Inquilab Logo

ناندیڑ: سشما اندھارے کا بی جےپی پر حملہ ، آشیش شیلار اورکریٹ سومیا پر تنقید

Updated: October 31, 2022, 11:01 AM IST | ZA Khan | Nanded

مسلمانوں کی خوشامد کے آشیش شیلار کے الزام پر کہا کہ حال ہی میںموہن بھاگوت بھی مسجد گئے تھےتو کیا یہ بھی ان کی مسلمانوں کی خوشامد کی کوشش تھی ؟

Uddhav Group Spokesperson Sushma Andhare while addressing the press conference.Picture:INN
ادھو گروپ کی ترجمان سشما ا ندھارے پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران ۔ تصویر:آئی این این

شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کی نائب صدر سشما اندھارے نے اپنے ناندیڑ دورے کے موقع پر بی جے پی پر حملہ کیا اورآشیش شیلار اور کریٹ سومیا کےالزامات کا جواب دیا نیز مختلف موضوعات پر پارٹی کا موقف واضح کیا ۔اس کے تحت انہوں نے سب سے پہلے بی جے پی لیڈر آشیش شیلار اور کریٹ سومیاکی جانب سے شیوسینا قائدین پر لگائے جارہے مختلف الزامات کے جوابات دیئے۔آشیش شیلار نے حال ہی میں اپنے ایک بیان میں شیوسینا قائدین پر یہ الزام لگایا تھا کہ وہ لوگ اپنی تقریروں میں ہندوتوا کے موضوع پر بات کرنے کے بجائے مراٹھی مسلمان کا لفظ بار بار استعمال کرکے مسلمانوں کی ہمدردی حاصل کرنے اور ان کی خوشامد کررہے ہیں ۔یہ کام پہلے کانگریس اور این سی پی کیا کرتی تھی اب شیوسینا بھی یہی کام کررہی ہے ۔اس الزام کے جواب میں سشما اندھارے نے کہا کہ مراٹھی مسلمان کا لفظ استعمال کرنا اگر مسلمانوں کی ہمدردی حاصل کرنا ہے اور ان کی خوشامد کرنا ہے تو پھر آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت چند روز قبل مسجد میں کیوں گئے تھے؟کیا وہ بھی مسلمانو ں کو خوش کرنے کی ہی ایک کوشش تھی۔ اسی طرح وزیر اعظم نریند ر مودی بھی  ٹوپی پہنتے رہے ہیں، کیا ان کا یہ عمل مسلمانوں کی خوشامد ہی کیلئےہوتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ بی جے پی سماج میں طبقاتی کشمکش پیدا کرکے ملک کے اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر تی رہی ہے ۔کریٹ سومیا  نے بھی اتوار کو ایک پریس کانفرنس میںشیوسینا  لیڈروںکی جانب سے ماضی میں کئے گئے گھوٹالوںکا حوالہ دیتے ہوئے اس پر بد عنوانی کے الزامات لگائے ۔اس کے جواب میں سشما اندھارے نے کہا کہ کریٹ سومیا کو بی جے پی لیڈران کی جانب سے کئے گئے گھوٹالے کیوں نظر نہیں آتے ؟انہیں صرف اپوزیشن پارٹی کے لیڈروں میں ہی بد عنوانی کیوں نظر آتی ہے۔سشما اندھارے نے کہا کہ شیوسینا کے ۴۰؍ اراکین اسمبلی کو بغاوت کرنے کیلئے ممبئی سے سورت ،سورت سے گوہاٹی ،گوہاٹی سے گوا اور پھر وہاں سے ممبئی میں لانے اورلے جانے کے دوران  اور ہوٹلوں میں ٹھہرانے نیز ان کے کھانے پینے کا انتظام کرنے میں جو خرچ کیا گیا تھا وہ کس نے کیا تھا اس کی  بھی تفصیل عام کریں۔شیوسینا کے اراکین اسمبلی کو بغاوت پر آمادہ کرنے کیلئے کتنا پیسہ خرچ کیا گیا اور وہ پیسہ کس کا تھا یہ بھی بتایاجائےتاکہ لوگوں کو یہ معلوم ہوسکے کہ عوام کے ٹیکس کے ذریعے جمع کیا گیا پیسہ کیسے خرچ کیا گیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK