Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناندیڑ: ٹیپو سلطان کے مجسمے کی تجویز پر ہنگامہ

Updated: March 16, 2026, 11:49 PM IST | Z A khan | Nanded

میونسپل کارپوریشن کے پہلے اجلاس میں کانگریس اور ونچت نے شہر میں چھترپتی سمبھاجی اور ٹیپو سلطان کے مجسمے لگانے کی تجویز پیش کی

The names of the nominated corporators in Nanded Municipal Corporation were also announced.
ناندیڑ میونسپل کارپوریشن میں نامزد کارپوریٹروں کے ناموںکا بھی اعلان ہوا

ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کا پہلا اجلاس پیر کے روز منعقد ہوا، تاہم اجلاس کے دوران ٹیپو سلطان کے مجسمے کی تنصیب کا معاملے پرشدید ہنگامہ آرائی دیکھنے کو ملی، جس کے باعث میئر کو اجلاس وقت سے پہلے ختم کرنا پڑا۔اس میٹنگ میں نامزد کارپوریٹر، اسٹینڈنگ کمیٹی کے اراکین اور کمیٹی برائے بہبودیٔ خواتین و اطفال کے اراکین کے انتخاب کے علاوہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے مجسمے کی تنصیب سے متعلق تجویز ایجنڈا میں شامل تھی۔اجلاس کے دوران جب اٹل بہاری واجپئی کے مجسمے کے موضوع پر بحث جاری تھی تو کانگریس اور ونچت بہوجن اگھاڑی کے گروپ لیڈر پرشانت انگولے نے شہر میں چھترپتی سمبھاجی اور ٹیپو سلطان کے مجسمے نصب کرنے کی تجویز پیش کی۔تاہم میئر نے یہ کہتے ہوئے اس موضوع پر بحث سے انکار کر دیا کہ یہ مسئلہ اجلاس کے ایجنڈا میں شامل نہیں ہے۔
  اس فیصلے پر ناراض ہو کر کانگریس اور ونچت بہوجن اگھاڑی کے کارپوریٹر میئر کی نشست کے سامنے پہنچ گئے اور احتجاج شروع کر دیا۔ہنگامہ بڑھنے کے بعد میئر نے ایجنڈا کو منظوری دیتے ہوئے اجلاس کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔اپوزیشن اراکین کا کہنا تھا کہ ٹیپو سلطان کے مجسمے کی تجویز ۷؍ دن قبل ہی جمع کروائی گئی تھی، لیکن اسے جان بوجھ کر ایجنڈا میں شامل نہیں کیا گیا۔
 اجلاس میں دیگر معاملات پر بھی مختصر گفتگو ہوئی۔ میئر نے کہا کہ مختلف مسائل پر پہلے مکمل مطالعہ کیا جائے گا اور اس کے بعد آئندہ اجلاس میں تفصیلی بحث کی جائے گی۔دوسری جانب نائب میئر نے کہا کہ متنازع موضوعات کو اجلاس میں پیش کرنے سے پہلے اس پر مکمل وضاحت ہونی چاہئے اور یہ بھی بتایا جانا چاہئے کہ ٹیپو سلطان کی ملک کیلئے کیا خدمات رہی ہیں، اس کے بعد ہی اس معاملے پر بحث ہونی چاہئے۔وہیں دوسر ی طرف اجلاس میں نامزد کارپوریٹروں کے ناموں کا بھی باضابطہ اعلان کیا گیا جس کے تحت مجلس کی جانب سے ایڈوکیٹ محمد ناصر کو کارپوریٹر نامزد کیا گیاہے ۔واضح رہے کہ ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے حالیہ انتخابات میں مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) نے ۱۴؍نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے اپنی مضبوط موجودگی درج کروائی تھی۔ انتخابات کے بعد پیر کے روز کارپوریشن کے مرکزی دفتر میں پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں  اعلان کے بعد ایڈوکیٹ محمد ناصر کی گلپوشی کی گئی اور انہیں مبارکباد پیش کی گئی۔ اس موقع پر پارٹی کے قائدین اور کارپوریٹرس نے ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر ایم آئی ایم کے گروپ لیڈرسید مجیب سمیت دیگر مجلسی کارپوریٹر بھی موجود تھے۔ایڈوکیٹ محمد ناصر نے اس موقع پر پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ دی گئی ذمہ داری کو دیانت داری کے ساتھ ادا کرتے ہوئے شہر کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔
 اسی طرح ۔کانگریس اور ونچت بہوجن اگھاڑی اتحاد کی ناندیڑ لوک نیائے وکاس اگھاڑی کے گروپ لیڈرپرشانت انگولے نے نامزد کارپوریٹرکے طور پر منا عباس حسین اور ایڈوکیٹ شیخ بلال کے نام میئر کویتا سنتوش مڑے کو پیش کئے۔اس کے بعد میئر نے دونوں ناموں کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے انہیں  نامزد کارپوریٹر مقرر کرنے کی توثیق کی۔ اعلان کے بعد سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے منا عباس حسین اور ایڈوکیٹ شیخ بلال کو مبارکباد پیش کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ اجلاس کے بعد ونچت بہوجن اگھاڑی کے ریاستی لیڈر فاروق احمد نے بھی دونوں کو مبارکباد پیش کی اور اس نامزدگی پر ایڈوکیٹ پرکاش بالاصاحب امبیڈکر سمیت کانگریس کے قائدین کا شکریہ ادا کیا۔

nanded Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK