راہ چلتے مشتبہ شخص سے پوچھ تاچھ کے بعد ہتھیاروں کے بڑے ذخیرے کا پتہ معلوم ہوا ،اصل مالک کی تلاش باقی۔
EPAPER
Updated: May 08, 2026, 11:55 AM IST | Z. A. Khan | Nanded
راہ چلتے مشتبہ شخص سے پوچھ تاچھ کے بعد ہتھیاروں کے بڑے ذخیرے کا پتہ معلوم ہوا ،اصل مالک کی تلاش باقی۔
ناندیڑ کے ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ابیناش کمار کی ہدایت پر جاری ’آپریشن کریک ڈاؤن‘ کے تحت ناندیڑ (دیہی) پولیس نے تقریباً۴۳؍ لاکھ ۴۸؍ ہزار روپےکا غیر قانونی اسلحہ ضبط کیا ہے۔ ہتھیاروں کا اتنا بڑا ذخیرہ دیکھ کر خود پولیس والے بھی حیران رہ گئے۔جبکہ ہتھیاروںکے گودام میںموجود ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
یہ بھی پڑھئے: پونے کی صورتحال پر ہرش وردھن سپکال کا اظہار تشویش
اطلاع کے مطابق پولیس انسپکٹر اومکانت چنچولکر اپنی ٹیم کے ساتھ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب گشت پر تھے۔ اسی دوران بلیراپور علاقے میں ایک مشتبہ شخص کمر میں خنجر اور تلوار لٹکائے گھومتا ہوا نظر آیا۔ پولیس نے اسے حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی تو اس نے اپنا نام ابھجیت گری دھر ساتپوتے بتایا۔ملزم نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ مذکورہ تلوار اور خنجر اس نے گرو رام داس نگر، ناندیڑ سے خریدے ہیں۔
اس اطلاع پر پولیس ٹیم فوری طور پر گرو رام داس نگر پہنچی، جہاں ابھیجیت کے بتائے ہوئے مقام پر ڈھیر سارے نظر آئے ۔ اس گودام میں ایک شخص بھی موجود تھا جو پولیس کو دیکھ کر فرار ہوگیا۔پولیس نے پنچوں کی موجودگی میں کھلے کمرے کی تلاشی لی تو وہاں سے تلواریں، خنجر، ، گپتیاں، چاقو سمیت کل ۴؍ ہزار۷۹۶؍ غیر قانونی ہتھیار برآمد ہوئے، جن کی مجموعی مالیت ۴۳؍ لاکھ ۴۸؍ ہزار روپے بتائی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ہندوستان کا بنگلہ دیش سے غیر قانونی تارکین کی تصدیق کا عمل تیز کرنے کا مطالبہ
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ اسلحہ کا یہ ذخیرہ ناندیڑ کے ابچل نگر علاقے میں رہنے والے جسونت سنگھ پرکاش سنگھ سکھ منی کا ہے۔ پولیس نے پورا ذخیرہ ضبط کرتے ہوئے ملزم کے خلاف دفعات ۴؍۲۵؍، ۷؍۲۵؍ کے تحت ناندیڑ دیہی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔اس کارروائی پر پولیس سپرنٹنڈنٹ ابیناش کمار نے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کی ستائش کی ہے۔ فی الحال پولیس فرار ہونے والے شخص اور ہتھیاروں کے اصل مالک جسونت سنگھ کو تلاش کر رہی ہے۔ ساتھ ہی یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ غیر قانونی ہتھیاروں کے کاروبار کا یہ نیٹ ورک کہاں تک پھیلا ہوا ہے۔