Inquilab Logo

نالاسوپارہ: بکرے کی قربانی کیلئے جگہ کی فراہمی کا مطالبہ

Updated: June 16, 2023, 10:06 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

پولیس نے علاقے کی ۳۵؍ سوسائٹیوں کو دفعہ ۱۴۹؍ کے تحت نوٹس دے کر بلڈنگ کے احاطے، بلڈنگ کے اندر اور ٹیریس پر قربانی کرنے سے منع کردیا ہےجبکہ سوسائٹی کے ذمہ داران قربانی کی اجازت حاصل کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں،ذمہ داروں کا کہنا ہےکہ سوسائٹیوںکے غیر مسلموںکوقربانی کے تعلق سےکبھی کوئی اعتراضـ نہیںرہا

Star Society of Nala Supara and many other societies have been given notice
نالا سوپارہ کی ا سٹار سوسائٹی اور ایسی کئی دیگر سوسائٹیاںہیں جنہیں نوٹس دیاگیا ہے

عیدالاضحی کے ایام میں بکروں کی قربانی کرنے کے متعلق نالاسوپارہ کی متعددبلڈنگوں اور سوسائٹیوں میں رہنے والے ہزاروں مسلمانوں میں اس وقت شدید بے چینی پھیل گئی جب پولیس کے ذریعہ انھیں دفعہ ۱۴۹؍ کا نوٹس دے کر بلڈنگ کے احاطے، بلڈنگ کے اندر اور ٹیریس پر قربانی کرنے سے منع کردیا گیا ۔پولیس نے نوٹس میں یہ بھی واضح کردیا ہے کہ اگر اس نوٹس کی خلاف ورزی کی گئی اور کسی نے اس بارے میں شکایت کی یا پھر قربانی کے جانوروں کے ذبیحہ کی وجہ سے علاقے کا ماحول خراب ہوا تو بلڈنگ سوسائٹی کے ذمہ داران اور اس سے متعلقہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
 نالاسوپارہ کے مشرقی جانب ناگن داس روڈ پر واقع وسئی ویرار مہانگر اسپتال کے سامنے ’ اسٹار بلڈنگ سوسائٹی‘ کے ذمہ دار شمیم خان سے نمائندۂ انقلاب نے بات چیت کی اورپوچھا کہ اسٹار ٹاور سوسائٹی کو پولیس کی جانب سے قربانی کے متعلق کوئی نوٹس ملا ہے تو انھوں نے کہا کہ ہرسال ایسا نوٹس پولیس کے ذریعہ دیاجاتا ہے ۔البتہ ہماری سوسائٹی میں مسلمانوں کی اکثریت ہے او ر ہم لوگ ہر سال اسی بلڈنگ کی چہاردیواری کے اندر بکروں کی قربانی کیلئے پردے وغیرہ معقول انتظام کرکے قربانی کرتے ہیں ۔ بلڈنگ کاکوئی مکین یا کسی فرد کو کوئی اختلاف واعتراض نہیں ہے ۔البتہ اس سوسائٹی کے بغل میں کچھ فرقہ پرست اور مسلم مخالف ذہنیت کے لوگ رہتے ہیں جو کبھی کبھی قربانی کے موقع پر جانوروں کے ذبیحہ کو لے کر غیروں کو اکساتے ہیں ۔انھوں نے مزید کہا کہ ہماری سوسائٹی کے ذمہ داران نے پولیس اہلکاروں کے اس سلسلے میں ملاقات کی ہے۔ہم بلڈنگ کےتمام مکینوں سے این او سی لے کر پولیس اسٹیشن میں جمع کرکے بکروں کی قربانی کی اجازت لیں گے یا پھر ہم  وسئی ویر ار مہانگر پالیکا سے کہیں گے کہ قربانی کیلئےہم کو کوئی جگہ دے یا بتائے کہ ہم بکروں کی قربانی کہاں کریں ۔
