• Thu, 29 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اجیت پوار کی موت پر قومی سطح پرسوگواری، جانچ کا مطالبہ

Updated: January 28, 2026, 11:04 PM IST | New Delhi

تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور اہم لیڈروں نے تعزیت کا اظہار کیا، ممتا بنرجی نے سپریم کورٹ کی نگرانی میں جانچ کی مانگ کی، کھرگے اور اکھلیش نے تائید کی

Party workers in Pune are seen in mourning after the death of Ajit Pawar.
اجیت پوار کی موت کے بعد پونے میں پارٹی کارکن سوگ میں ڈوبے ہوئے نظر آرہے ہیں

بارامتی میں چارٹر طیارہ حادثے میںمہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی ناگہانی موت  نے قومی سطح پر سوگواری کی لہر دوڑا دی ہے جبکہ سیاسی لیڈران  حیرت واستعجاب کے عالم میں ہیں۔ لگاتار ۶؍ بار سے مہاراشٹر کے  نائب  وزیراعلیٰ   کے عہدہ پر فائز اجیت پوار کی موت  پر تمام وزرائے اعلیٰ اور اہم سیاسی لیڈروں   کے تعزیتی پیغامات کے بیچ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ  ممتا بنرجی نے حادثے کی سپریم کورٹ کی نگرانی میں  جانچ کی مانگ کی ہے۔ ملکارجن کھرگے اور اکھلیش یادو جیسے سینئرلیڈروں نے ان کے اس مطالبے کی تائید کی ہے جبکہ اُدھو سینا کے رکن پارلیمان  انل دیسائی نے بھی طیارہ حادثوں  میں  اس طرح کی اموات کی اعلیٰ سطحی جانچ پر زور دیا ہے۔
ممتا نے حیرت کا اظہار کیا ،جانچ کی مانگ کی
  مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بدھ  طیارہ حادثے میں  لیڈر اجیت پوار کی موت کی خبر پر حیرت کااظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ کی نگرانی میں جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں  نے  ’’دیگر تمام ایجنسیاں‘‘ کو ناقابل اعتبار قرار دیا۔کولکاتا میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران  ممتا بنرجی نے شک وشبہ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ’’ موجودہ نظام    میں  سچ سامنے نہیں آئے گا، ملک کی اعلیٰ ترین عدالت کی نگرانی میں  جانچ پر ہی بھروسہ کیا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ’’ہمیں صرف سپریم کورٹ پر ہی بھروسہ ہے۔ باقی تمام ایجنسیاں  حکومت کے زیر اثر ہیں۔‘‘
ممتا بنرجی کی شبہ کی وجہ 
 اپنے شبہ کو تقویت فراہم کرنے کیلئے  مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ  نےنشاندہی کی کہ اجیت پوار اپنے چچا شرد پوار کی قیادت والی این سی پی میں واپس آنے کے بارے میں سوچ رہے تھے ۔ان کے مطابق حالیہ دنوں میں گردش کرنے والی رپورٹس بھی اس کی تائید کرتی ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’آج صبح اجیت پوار کی موت کی خبر سن کر میں حیران رہ گئی ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس ملک میں، سیاسی لیڈروں کی بھی سلامتی اور سیکوریٹی کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔ ‘‘ انہوں  نے کہا کہ ’’   جو لوگ حکمراں محاذ کا حصہ ہیں، وہ بھی محفوظ نظر نہیں آتے۔‘‘
ملکارجن کھرگے نے تائید کی
 کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے  بھی مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ  کے انتقال پر تعزیت پیش کرتے ہوئے ممتا بنرجی کے مطالبے کی حمایت کی۔ سپریم کورٹ کی نگرانی میں جانچ کے  ممتا بنرجی کے مطالبے  پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں کھرگے نے کہا کہ ’’چونکہ یہ حادثہ ہے، اس لیے اس کی جانچ ہونی چاہیے۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’تمام ہی سیاسی لیڈر  ہنگامی کاموں کیلئے (ہوائی) سفر کرتےہیں۔  ہمارے سامنے (حادثوں کی) کئی  مثالیں ہیں۔ احمد آباد میں ایک بڑا طیارہ حادثہ پیش آیامگر  یہ ایک چھوٹا طیارہ تھا، پھر ایسا کیوں ہوا؟ اس کی جانچ ہونی چاہیے۔ ہم بھی جانچ کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘‘ خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ ’’ اجیت پوار نے عوام کیلئے کام کیا ہے۔ ان کی اچانک موت نے سب کو غمزدہ کر دیا ۔ ہم  اس غم میں  برابر کےشریک ہیں اور اہل خانہ کیلئے صبر وتحمل کی دعا کرتے ہیں۔‘‘
ممتا بنرجی کا مطالبہ جائز ہے: اکھلیش
 سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے اس سے قبل ہونےوالے ایسے حادثات کا حوالہ دیتے ہوئےکہا کہ ممتا بنرجی کا مطالبہ جائز ہے۔ اتر پردیش کے سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’’وہ ایک بڑے لیڈر تھے، کئی بار نائب وزیر اعلیٰ رہے، اور مہاراشٹر کے مقبول رہنما تھے۔ ممتا بنرجی نے  جائز مطالبہ کیا ہے۔ اس سے پہلے بھی کئی وی آئی پی شخصیات  اس طرح اپنی جان گنوا چکی ہیں  اس لئے  غیر جانبدارانہ جانچ ضروری ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ حادثے کی وجہ کیا تھی۔‘‘
انل دیسائی  نے بھی جانچ کی حمایت کی
 شیو سینا (اُدھو) کے رکن پارلیمنٹ انل دیسائی نے پوار کے انتقال کو مہاراشٹر کیلئے  بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے مکمل جانچ کی مانگ کی ۔  انہوں نے کہاکہ’’ایسے واقعات بار بار ہو رہے  ہیں، اس  لئے  جانچ ضروری ہے۔ ہرکوئی پریشان ہے کہ ایسا کیوں  ہو رہا ہے؟‘‘ انہوں   نے کہا کہ ’’ایک طرف چارٹرڈ طیاروں کی مانگ بڑھ رہی ہے ، نجی طیاروں کا استعمال بڑھ رہا ہے  اور دوسری طرف ہر حادثہ  کے بعد تکنیکی خرابی یا دیگر وجوہات سامنے آتی ہیں، اس  لئے مکمل جانچ ہونی چاہیے۔‘‘
مرکزی وزیر نے سیاست کہہ کر خارج کیا
 اس بیچ  ممتا بنرجی کے مطالبہ کو مرکزی وزیر رونیت سنگھ بٹّو نے’’گندی سیاست‘‘قراردیا اور کہا کہ  ایسے وقت میں جبکہ مہلوک لیڈر کے اہل خانہ صدمہ سے نڈھال ہیں، ان کی موت پر سیاست ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’یہ بڑا افسوسناک ہے مگر  کوئی سیاست کرنا چاہتا ہے تو کرےلیکن سیاستدانوں کو سمجھنا چاہیے، وہ حقائق سے واقف ہوتے ہیں۔‘‘

ajit pawar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK