ذمہ دار ملک کے طور پر مناسب اقدامات کرے گا لیکن ان تقاضوں پر عمل نہیں کرے گا جنہیں وہ نامناسب سمجھتا ہے۔‘‘حالانکہ آئی سی جے نے میانمار کو متاثرین کو معاوضہ فراہم کرنے اور مزید خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔اس سے قبل من کے ترجمان خائنگ خائنگ سوے نے کہا تھا کہ آئی سی جے کا فیصلہ ’’منصفانہ نہیں‘‘ اور ’’متفقہ نہیں‘‘ ہے، انہوں نے مزید کہا کہ میانمار کو فیصلے کا مطالعہ کرنے کے لیے وقت درکار ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے: ایران کا امریکہ پر مہلک حملوں میں مصنوعی ذہانت استعمال کرنے کا الزام

یاد رہے کہ یہ مقدمہ مغربی افریقی ملک گیمبیا نے۲۰۱۹ء میں دائر کیا تھا، اور اس فیصلے کو کسی ریاست کو نسل کشی کا براہ راست ذمہ دار ٹھہرانے میں تاریخی پہلا فیصلہ قرار دیا گیا۔اسے بین الاقوامی برادری نے بڑے پیمانے پر سراہا ، ساتھ ہی آئی سی جے کے حکم پر عمل درآمد اور میانمار کو جوابدہ ٹھہرانے کے مطالبات بڑھ رہے ہیں۔علاحدہ طور پر اراکان روہنگیا نیشنل کانگریس نے جمعرات کو ویتنام پر زور دیا کہ وہ اس ہفتے دو علاقائی سربراہی اجلاسوں کے لیے من کو دی گئی دعوت پر نظر ثانی کرے۔ دراصل ویتنام اس ہفتے کے آخر میں کمبوڈیا-لاؤس-میانمار-ویتنام سربراہی اجلاس کے ساتھ اییاوادی - چاو فرایا-میکونگ اقتصادی تعاون حکمت عملی سربراہی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ من ان سربراہی اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔تاہم روہنگیا نیشنل کانگریس کے لیڈر یو شوے ماؤنگ نے ایک بیان میں کہا، ’’اے آر این سی ویتنام پر زور دیتی ہے کہ وہ من آنگ ہلائنگ کی دعوت پر نظر ثانی کرے اور سفارتی اعزازات دینے سے گریز کرے جو روہنگیا نسل کشی کے زندہ بچ جانے والوں کے لیے بین الاقوامی احتساب اور انصاف کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK