Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناندیڑ میں شیوسینا (ادھو) نے جھال موڑی تقسیم کرکے احتجاج کیا

Updated: May 14, 2026, 10:41 AM IST | Z A Khan | Nanded

وزیر اعظم کے مشورے پر ناراضگی، جوہریوں کی دکان پر جاکر جھال موڑی پیش کی اور نعرے لگائے ’’ جھال موڑی بیچو ،دیش بچائو‘‘

Shiv Sena (Uddhav) Workers Protesting.Photo:INN
شیوسینا (ادھو) کے کارکنان احتجاج کرتے ہوئے-تصویر:آئی این این

وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے حال ہی میں عوام کو سوناچاندی نہ خریدنے پیٹرول ڈیزل کی بچت کرنے اور  خوردنی تیل کم استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ناندیڑ میں شیوسینا( اُدھو) کی طرف سے اس مشورے کے خلاف منفرد انداز میں احتجاج کیا گیا۔  شیوسینا (ادھو) کےاس احتجاج نے نہ صرف سیاسی حلقوں بلکہ عام شہریوں کی بھی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی ۔

یہ بھی پڑھئے:اپریل میں اسرائیلی افواج کے ہاتھوں ۱۲۲؍ فلسطینی شہید: اقوامِ متحدہ کی رپورٹ

ناندیڑ شہر کے وزیرآباد علاقے میں شیوسینا (اُدھو) کے شہر صدر منوج یادو کی قیادت میں پارٹی کارکنان نے حکومت کی پالیسیوں کے خلاف شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے’’جھال مڑی‘‘ تقسیم کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایندھن کی قلت  اور روزمرہ کے استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ حکومت عوامی مسائل کو حل کرنے کے بجائے غیر سنجیدہ مشورے دے رہی ہے۔
احتجاج کے دوران شیوسینک مختلف جیولرس کی دکانوں پر پہنچے اور وہاں دکانداروں و شہریوں میں’جھال مڑی‘ تقسیم کرتے ہوئےنعرے لگائے ’’جھال مڑی بیچو، دیش بچاؤ،مہنگائی کم کرو اور  عوام کو راحت دو۔‘‘ کارکنان نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ مسلسل بڑھتی مہنگائی کے سبب عام آدمی کی زندگی متاثر ہورہی ہے، لیکن حکومت زمینی حقائق سے نظریں چرا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:مرنال سین نے بامعنی فلمیں بناکر سماجی شعور بیدار کیا


اس موقع پر منوج یادو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سوناچاندی خریدنا تو دور، اب عوام کیلئے روزمرہ کی ضروری اشیاء خریدنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے بیان سے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے اور اب عوام کو کم استعمال کرنے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرول۔ ڈیزل اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔احتجاج میں راجیش مانے، لالچند یادو، سورج پٹالے، کرن جادھو، راجو یادو، انکور پٹیل، بھیا شرما اور کشور ٹھاکور سمیت متعدد شیوسینک شریک تھے۔ احتجاج کے دوران علاقے میں کافی گہماگہمی دیکھی گئی اور راہگیروں نے بھی اس منفرد انداز احتجاج میں دلچسپی ظاہر کی۔ شیوسینا کے اس انوکھے مظاہرے کی شہر بھر میں چرچا ہورہی ہے۔یاد رہے کہ وزیر اعظم نے حال ہی میں عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سیر وتفریح نہ کریں شادیوں میں زیورات نہ بنوائیں ۔ اس سے لوگوں میں ناراضگی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK