Inquilab Logo Happiest Places to Work

پولیس کانسٹیبل عامر حمید کی ایم پی ایس سی امتحان میں نمایاں کامیابی

Updated: May 15, 2026, 11:33 AM IST | Z. A. Khan | Nanded

ناندیڑ کے ہونہار نوجوان نے ریاستی سطح پر ۵۰؍ واں مقام حاصل کیا ، سب انسپکٹر کے عہدے پر تقرری ہو گی۔

Aamir Hameed (wearing a Flower necklace) among MIM leaders. Photo: INN
ایم آئی ایم لیڈران کے درمیان عامر حمید (ہار پہنے ہوئے)۔ تصویر: آئی این این

محنت، لگن اور مستقل مزاجی انسان کو اس کے خوابوں کی منزل تک پہنچا دیتی ہے ۔ ناندیڑ پولیس فورس کے پولیس کانسٹیبل عامر حمید شریف نے اپنی انتھک محنت اور عزم کے بل پر یہ بات ثابت کر دی ہے۔  انہوں نے مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن( ایم پی ایس سی)امتحان ۲۰۲۶ء میں ریاست بھر میں ۵۰؍ واں رینک حاصل کرکے ناندیڑ ضلع کا نام روشن کیا ہے۔ ضلع میں وہ اول مقام پر رہے۔

یہ بھی پڑھئے: اپنے کارکنوں کی پیروی کیلئے ممتا بنرجی خود عدالت پہنچیں

پولیس محکمہ میں ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے عامر حمید شریف نے اپنے تعلیمی خواب کو کبھی ماند نہیں پڑنے دیا۔ سخت ڈیوٹی کے باوجود انہوں نے مسلسل مطالعہ اور تیاری جاری رکھی، جس کا ثمر آج ایک نمایاں کامیابی کی صورت میں سامنے آیا ہے۔عامر حمید شریف ۲۰۱۶ء میں ناندیڑ پولیس فورس میں شامل ہوئے تھے، تاہم ان کا مقصد اعلیٰ سرکاری عہدہ حاصل کرنا تھا۔اسی عزم کے ساتھ انہوں نے مرحلہ وار ایم پی ایس سی امتحانات کی تیاری کی۔  ۲۰۲۳ء میں پریلیم اور ۲۰۲۴ء میں مینس امتحان کامیابی کے ساتھ مکمل کیا، جبکہ ۲۰۲۶ء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریاستی سطح پر ۵۰؍ واں مقام حاصل کیا۔واضح رہے کہ اس سال ایم پی ایس سی امتحان میں مہاراشٹر بھر سے تقریباً ۲۴۰۰؍امیدوار شریک ہوئے تھے، جن میں سے صرف ۶۱۵؍ امیدوار کامیاب قرار دیئے گئے۔ ایسے سخت اور مسابقتی امتحان میں عامر حمید شریف نے ۴۰۰؍ میں سے ۳۶۷؍ مارکس حاصل کرکےاپنا ہدف حاصل کیا۔دیگلور ناکہ، ناندیڑ کے رہائشی عامر حمید شریف  اپنے سب انسپکٹر کا عہدہ سنبھالیں گے  اور مرحلہ وار ترقی کرتے ہوئے ڈی وائے ایس پی کے عہدے تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: الیکشن کمیشن نے ایس آئی آر کےتیسرے مرحلےکا اعلان کیا

اس کامیابی پر مختلف حلقوں سے مبارکباد پیش کی جا رہی ہے۔ ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے اپوزیشن لیڈر مسعود احمد خان اور مجلس اتحاد المسلمین  کے کارپوریٹرس نے ان کی شال پوشی اور گلپوشی کرتے ہوئے استقبال کیا۔اس موقع پر ایڈوکیٹ محمد ناصر، سید فصیح الدین، عبدالحبیب باغبان، انصار احمد خان، رحیم احمد خان، محمد الطاف سر ، سہیل رمضانی اور دیگر معززین  موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK