Inquilab Logo

بارش ٹھیک سےشروع بھی نہیں ہوئی کہ ناندیڑکی مسلم بستیوں میں آلودہ پانی کی نئی پریشانی

Updated: June 20, 2022, 12:38 PM IST | Z.A.Khan | Nanded

پائپ لائنوں میں جگہ جگہ خرابی آجانے سے نالیوں اور ڈرینج کا گندا پانی پینے پانی کی سپلائی والی لائنوں میں مل رہاہے اوریہی پانی لوگوں کو پینے کیلئے فراہم کیا جارہاہے

The dirty water coming from the tap is clearly visible.Picture: Inquilab
نل سے آنے والا گندا پانی صاف نظر آرہا ہے ۔تصویر،انقلاب

بجلی ،صاف پینے کا پانی اورمکمل تحفظ یہ تین بنیادی چیزیں فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے لیکن اس معاملے میں ناندیڑ کی مسلم بستیوں میں حالات کافی سنگین ہوچکے ہیں۔ ابھی بارش ٹھیک سے شروع بھی نہیں ہوئی  ہےکہ آلودہ پانی کا مسئلہ سامنے آکھڑا ہوا ہے۔خاص طورپر دیگلور ناکہ جیسے کثیر مسلم آبادی والے علاقہ میں کئی بستیاں ایسی جہاں لوگوں کو صاف پینے کا پانی میسر نہیں ہے ۔ پانی کی  فراہمی  کے لئے بچھائی گئی پائپ لائنوں میں جگہ جگہ خرابی آجانے سے نالیوں اور ڈرینج کا گندا پانی پینے پانی کی سپلائی والی پائپ لائنوں میں مل رہاہے اوریہی پانی لوگوں کو پینے کیلئے فراہم کیا جارہاہے۔ حیدر باغ ،اسلام پورہ ،ملت نگر اور دیگر کئی علاقوں میں جب نل سے پانی آتا ہے تو پہلے ۱۰؍ سے۱۵؍ منٹ پانی کو  بہانا پڑتاہے تاکہ گنداپانی نکل جائے اور اس کے بعد صاف پانی ملنے لگے ۔پانی بہانے کیلئے پانی کی موٹر کیلئے بجلی بھی فضول استعمال کرنی پڑ رہی ہے۔اس معاملے میں مقامی عوامی نمائندوں سے رابطہ کرنے پر انہوں نے صاف طورپر یہ کہا کہ جس کسی کو آلودہ پانی کی سپلائی کا مسئلہ ہے وہ کھل کر سامنے آئے اور اپنی اپنی شکایتیں کارپوریشن دفتر پہنچائے ۔کئی مرتبہ اس طرح کی شکایتیں بھی کی جاتی  ہیں لیکن پائپ لائنو ں میں مرمت اور درستی کے نام پر صرف خانہ پری کی جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ آلودہ پانی کی سپلائی کا مسئلہ مستقل طورپر حل نہیں ہورہاہے ۔آلودہ پانی کی سپلائی سے لوگوں میں ڈائریا اور دیگربیماریاں بھی پھیل رہی  ہیں ۔صاحب استطاعت لوگ پانی فلٹر پلانٹ سے خرید کر پی رہے ہیں جبکہ غریب  افراد سرکاری نلوں سے آنے والا پانی  ہی استعمال کرنے پر مجبور ہیں ۔بارش کے دنوں میں آلودہ پانی کی سپلائی کا مسئلہ مزید پیچیدہ ہوجاتاہے ۔ہر جگہ نالوں میں بارش کا پانی بھرا رہتا ہے اور وہیں سے پینے کے پانی کی پائپ لائنیں گزرتی  ہیں ایسے میں پانی مزید نا قابل استعمال ہوجاتاہے ۔اس نظام کو پوری طرح سے ٹھیک کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر پائپ لائنوں میں تبدیلی لانے کی ضرور ت ہے ۔

nanded Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK