Inquilab Logo

ناگپور/واشم : سوشل میڈیا پر بچہ چوری کی افواہوں سے عوام میں دہشت

Updated: September 26, 2022, 11:53 AM IST | Ali Imran | Nagpur/Washim

بچوں کے اغوا کی افواہوں سےبالخصوص ناتھ جوگی اور خانہ بدوش برادریوں میں تشویش، لوگ ان جوگیوں کو چور سمجھ کر گھیر لیتے ہیں، پولیس سے برادری کیلئے حفاظتی انتظامات کی اپیل

People of Jogi community, who are being targeted on suspicion of child theft, are protesting for protection .Picture:INN
بچہ چوری کے شبہ میںنشانہ بنائے جانے والے جوگی برادری کے لوگ تحفظ کیلئے احتجاج کرتے ہوئے ۔ تصویر:آئی این این

 ریاست میں بچے چوری کرنے والے گروہ کے سرگرم ہونے کی افواہ اب ناگپور میں بھی پھیل گئی ہے۔ ایک طرف والدین میں بے چینی کا ماحول ہے اور تو دوسری طرف پولیس کا درد سر بڑھ گیا ہے۔اس افواہ کے ویڈیو اور پیغامات سوشل میڈیا پر مسلسل وائرل ہو رہے ہیں جن کے پیش نظر پولیس کمشنر نے ٹویٹ کرکے اپیل کی ہے کہ اس طرح کی افواہوں پر یقین نہ کریں۔ناگپور میں پچھلے کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر بچوں کو چوری کرنے والے گینگ کے ویڈیوز اور پیغامات وائرل ہو رہے ہیں۔ایسے ویڈیوز بھی وائرل ہوئے ہیں جن میںبچے چوری کرنے والے گروہ کو شہریوں کے ذریعے زدوکوب کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔جس سے والدین میں خوف پیدا ہو رہا ہے۔پولیس کو گزشتہ ۲؍ دنوں سے ناگپور کے مختلف تھانوں سے اس طرح کی شکایتیں موصول ہو رہی ہیں۔ جری پٹکا، پاچ پاؤلی، یشودھرا نگر، گٹی کھدان اور مانکاپور علاقوں میں ایک گینگ کے ذریعہ بچوں کے اغوا کرنے افواہ اڑی لیکن جب پولیس نے معاملے کی جانچ کی تو  ان میں کچھ سچائی نہیں تھی۔  پولیس کمشنر امیتیش کمار نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی افواہوں پر یقین نہ کریں ، ایسا کوئی گینگ نہیں ہے۔ شہر میں اس طرح کے ویڈیو اور پیغامات کے ذریعے افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ سٹی پولیس کی جانب سے بچوں کی حفاظت کے حوالے سے ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر ضروری اقدامات کیے گئے ہیں اور شہریوں سے اس کیلئے تعاون کی اپیل ہے۔پولیس نے یہ بھی درخواست کی ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے آنے والے کسی بھی ویڈیو، آڈیو لنک اور پیغام کو پھیلانے سے گریز کیا جائے اور ایسے پیغامات موصول ہونے پر پولیس کو اطلاع دیں۔کچھ اضلاع میں اس افواہ کا شکار ہونے والے ہجوم کے ذریعہ بے قصور لوگوں کی پٹائی کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔پولیس کی اپیلوں کے باوجود ایسے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس سے ناتھ جوگی اور خانہ بدوش کمیونٹی میں بے چینی پھیل گئی ہے جو بھیک مانگنے کے لیے گاؤں گاؤں جاتے ہیں۔قبائلی خانہ بدوش برادری کی جانب سے ناتھ جوگی برادری نے واشم میں احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ہم بھی انسان ہیں، ہمیں تحفظ فراہم کیاجائے۔واضح رہے کہ واشم شہر کے علاقے کالے فائل میں۱۲؍ سالہ لڑکا۲۴؍ ستمبر کی دوپہر سے لاپتہ تھا۔ گھر والوں نے اُسے تلاش کیا تو وہ شام کو وانگی پھاٹے کے قریب ملا۔ اس بچے کو اغوا کرنے کی خبر ضلع میں گردش کررہی تھی۔ پولیس لڑکے سے اصل صورتحال جاننے کی کوشش میں جٹی ہوئی ہے۔ رات گئے تک پولیس کی کارروائی جاری رہی۔ 

nagpur Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK