Inquilab Logo Happiest Places to Work

مراٹھا تحریک کا جواب، ناگپور میں او بی سی سماج کی زنجیری بھوک ہڑتال

Updated: August 31, 2025, 10:12 AM IST | Nagpur

او بی سی مہاسنگھ کی جانب سے حکومت کو انتباہ، او بی سی کوٹے کو نقصان پہنچایا گیا تو ممبئی آکر احتجاج کیا جائے گا۔

OBC social workers on hunger strike. Photo: INN.
بھوک ہڑتال پر بیٹھے او بی سی سماجی کارکنان۔ تصویر: آئی این این۔

او بی سی مہا سنگھ نے حسب اعلان سنیچر سے ناگپور کے سنویدھان چوک پر زنجیری بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔ تنظیم کے قومی صدر ببن راؤ تائیواڑے کی قیادت میں یہ بھوک ہڑتال ممبئی میں منوج جرنگے کے احتجاج کا جواب ہے۔ منوج جرنگے او بی سی کوٹہ سے مراٹھا ریزرویشن کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ جبکہ او بی سی سماج اس کے خلاف ہے۔ 
او بی سی مہا سنگھ کے لیڈروں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ او بی سی نے اپنے جائز حصے کے حصول کیلئے کئی دہائیوں تک جدوجہد کی ہے اور ان کے کوٹہ کو کم کرنے کی کسی بھی کوشش کی وہ سختی سے مخالفت کریں گے۔ انہوں نےکہا کہ ناگپور میں سلسلہ وار بھوک ہڑتال او بی سی کے مفادات کے تحفظ کیلئے ریاست گیر احتجاج کا ایک حصہ ہے۔ او بی سی طبقہ کو ڈر ہے کہ مراٹھا سماج کے دبائو میں آکر حکومت کوئی فیصلہ لے سکتی ہے۔ 
او بی سی مہا سنگھ کے صدر ببن راؤ تائیواڑے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے انتباہ دیا کہ اگر دباؤ میں کوئی فیصلہ کیا گیا تو ہم بھی احتجاج میں شدت پیدا کریں گے۔ تائیواڑے نے سخت الفاظ میں کہا ہے کہ اگر حکومت نے او بی سی ریزرویشن کو کمزور کرنے کی کوشش کی تو ہم بھی ممبئی آکر بھوک ہڑتال شروع کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورا سماج مراٹھوں کو او بی سی زمرے سے ریزرویشن دینے کے سخت خلاف ہے۔ جب تک حکومت ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کرتی، سلسلہ وار بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔ او بی سی برادری کا مطالبہ ہے کہ مراٹھا ذات کو او بی سی زمرہ میں شامل نہ کیا جائے اور مراٹھا برادری کو کنبی سرٹیفکیٹ نہ دیا جائے۔ تائیواڑے نے بتایا کہ’’ حکومت نے پچھلے احتجاج کے دوران یہ یقین دہانی کروائی تھی کہ مراٹھا ریزرویشن سے او بی سی کے ریزرویشن کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت اس پر قائم رہے۔ حکومت کے موقف پر منحصر ہے کہ ہم غیر معینہ بھوک ہڑتال جاری رکھیں یا روک دیں۔ لیکن کسی بھی حالت میں ہم آئینی ریزرویشن کو کمزور نہیں ہونے دیں گے۔ 
پہلے دن گڈ چرولی کے رکن پارلیمان نام دیو کرسان، ٹیچر ایم ایل اے سدھاکر آڈبالے، سابق رکن اسمبلی سدھاکر دیشمکھ اور اشوک دھوڑ نے بھوک ہڑتال کے مقام کا دورہ کیا اور اپنی حمایت ظاہر کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK