یہاں ایک معمر خاتون کے جسم میں دل دائیں جانب پایا گیا۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ وہ خاتون ۷۰؍سال تک اس حقیقت سے لاعلم رہیں۔
EPAPER
Updated: January 21, 2026, 11:12 PM IST | Nagpur
یہاں ایک معمر خاتون کے جسم میں دل دائیں جانب پایا گیا۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ وہ خاتون ۷۰؍سال تک اس حقیقت سے لاعلم رہیں۔
یہاں ایک معمر خاتون کے جسم میں دل دائیں جانب پایا گیا۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ وہ خاتون ۷۰؍سال تک اس حقیقت سے لاعلم رہیں۔ سینے میں درد کی شکایت پر جب جانچ کی گئی تو اس کا انکشاف ہوا۔اس خاتون کی ایک نس ۹۰؍فیصد بند ہوگئی تھی ۔ بعدازیں ڈاکٹروں نے انجیوپلاسٹی کا پیچیدہ آپریشن کامیابی کیساتھ انجام دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ساؤنیر کی ۷۰؍ سالہ خاتون کے جسم میں دل دائیں طرف پایا گیا، جسے دیکھ کر ڈاکٹر بھی دنگ رہ گئے۔ ڈاکٹروں کے مطابق یہ ایک نایاب کیس ہے اور اس کی وجہ ایک بیماری ہے جسے ’ڈیکسٹروکارڈیا‘ کہا جاتا ہے۔ یہ ایک پیدائشی بیماری ہے۔ یہ معاملہ ہارٹ اٹیک کے بعد سامنے آیا۔
ٹی وی نائن کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ کو سینے میں درد اور سانس لینے میں دقت کے باعث ہنگنا روڈ پرواقع لتا منگیشکر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ان کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے جب ڈاکٹر ہتندر بھگوتکر نے ان کا معائنہ کیا تو نہایت چونکا دینے والی بات سامنے آئی۔ جانچ کے دوران معلوم ہوا کہ خاتون کا دل جسم کے بائیں طرف کے بجائے دائیں طرف ہے۔ طبی سائنس میں اس نایاب حالت کو ’ڈیکسٹروکارڈیا‘ کہا جاتا ہے۔ اس بیماری میں دل پیدائش سے ہی دائیں جانب ہوتا ہے۔ اس کیس کی سب سے حیران کن بات یہ ہے کہ خاتون۷۰؍ برس تک اس حقیقت سے لاعلم رہیں اور اتنی عمر میں جا کر اس پیدائشی بیماری کا پتہ چلا۔ دنیا بھر میں ایسے کیس بہت کم دیکھنے کو ملتے ہیں، اسی لیے اسے طبی میدان میں ایک اہم دریافت مانا جا رہا ہے۔
انجیو پلاسٹی کے آپریشن کیلئےڈاکٹروں کے سامنے ۲؍بڑے چیلنجز درپیش ہوئے۔ پہلا یہ کہ خاتون کا دل جسم کے دائیں جانب تھا، جو کہ ایک نایاب حالت ہے۔ دوسری یہ کہ ان کے دل کی مرکزی شریان یعنی لیفٹ اینٹیریئر ڈیسینڈنگ(ایل اے ڈی)۹۰؍ فیصد تک بند تھی۔ دل الٹا ہونے کی وجہ سے تمام خون کی نالیاں بھی الٹی سمت میں تھیں، جس سے انجیو پلاسٹی معمو ل سے کہیں زیادہ مشکل اور خطرناک تھا۔ڈاکٹر ہتندر بھگوتکر اور ان کی ٹیم نے اس چیلنج کو قبول کیا اور تکنیکی پیچیدگیوں کے باوجود کامیابی سے اسٹنٹ لگا کر خون کے بہاؤ کو معمول پر لے آئے۔ ڈاکٹر کی سمجھ داری اور مہارت کی بدولت۷۰؍ سالہ خاتون کو نئی زندگی مل گئی۔ کامیاب علاج کے بعد اب خاتون کی حالت ٹھیک ہے اور انہیں اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ڈاکٹر بھگوتکر نے بتایا کہ ایکو ٹیسٹ کے دوران اس نایاب حالت کا پتہ چلا تھا، جسے ان کی ٹیم نے اپنی مہارت و تجربے سے کامیابی کے ساتھ حل کیا۔