Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناگپور: ساؤجی ریسٹورنٹ کے خلاف کارروائی، لائسنس معطل

Updated: August 26, 2026, 11:48 AM IST | Ali Imran / Nadeem Asran | Nagpur/ Mumbai

شہرمیں پہلی بار ایف ڈی اے نے ایک ساؤجی ریسٹورنٹ کے خلاف کارروائی کی ، اسکولوں کے اطراف کھانے کے اسٹالز پر بھی قدغن جاری۔

FDA Commissioner Tukaram Mundhe is taking continuous action. Picture: INN
ایف ڈی اے کمشنر تکارام منڈےمسلسل کارروائی کررہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈ منسٹریشن (ایف ڈی اے) کمشنر تکارام منڈے کے ساؤجی کھانوں کے بارے میں بیان کے بعد پہلی بار ایف ڈی اے نے شہر کے ایک ساؤجی ریسٹورنٹ کے خلاف کارروائی کی ہے۔ ترنگا چوک میں واقع اس ریسٹورنٹ کا فوڈ لائسنس معطل کر دیا گیا ہے اور انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معائنہ کے دوران حفظان صحت اور اشیاء خورونوش کے اصولوں پر عمل نہیں کیا گیا۔ منڈے کے بیان کے پس منظر میں کی گئی کارروائی نے ساؤجی ریسٹورنٹ کو ایک بار پھر چرچہ میں لایا ہے ۔ تاہم فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ کارروائی قواعد کے مطابق کی گئی۔

یہ بھی پڑھئے: یو پی آئی کے ۱۰؍ سال مکمل، پی ایم مودی نے پزیرائی کی

یاد رہے کہ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کمشنر تکارام منڈے نے امراوتی میں ایک تقریب میں بیان دیا تھا کہ ’’اگر میں ساؤجی کھاؤں گا تو میں ایک ماہ تک بیمار رہوں گا اور مجھے اسپتال میں داخل ہونا پڑے گا۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ زیادہ چکنائی والے کھانے دل کی بیماری جیسی سنگین بیماریوں کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں۔ اس بیان پر ساؤجی ریسٹورنٹ چلانے والوں اور سماج کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آیا تھا۔ تنازع بڑھنے کے بعد، منڈے نے واضح کیا تھا کہ یہ بیان کسی خاص فوڈ کلچر یا ساؤجی سماج پر تنقید کرنے کے ارادے سے نہیں دیا گیا تھا۔ تاہم اس واقعہ کے بعد منگل کو فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن عملے نے ہنومان نگر ڈویژن میں ساؤجی ریسٹورنٹ، رام اپارٹمنٹ، ترنگا چوک، سنگم سنیما کے قریب کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران یہ دیکھا گیا کہ ریسٹورنٹ حفظان صحت کے مطلوبہ معیارات پر عمل نہیں کر رہا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: مراٹھی سیکھنے کا نظم دوبارہ ہوگا لیکن مدت میں توسیع نہیں

محکمہ کا کہنا تھا کہ فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز رولز کے اپینڈکس فور میں درج حفظان صحت اور صحت کے تقاضوں کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ جس کے تحت متعلقہ فوڈ بزنس کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی گئی۔ ریسٹورنٹ کا فوڈ لائسنس معائنہ کی غلطیوں کے باعث معطل کر دیا گیا تھا۔ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن باقاعدگی سے کھانے کے کاروبار کا معائنہ کرتی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ شہریوں کو محفوظ اور صاف خوراک ملے ۔ حکام نے بتایا کہ اگر خلاف ورزیاں پائی جاتی ہیں تو متعلقہ اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس دوران ممبئی و مضا فات کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع اور شہروں میں موجود اسکولوں کے اطراف ۵۰؍ میٹر کے دائرے میں کھانے پینے کی اشیاء پر پابندی  کے حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں پر بھی کارروائی تیز کردی گئی ہے۔ ممبئی کی سطح پر۲۱؍ جولائی سے ۲۸؍ جولائی کے درمیان شہر و مضافات میں واقع ۱۱؍ اسکولوں کے اطراف فوڈ اسٹیبلشمنٹ کا جائزہ لیا گیا ۔ ایف ڈی نے مذکورہ اسکولوں کے اطراف جائزہ کے دوران ۳؍ اسکولوں کے اطراف کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والوں کو حفظان صحت کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے کا قصور وار قرار دیتے ہوئے کارروائی کی ہے ۔ یہی نہیں ان میں سے ایک فوڈ اسٹیبلشمنٹ کا لائسنس بھی منسوخ کر دیا گیا ہے ۔ شہر اور مضافات کے علاوہ ایف ڈی اے نے ریاست کے مختلف اضلاع اور شہروں میں واقع ۲۵۰؍ اسکولوں کے اطراف ۵۰؍ میٹر کے دائرے میں واقع کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والوں کا جائزہ لیا تھا ۔ان میں سے ۵۰؍ کے خلاف کارروائی کئے جانے اور لائسنس منسوخ کئے جانے کی اطلاع دی گئی ہے۔ سب سے زیادہ پونے میں واقع ۶۸؍ اسکولوں کے اطراف لگائے جانے فوڈ اسٹالوں پر کارروائی کی اطلاع ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK