دھرم آباد شہرمیں تحصیل دفتر تک نکالے گئے جلوس میں شرکاء ہاتھوں میں ’آئی لومحمدؐ ، ہم سب کے نبی حضرت محمدؐ، محمدؐ میرے دل کی دھڑکن ہیں‘ والے بینرس اورپلےکارڈز لئے ہوئے تھے۔
EPAPER
Updated: September 22, 2025, 4:54 PM IST | ZA Khan | Nanded
دھرم آباد شہرمیں تحصیل دفتر تک نکالے گئے جلوس میں شرکاء ہاتھوں میں ’آئی لومحمدؐ ، ہم سب کے نبی حضرت محمدؐ، محمدؐ میرے دل کی دھڑکن ہیں‘ والے بینرس اورپلےکارڈز لئے ہوئے تھے۔
ہاں کے شہر دھرم آباد میں ’آئی لو محمدؐ ‘ عنوان سے عظیم الشان جلوس نکالا گیا جس میں شہر اور آس پاس کے دیہاتوں کے ہزاروںافراد جن میں خواتین، نوجوان اوربچے بھی شامل، نے شرکت کر کے آقا حضرت محمد مصطفیٰ ؐ سے بے پناہ عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ یہ جلوس اتر پردیش کے شہر کانپور میں ’آئی لو محمدؐ ‘بینر لگانے پر مقدمہ درج کئے جانے کے واقعہ کے خلاف پرامن ردعمل تھا۔
جلوس دھرم آباد شہر کے مرکزی چوراہے سے شروع ہوا جو شہر کے اہم بازاروں اور گلیوں سے گزرتا ہوا تحصیل دفتر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔جلوس میں شریک افراد کے ہاتھوں میں ’آئی لو محمدؐ ، ہم سب کے نبی حضرت محمدؐ، محمدؐمیرے دل کی دھڑکن ہیں‘ جیسے نعروں پر مشتمل خوبصورت بینرس، پلے کارڈز اور سبز ہلالی پرچم تھے۔ فضا درود و سلام ، لبیک یا رسول اللہ اور آئی لو محمد ؐ کے نعروں سے گونج اٹھی۔ شرکاء نے کہا کہ نبی کریم ؐ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی حصہ ہے۔ اس محبت کا اظہار کرنا کوئی جرم نہیں بلکہ ہمارا بنیادی حق ہے۔ کانپور میں پیش آنے والا واقعہ ہمارے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔
جلوس کے اختتام پر ایک جلسہ منعقد ہوا جس میں مقامی علمائے کرام، سماجی رہنماؤں اور تنظیموں کے نمائندوں نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ اس تحریک کا بنیادی مقصد دنیا کے سامنے یہ پرامن پیغام پہنچانا ہے کہ مسلمان اپنے نبی ؐ کی محبت پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے خاص طور پر نوجوان نسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جذباتیت سے پرے ہو کر حضورؐ کی سیرت طیبہ پر عمل کرتے ہوئے، رواداری، امن اور بردباری کا دامن تھامے رکھیں کیونکہ یہی آپ کے محبوب نبیؐ کا اسوہ ہے۔
دھرم آباد کا یہ جلوس دراصل ملک بھر میں چلائی جا رہی ’آئی لو محمدؐ ‘مہم کا ایک حصہ نظر آیا۔ کانپور واقعے کے بعد سے یہ نعرہ ایک قومی تحریک میں تبدیل ہو گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر یہ ہیش ٹیگ ایک وائرل ٹرینڈ بن گیا ہے، جہاں لاکھوںیوزرس اپنی پروفائل پکچرس، اسٹیٹس اور کیپشنز میں ’آئی لو محمدؐ ‘ کا استعمال کر رہے ہیں تاکہ اپنی محبت ِرسول ؐ کا اظہار کیا جا سکے۔
مقامی انتظامیہ نے بھی اس جلوس کی منظم اور پرامن کارروائی کو سراہا۔ تمام شرکاء نے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی یا منفی سرگرمی میں ملوث ہوئے بغیر اپنا پیغام دنیا تک پہنچایا۔
دھرم آباد کے شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ جلوس شہر کی تاریخ میں ہمیشہ ایک یادگار واقعہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا جس نے یہ ثابت کیا کہ نبی کریم ؐکی محبت ہر مسلمان کے دل کی گہرائیوں میں رچی بسی ہے اور یہ ایک ایسا جذبہ ہے جو ہمیشہ زندہ و جاوید رہے گا۔