Inquilab Logo

پارلیمنٹ میں نارائن رانے کی بد زبانی نے مہاراشٹر کا نام مٹی میں ملا دیا ، ہر طرف سے تنقیدیں

Updated: August 11, 2023, 9:41 AM IST | New Delhi

پرینکا چترویدی نے کہا ’’ یہ خود ہی بتا رہے ہیں اور کتنا نیچے جا سکتے ہیں۔‘‘ ، کامیڈین راجیو نگم نے ویڈیو بناکر طنز کیا، مہاراشٹر کے عام صارفین نے اسے شرمناک قرار دیا

Was Narayan Rane speaking the language of a minister?
کیا نارائن رانے ایک وزیر کی زبان بول رہے تھے؟

مرکزی وزیر نارائن رانے کی  بدھ کے دن پارلیمنٹ میں کی گئی تقریر اور اس  کے دوران کی گئی بد زبانی کی وجہ سے مہاراشٹر کا نام خراب ہوا ہے۔ کم از کم سوشل میڈیا پر تو مہاراشٹر کے نوجوانوں  کا ایک بڑا طبقہ یہی کہہ رہا ہے۔ یاد رہے کہ نارائن رانے نے اپنی تقریر کے دوران ادھو ٹھاکرے کو تنقید کا نشانہ بناتے وقت ، شیوسینا کے رکن پارلیمان اروند ساونت سے ’تو تڑاخ‘ کی تھی اور انہیں ان کی ’اوقات‘ دکھانے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس تعلق سے  سماج کے مختلف حلقوں کی جانب سے تنقیدیں ہو رہی ہیں۔
  عام آدمی پارٹی نے   ان کے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’’ نارائن رانے پارلیمنٹ میں کسی گلی کے غنڈے کی طرح دھمکی دے رہے ہیں۔ مودی حکومت سے صرف سوال پوچھ لیا جائے تو رکن پارلیمان کو معطل کر دیا جاتا ہے ۔ کیا اب نارائن رانے کو معطل کیا جائے گا؟    اس کے علاوہ شیوسینا ( ادھو) کی رکن پارلیمان پرینکا چترویدی  نے بھی رانے کی تقریر پر تبصرہ کیا ہے۔  انہوں نے  ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’’ یہ آدمی وزیر ہے۔ یہ  اپنی حکومت کی سطحیت کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی بتا رہا ہے کہ یہ اور کتنی نیچے تک جا سکتی ہے۔ ‘‘  ان کے علاوہ کامیڈین راجیو نگم نے خاص طور پر نارائن رانے کے تعلق سے ایک ویڈیو بنایا ہے۔  انہوں نے کہا کہ ’’ممبئی کی زبان میں ایک ہوتی ہے ، ٹپوری زبان، اس سے بھی نیچے ہوتی ہے چھپری زبان، اگر چھپری سے نیچے کوئی زبان ہے تو وہ ہے نارائن رانے کی۔‘‘ راجیو کا کہنا ہے کہ ’’ جس طرح ایک دکاندار لین داروں سے بچنے کیلئے اپنے ملازموں کے ذمہ دکان چھوڑ کر کہیں روپوش ہو جاتا ہے۔ اسی طرح مودی جی اپوزیشن کے سوالوں سے بچنے کیلئے چھوٹے موٹے لیڈروںکو آگے کرکے روپوش ہو گئے ہیں۔ ‘‘ راجیو کہتے ہیں ’’دوسری صف کے اراکین کو  سامنے کرواکر اپوزیشن پر حملے کروائے جا رہے ہیں۔ وہ اپنی بدتمیزی اور بد زبانی سے اپوزیشن کو خاموش کروانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘  عام صارفین نے بھی سوشل میڈیا پر رانے پر طنز یا تنقید کی ہے۔ کسی نے پوچھا ’’ کیا یہ آدمی وزیر ہے؟‘‘ تو کسی نے کہا’’ نارائن رانے کی زبان نے مہاراشٹر کا نام مٹی میں ملا دیا۔‘‘ 
  یاد رہے کہ مرکزی وزیر برائے صنعت نارائن رانے بدھ کو پارلیمنٹ میں  شیوسینا( ادھو ) کے رکن اروند ساونت کی تقریر کا جواب دے رہے تھے  ۔ رانے نے اروند ساونت کے ہندوتوا کے دعوے پر طنز کرتے ہوئے کہا ’’ اگر ہندوتوا اتنا عزیز تھا تو ۲۰۱۹ء میں اسے چھوڑ کر کانگریس اور این سی پی کے ساتھ کیوںچلے گئے تھے؟  اس پر اروند نے کچھ کہنے کی کوشش کی تو نارائن رانے نے یہ کہہ کر انہیں جھڑک دیا کہ ’’ اے بیٹھ..... تیری اوقات نہیں ہے۔‘‘ اس پر انہیں اسپیکر نے ٹوکا کہ ’وزیر صاحب آپ ایسی زبان استعمال نہ کریں۔‘‘ تب نارائن رانے براہ راست اسپیکر کو مخاطب کرکے کہا ’’ ان لوگوں کی اوقات نہیں ہے کہ ہمارے وزیراعظم کو کچھ کہیں۔‘‘ یہ کہہ کر وہ پھر اروند ساونت کی طرف متوجہ ہوئے اور کہا ’’ ہمارے وزیراعظم کو کچھ کہا تو میں تم لوگ کو تمہاری اوقات دکھائوں گا۔‘‘ بالآخر چیئر پرسن کو نارائن رانے کو اپنی تقریر ختم کرنے کیلئے کہنا پڑا۔اس طرح کی کوئی اطلاع نہیں ہے کہ نارائن رانے کے یہ الفاظ  ریکارڈ سے نکالے گئے یا نہیں۔ البتہ جس نے بھی یہ ویڈیو دیکھا  اسے شرمندگی ضرور محسوس ہوئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK