کانگریس رکن اسمبلی کے بیان پر بی جے پی چراغ پا، چندر شیکھر باونکولے نے کہا ’’ ثابت ہو گیا کہ کانگریس کا ہاتھ پاکستان کے ساتھ‘‘
EPAPER
Updated: June 12, 2025, 11:31 PM IST | Nagpur
کانگریس رکن اسمبلی کے بیان پر بی جے پی چراغ پا، چندر شیکھر باونکولے نے کہا ’’ ثابت ہو گیا کہ کانگریس کا ہاتھ پاکستان کے ساتھ‘‘
کانگریس کے رکن اسمبلی نانا پٹولے نے آپریشن سیندور کے تعلق سے ایک متنازع بیان دیا ہے ۔ انہوں نےپہلگام حملے کے بعد کی گئی اس فوجی کارروائی کو ’بچوں کے ویڈیو گیم‘ جیسا قرار دیا۔ ان کے بیان پر بی جے پی برہم ہے اور انہیں پاکستان نواز قرار دے رہی ہے۔
ناگپور ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا ’’ ٓوزارت خارجہ نے کہا تھا کہ آپریشن سیندور شروع کرنے سے پہلے پاکستان کو اس کی اطلاع دیدی گئی تھی۔ یعنی ان سے کہہ دیا گیا تھا کہ وہ اپنے آدمی وہاں سے ہٹالیں۔پھر اس کے بعد ڈونالڈ ٹرمپ کے کہنے پر آپریشن سیندور روک دیا گیا۔ ‘‘ پٹولے نے کہا ’’ اس کا مطلب یہ ہوا کہ جس طرح چھوٹے بچے ویڈیو گیم کھیلتے ہیں ویسے یہ کھیل کھیلا گیا۔ ‘‘ نانا پٹولے کے اس بیان پر بی جےپی چراغ پا ہے ۔ پارٹی کے ریاستی صدر چندر شیکھر باونکولےنے کہا ہے کہ نانا پٹولے کے بیان سے ایک بار پھر ثابت ہو گیا ہے کہ ’’ کانگریس کا ہاتھ ، پاکستان کے ساتھ۔‘‘ باونکولے نے کہا ’’ آپریشن سیندور بچوں کے ویڈیو گیم جیسا ہے، اس طرح کا اشتعال انگیز بیان کانگریس کے سابق ریاستی صدر نانا پٹولے نے دیا ہے۔ ان کے بیان سے ایک بار پھر ثابت ہو گیا کہ ’کانگریس کا ہاتھ پاکستان کے ساتھ ہے ۔‘ ‘ انہوں نے کہا ’’ ہندوستان کے دشمنوں کے دلوں میں خوف پیدا کرنے والے آپریشن سیندور کے تعلق سے اس طرح کا بیان نہ صرف فوجیوں کی شجاعت کی توہین ہے بلکہ پورے ہندوستان کی توہین ہے۔ ‘‘ باونکلوے کے مطابق ’’ نانا پٹولے کے اس بیان سے جنگ میں شہید ہونے والے جوانوں کے اہل خانہ کو کس قدر تکلیف پہنچے گی ۔ اس کا گمان بھی اس شخص کو ہے یا نہیں؟ ‘‘
بی جے پی کی خاتون رکن اسمبلی چترا واگھ نے بھی نانا پٹولے کے بیان پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے ’’ آپ کے راہل گاندھی بیرون ملک جا کر سرجیکل اسٹرائیک کے ثبوت مانگتے ہیں اور آپ یہاں جوانوں کی بہادری اور ان کی ماں بہنوں کے زخموں کا مذاق اڑاتے ہیں؟ اس سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ آپ اور آپ کے مالک کا ڈی این اے ایک ہی ہے..... دہشت گردی۔ ‘‘ چترا واگھ نے کہا ’’کانگریس کا ہاتھ دہشت گردوںکے ساتھ یہی بات بار بار ثابت ہو رہی ہے۔ یاد رہے کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی قومی سطح پر مسلسل آپریشن سے متعلق سوال اٹھا رہے ہیں جس پر بی جے پی نالاں ہے۔