• Sun, 25 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نصیر الدین شاہ نے ستیہ جیت رے فلم انسٹی ٹیوٹ کے طلبہ کی حمایت کی

Updated: October 25, 2026, 9:54 AM IST | Mumbai

طلبہ کیمپس میں بی جےپی اور آر ایس ایس کے تشدد کیخلاف دھرنا دے رہے ہیں

Naseeruddin Shah. Photo: INN
نصیرالدین شاہ۔ تصویر: آئی این این

مشہور اداکار نصیرالدین شاہ نے کولکاتا میں واقع مشہور فلم ادارہ ’’ستیہ جیت رے فلم انسٹی ٹیوٹ ‘‘ کے طلبہ کو دھمکانے اور انہیں طرح طرح سے پریشان کرنے کی کوششوں پر بی جے پی پر کھل کر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے باقاعدہ ویڈیو جاری کرکے کہا کہ ’’بنگال کے اسمبلی انتخابات میں فریب  دہی سے حاصل ہونے والی جیت کے بعد، یہ بی جے پی، جو ’’بلڈی جھوٹی پارٹی‘‘ ہے، اب ان تمام لوگوں سے بدلہ لینے پر آمادہ ہے جو اس کے نظریات اور پالیسیوں سے اتفاق نہیں کرتے۔‘‘نصیر الدین شاہ  نے کہا کہ ’’اس انتقامی جذبے کا تازہ شکار ستیہ جیت رے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ کے طلبا اور مستقبل کے فلم ساز بنے ہیں۔ انتظامیہ سے جوابدہی کا مطالبہ کرنے کے بدلے انہیں وجہ بتاؤ نوٹس دیے گئے ہیں، ان پر نظر رکھی جا رہی ہے، انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور اب تو ان سے ہاسٹل خالی کرنے کے لئے بھی کہہ دیا گیا ہے۔‘‘ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’بی جے پی صرف اپنے حق میں بے شرمی سے پروپیگنڈا کرنے پر اکتفا نہیں کر رہی ہے بلکہ اب وہ لوگوں کی ذہن سازی کر کے ان کا برین واش کرنا چاہتی ہے یا انہیں ڈرا دھمکا کر خاموش کرنا چاہتی ہے۔‘‘ واضح رہے کہ ستیہ جیت رے انسٹی ٹیوٹ کے طلبہ  اکھل بھارتیہ گراہک پنچایت جو آر ایس ایس کی ایک ذیلی تنظیم ہے ، کے کارکنوں کی غنڈہ گردی اور کیمپس میں تشدد کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ ۲۷؍ ستمبر کو  انسٹی ٹیوٹ کے طلبہ اور تنظیم کے کارکنوں میں کیمپس میں تنازع ہو گیا تھا ۔ اس کے بعد سے ہی بہت سے طلبہ وائس چانسلر کے دفتر کے باہر احتجاج کررہے ہیں لیکن اب انہیں ڈرانے دھمکانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ اسی کے خلاف نصیر الدین شاہ اور فلم میکر پائل کپاڈیہ نے آواز بلند کی ہے۔پائل کپاڈیہ نے بیان جاری کیا کہ طلبہ کے خلاف تو ضابطہ شکنی کی کارروائی کی جارہی ہے لیکن کیمپس میں طلبہ پر جنہوں نے حملے کئے ان کے خلاف نہ بات ہو رہی ہے اور ان کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔کیمپس کے  ان حالات سے ہم سخت خوفزدہ ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK