Inquilab Logo Happiest Places to Work

بابا جانی درانی کانگریس کے پربھنی ضلع صدر، عبدالغفار ناندیڑ شہر صدر

Updated: May 22, 2026, 10:29 AM IST | Z. A. Khan | Nanded

پارٹی نے ۹؍ ماہ قبل این سی پی (شرد) چھوڑ کر آئے بابا جانی کو پربھنی (دیہی) کی ذمہ داری سونپی، ناندیڑ شہر میں نوجوان عبدالغفار پر اعتماد ظاہر کیا۔

Baba Jani Durrani and Abdul Ghaffar. Photo: INN
بابا جانی درانی اور عبدالغفار۔ تصویر: آئی این این

کانگریس نے جمعرات کو پربھنی اور ناندیڑ میں ۲؍ مسلم چہروں کو اہم عہدوں پر فائز کیا ہے۔ پربھنی میں بابا جانی درانی کو ضلع (دیہی) صدر بنایا گیا ہے تو ناندیڑ (شہر) صدر کی ذمہ داری عبدالغفار کو دی گئی ہے۔ 

ناندیڑ شہر صدر کے عہدے کیلئے پارٹی کے کئی سرکردہ لیڈران نے دعویداری پیش کی تھی تاہم تمام درخواستوں اور تنظیمی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کانگریس ہائی کمان نے نوجوان لیڈر عبدالغفار کو اس اہم ذمہ داری کیلئے منتخب کیا۔  عبدالغفار نہ صرف پارٹی کے متحرک اور فعال چہروں میں شمار کئے جاتے ہیں بلکہ نوجوانوں میں خاصے مقبول ہیں۔ سماجی اور عوامی مسائل پر ان کی فعال موجودگی نے انہیں شہر کی سیاست میں ایک نمایاں مقام دلایا ہے۔پارٹی کارکنان کو امید ہے کہ عبدالغفار کی قیادت میں ناندیڑ شہر میں کانگریس کو نئی توانائی ملے گی اور زمینی سطح پر مضبوطی حاصل ہوگی۔اس موقع پر سینئر سابق کارپوریٹر سید شیر علی نے عبدالغفار کی گلپوشی کرکے انہیں مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر وارڈ کے نمائندہ کارپوریٹر ابراہیم بھائی و دیگر افراد موجود تھے۔

یہ بھی پڑھئے: سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں کے اشتراک سے فروغ علم و ہنر کیلئے مشاورتی نشست

ادھر پربھنی میں ۹؍ ماہ قبل این سی پی ( شرد) چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہوئے سابق رکن اسمبلی بابا جانی درانی کو پارٹی نے پربھنی (دیہی) ضلع صدر بنایا ہے۔ جبکہ پربھنی شہر کی ذمہ داری روی راج دیشمکھ کو دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ بابا جانی ۱۹۸۰ء سے شرد پوار کے ساتھ تھے جب شرد پوار کی اپنی پارٹی کانگریس (ایس) ہوا کرتی تھی۔ پھر انہی کے ساتھ وہ کانگریس (آئی) میں آئے ، پھر این سی پی کا قیام عمل میں آیا۔ اس وقت بھی وہ پوار کے ساتھ رہے۔ جب ۲۰۲۳ء میں اجیت پوار نے بغاوت کی تب بھی وہ شرد پوار کے ساتھ ہی رہے لیکن کچھ عرصہ بعد اجیت پوار کے ساتھ چلے گئے۔ البتہ دوبارہ شرد پوار کے خیمے میں لوٹ آئے لیکن وہاں بعض وجوہات کی بنا پر زیادہ دنوں تک رہ نہیں سکے اور اگست ۲۰۲۵ء میں کانگریس میں شامل ہو گئے۔ وہ ۳؍ بار رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK