عدالت میں ویڈیو شواہد پیش کئے گئے کہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد بھی بڑے پیمانے پر ڈی جے بجایا گیا۔
EPAPER
Updated: September 13, 2026, 11:45 AM IST | Ali Imran | Nagpur
عدالت میں ویڈیو شواہد پیش کئے گئے کہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد بھی بڑے پیمانے پر ڈی جے بجایا گیا۔
بامبے ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ نے دہی ہانڈی اور ماربت(ناگپور کا ایک مقامی تہوار) کے دوران شہر میں ڈی جے کی اونچی آواز کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے اور پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ ناگپور کے پولیس کمشنر وشواس نانگرے پاٹل کی طرف سے ڈی جے کی پابندیوں پر جاری کردہ نوٹیفکیشن پر سختی سے عمل درآمد کرے۔ درخواست گزاروں نے عدالت میں ویڈیو شواہد پیش کیے تھے کہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد بھی دہی ہانڈی اور مربت کے جلوسوں میں بڑے پیمانے پر ڈی جے بجایا گیا۔
صوتی آلودگی کے معاملے پر تریمورتی نگر منڈل کی جانب سے بامبے ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ میں ایک عرضی داخل کی گئی تھی۔ اس دوران عدا لت نے درخواست گزار کی طرف سے عدالت میں جمع کرائی گئی معلومات اور ویڈیو کی بنیاد پر متعلقہ آرگنائزر کے خلاف مناسب کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ عدالت نے ناگپور سمیت ودربھ کے دیگر اضلاع میں ڈی جے پر پابندی کے حکم کو نافذ کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: جامعہ ملیہ اسلامیہ میں غیر معیاری کھانے کے خلاف طالبات کا تیسرے دن بھی احتجاج
عدالت نے اس خیال کا اظہار کیا کہ صرف ڈی جے پر پابندی یا شور کی آلودگی کے ضوابط کے حوالے سے نوٹیفیکیشن جاری کرنا کافی نہیں ہے بلکہ ان ضابطوں پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔ اس سلسلے میں پولیس کمشنر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ۲۲؍ستمبر تک عدالت میں حلف نامہ داخل کرکے کی گئی کارروائی کے بارے میں معلومات پیش کریں۔ اس دوران دوسری طرف، وشو ہندو پریشد کے جلوس کے دوران صوتی آلودگی کی وجہ سے ناگپور کی سیتابرڈی پولیس میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔ دو دیگر الگ الگ کارروائیوں میں کل تین مقدمات درج کیے گئے ہیں۔