  اسٹار ٹاور سوسائٹی کےدوسرے ذمہ دار عظیم الدین خان نے کہا کہ پولیس سےبکروں کی قربانی کی اجازت لینے کی پوری کوشش جاری ہے اور پولیس نے بھی ہمیں یقین دلایا ہےکہ مہانگر پالیکا سےعارضی طورپر قربانی کی جگہ حاصل کرنے میں پوری پوری کوشش کریں گے ۔پیس فیڈریشن آف این جی اوزکے صدر اسماعیل خان نے کہا کہ ان ہی تمام حالات کے پیش نظر علاقے کی متعدد غیر سرکاری تنظیموں کے ذریعہ’ پیس فیڈریشن آف این جی اوز ‘کے بینر تلے پولیس محکمہ اور وسئی ویرار مہانگر پالیکا کوخط لکھ کربکروں کی قربانی کرنے کیلئے جگہ کا مطالبہ کیا گیا تھا ابھی تک سوسائٹیوں میں قربانی کرنے کی اجازت نہیں ملی ہے اور نہ ہی مہانگر پالیکا کی جانب سے جگہ دینے کی کوئی خاص پیش رفت ہورہی ہے ۔ البتہ این جی اوز کے عہدیداروں کی پولیس اہلکار اور مہانگر پالیکا کے افسران سے اس موضوع پر گفتگو چل رہی ہے ۔  نالاسوپارہ میں مقیم اور وسئی ویرار مہانگر پالیکا کے سابق نائب میئر صغیر احمد ڈانگے کا کہنا ہے کہ پولیس ہر سال بقرعید کے موقع پر اس طرح کی نوٹس کئی بلڈنگ سوسائٹیوں کو دیتی ہے ۔ جہاں پر پولیس کا ایسا لگتا ہے کہ وہاں پرعیدالاضحی کے ایام میں قربانی کے جانوروں کے ذبیحہ کرنے پر کچھ لوگوں کو اعتراض یا اس کی مخالفت کی جاسکتی ہے ۔ وہاں پر پولیس پہلے سے ۱۴۹؍ کا نوٹس دیتی ہے ۔انھوں نے کہا کہ سوسائٹیوں کے ذمہ داران کو وہاں رہنے والے برادران وطن سے بات چیت کرکے ان کو راضی کرکے بلڈنگ کے احاطے میں اس کا معقول انتظام اور صاف صفائی کا خیال رکھتےہوئے قربانی کرنا چاہئے ۔ اس کے علاوہ ہم سب کو مل کر مہانگر پالیکا ، ممبرآف پالیمنٹ ، رکن اسمبلی اور کارپوریٹروں سے ملاقات کرکے اس طرح کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔ ہم لوگ جب سرپر کوئی خطرہ منڈلانے لگتا ہے تو جاگتے ہیں ۔  
 تولنج پولیس اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر شیلندر ناگرکر نے انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نالاسوپارہ کے علاقے میں اب تک ۱۵؍ سے ۱۸؍ سوسائٹیوں کو نوٹس دے دیا ہے اور کل ملاکر ۳۵؍ سے ۳۷؍ بلڈنگ کو ۱۴۹؍ کا نوٹس دے رہے ہیں ۔سینئر پی آئی کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں ہم نے مہانگر پالیکا بی اور ڈی وارڈ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کو اور ہیلتھ محکمے کے اہلکاروں کو خط لکھ کربکروں کی قربانی کیلئے جگہ اور این اوسی کا مطالبہ کیا ہے ۔ آج جمعرات کو  ایک بار ہم اسی سلسلے میں وسئی ویرار مہانگر پالیکاکے کمشنر انل پوار سے ملاقات کرنے والے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں پولیس انسپکٹر ناگرکر نے مزید کہا کہ سابقہ برسوں میں جہاں سے قربانی کے ایام میں جانوروں کے ذبیحہ پر کوئی شکایت ملی ہے یا وہاں کے حالات ٹھیک نہیں ہیں ۔ ایسی بلڈنگوں کو ہم نوٹس دے کر آگاہ کررہے ہیں کہ سوسائٹیوں میں قربانی کے بکرے نہ ذبح کئے جائیں۔ورنہ کوئی شکایت یا ماحول خراب ہونے کے سبب سوسائٹی کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ 

 

nalasopara Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK