Inquilab Logo

نالاسوپارہ ،وسئی اور ویرار میں پانی کی قلت سے مکین بے حال

Updated: April 25, 2023, 9:53 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

جھیلوں میں پانی کم ہونے سے شہری گزشتہ ۲۰؍ دن سے ٹینکر سے پانی منگوانے پر مجبور۔ پانی سپلائی کرنے والوں نے ٹینکروں کی قیمت بھی ۱۲۰۰؍ سے بڑھ کر ۳؍ہزار روپے تک کردی جس سے لوگ سخت ناراض ہیں اور احتجاج بھی کیا۔ پانی کی قلت کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے شہری انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں پانی سپلائی بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔ ۳۷؍ دن تک یہ سلسلہ جاری رہے گا

Residents are facing problems due to water shortage in Wasai, Virar area. (File Photo)
وسئی ، ویرارعلاقے میں پانی کی قلت کی وجہ سے مکینوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔(فائل فوٹو)

یہاں پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں میں پانی کم ہوگیا ہےجس کی وجہ سے  شہری انتظامیہ نے گزشتہ تقریباً ۲۰؍ دن  سےمکینوں کو ایک دن آڑ سے پانی سپلائی کرنا شروع کردیا تھا لیکن اب یہاں کے مختلف علاقوں میں باری باری آئندہ ۳۷؍ دن تک پانی سپلائی بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔پانی کی قلت کی وجہ سے مکینوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے  اور انہیںمجبوراً ٹینکر کا پانی منگوانا پڑرہا ہے۔
 اس بارے میں ویرار مغرب کے بولنج علاقے میں رہائش پزیر توصیف صدیقی نے بتایا کہ ’’ہمارے علاقے میں بھی کچھ دنوں سے پانی کی قلت ہورہی ہے۔ پہلے ۳۰؍ منٹ پانی آتا تھا لیکن اب کم آرہا ہے جس سے پریشانی ہورہی ہے۔‘‘
 بولنج میں ہی رہائش پذیر جتیندر شیوالے نے انقلاب سے گفتگو کے دوران کہا کہ ’’ہمیں شہری انتظامیہ کی طرف سے پیر کو بھی پیغام موصول ہوا ہے کہ جھیلوں میں پانی کی کمی کے سبب کئی مقامات پر پانی کم سپلائی کیا جارہا ہے اور چند مقامات پر ایک دن آڑ سے پانی دیا جارہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’جھیلوں میں پانی کی قلت ہمارے لئے انتہائی تشویشناک بات ہے کیونکہ ابھی اپریل ختم نہیں ہوا ہے ،شدید گرمی کا مئی مہینہ ابھی آنا ہے، اس کے بعد جون کے درمیانی حصہ میں بارش شروع ہوتی ہے۔ ایسا بھی نہیں ہے کہ بارش شروع ہوتے ہی پانی کا مسئلہ حل ہوجائے گا کیونکہ جھیلوں میں سطح آب میں اضافہ ہونے میں وقت لگتا ہے جس سے یہی اندازہ ہوتا ہے کہ ہمیں آئندہ کم از کم ڈھائی سے ۳؍مہینے پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘‘انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’اتنے عرصہ تک یہاں کے مکینوں کو ٹینکر سے پانی منگوانا پڑے گا۔ پہلے ۱۰؍ ہزار لیٹر پانی کا ٹینکر ۱۲۰۰؍ روپے میں مل جاتا تھا لیکن اس کی قیمت پہلے ۱۸۰۰؍روپے پھر ۲؍ہزار کی گئی اور اب   ۳؍ہزار روپے کردی گئی ہے۔‘‘
 ویرار میں رہائش پذیر دیپک دیولکم نے بتایا کہ ’’وسئی ویرار میں پانی کی قلت کا مسئلہ نیا نہیں ہے۔ یہاں پانی کے معاملے میں حالات اتنے خراب ہیں کہ لوگ یہاں رہنے آنے کو تیار نہیں ہیں۔‘‘ اس کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ’’مہاڈا نے ویرار میں ۲۰۴۷؍ مکان فروخت کرنے کیلئے لاٹری کا اعلان کیا تھا لیکن اس کے مقابلے مہاڈا کو محض ۳۲۶؍ درخواستیں ہی موصول ہوئی تھیں۔‘‘دیپک نے مزید کہا کہ ’’اس علاقے کے مکین گزشتہ ۴؍ برس کے دوران اب تک پانی خریدنے پر اتنی رقم خرچ کرچکے ہیں کہ اتنے پیسوں میں پانی سپلائی کا نیا انتظام ہوسکتا تھا۔‘‘
 پانی کی قلت اور آئے دن مہنگا پانی خریدنے سے پریشان مقامی افراد میں شدید برہمی پائی جارہی ہے اور گزشتہ روز لوگوں نے سڑک پر اتر کر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا تھا۔ مظاہرین نے شہری انتظامیہ کے محکمۂ آب رسانی کے دفتر تک مورچہ نکالاتھا۔ مکینوں نے شکایت کی کہ کچھ علاقوں میں پانی نہیں آ رہا ہے جبکہ کچھ علاقوں میں بہت کم پریشر کے ساتھ پانی آ رہا ہے۔  اگروال نگری، لنک روڈ اور نالاسوپارہ مشرق کی ۴۰؍ سے زیادہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے لوگ گزشتہ کئی دنوں سے پانی کے بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔ لوگوں کو ٹینکر منگوانے کیلئے ۲؍ سے ۳؍ ہزار روپے خرچ کرنے پڑتے ہیں۔ عوام نے متنبہ کیا ہے کہ اگر بلدیہ نے پانی کے بحران کو دور نہیں کیا تو شدید احتجاج کیا جائے گا۔
 شہری انتظامیہ کے محکمۂ آب رسانی کی جانب سے پیر کو اس بارے میں وضاحت کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ وسئی ویرار سٹی میونسپل کارپوریشن (وی وی سی ایم سی) کو روزانہ ۳۷۲؍ ملین لیٹر پانی کی ضرورت ہوتی ہے اور اگر اتنا پانی دستیاب ہو تو ہم شہر کو وافرمقدار میں پانی فراہم کیا جاسکتا ہے لیکن موجودہ صورتحال میں میونسپل کارپوریشن کے پاس روزانہ ۲۳۰؍ملین لیٹر (پرانے سوریہ ڈیم سے روزانہ ۱۰۰؍ملین لیٹر، نئے سوریہ ڈیم سے روزانہ ۱۰۰؍ ملین لیٹر، اُسگاؤں سے روزانہ ۲۰؍ ملین لیٹر اور پیلہار سے روزانہ ۱۰؍ ملین لیٹر)پانی   دستیاب ہے اور میونسپل کارپوریشن کو روزانہ ۱۴۲؍ ملین لیٹر کا خسارہ ہورہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مئی ۲۰۲۳ء کے آخر تک ایم ایم آر ڈی اے سے روزانہ ۱۶۵؍ ملین لیٹر پانی دستیاب ہوگا لیکن اس وقت تک روزانہ ۱۴۲؍ ملین لیٹر پانی ہی مہیا کیا جاسکے گا۔ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہریوں کو پانی کی قلت اور اس کی شکایات کو دور کرنے کیلئے ایک عارضی حل کے منصوبے کے تحت شہر میں پانی کی سپلائی حسب ذیل زون (سیکشن) کے مطابق (ایک دن آڑ سے ) بند رہے گی۔ شہریوں سے   اس جانب توجہ دینے کی گزارش ہے۔

nalasopara Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK