• Thu, 16 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے یوم پیدائش پر ’قومی یوم ترغیب مطالعہ ‘کا انعقاد

Updated: October 16, 2025, 1:29 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

تعلیمی اداروں میں اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کیلئے مطالعہ کی ترغیب کو فروغ دینے کیلئے خصوصی پروگرام کئے گئے، متعدد اسکولوں میں مطالعہ کی اہمیت اور افادیت پر سیر حاصل گفتگو کی گئی.

Students studying in classrooms and libraries in schools on the occasion of ‘National Reading Encouragement Day’. Photo: Anqlab
’قومی یوم ترغیب مطالعہ‘ کے موقع پر اسکولوں میں طلبہ کلاس روم اور لائبریری میں مطالعہ کرتے ہوئے۔ تصویر: ا نقلاب
ملک کے بابائے میزائل ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے یوم پیدائش کی مناسبت سے بدھ کو شہر ومضافات کے اسکولوں میں’قومی یوم ترغیب مطالعہ‘ جوش وخروش سے منایا گیا۔ متعدد تعلیمی اداروں میں اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کے درمیان مطالعہ کی ترغیب کو فروغ دینے کیلئے خصوصی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ اسکولوں کی لائبریری، کلاس رومز اور اسٹاف روم کو مطالعہ سے متعلق اقوالِ زریں، کتب، چارٹس اور اخباری تراشوں سے خوبصورت انداز میں سجایا گیا۔ متعدد اسکولوں میں مطالعہ کی اہمیت اور افادیت پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ کچھ اسکولوں میں طلبہ کو اخبار خرید کرپڑھنے کی ترغیب دی گئی ۔
جنوبی ممبئی کے ایک اُردو میڈیم اسکول میں یوم ترغیب مطالعہ پر  ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی زندگی اور ا ن کے تخلیقی اور تعمیری کارناموں پر مشتمل اہم پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ طلبہ کو ڈاکٹر عبدالکلام کی شخصیت کے مختلف پہلوئوں سے آگاہ کیاگیا ساتھ ہی تعلیم سےمتعلق ان کے خیالات پر روشنی ڈالی گئی۔
ملاڈ ،پٹھان واڑی اُردوپرائمری اسکول میں   منعقدہ پروگرام میں طلبہ نے’ تعلیمی انقلاب‘ کے مشمولات کامطالعہ کیا۔اسکول کی معلمہ صبیحہ خان نے انقلاب کو بتایاکہ ’’ ہم نے پرائمری کے بچوں کیلئے۳؍سال قبل ایک مہم شروع کی تھی جس کے تحت انہیں مطالعہ کی ترغیب دی جارہی ہے ساتھ ہی جو بچے پڑھنےمیں کمزور ہیں، انہیں پڑھنے کی مشق کرائی جارہی ہے۔ اس کیلئے ہم نے ’تعلیمی انقلاب‘ کا سہارا لیا ہے۔ اس مہم کی مدد سے پہلے  سال  ۸؍ بچوں نے روانی سے اخبارپڑھنے میں کامیابی حاصل کی ۔ گزشتہ ۳؍سال میں تقریباً ۲۵؍ بچوں نے باقاعدہ ’تعلیمی انقلاب‘ روانی سے پڑھنا سیکھ لیاہے  ۔سوشل میڈیاکے اس دور میں بچوں کو کتاب یا اخبار سے وابستہ کرنے میں ملنے والی کامیابی میرے لئے بڑی اہم ہے ۔میں نے یہ مہم انڈین میزائل مین ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام سے منسوب ’قومی یوم ترغیب مطالعہ سے‘ متاثر ہو کر شرو ع کی تھی ۔ جو میرے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس لئے میں سال میں ایک مرتبہ نہیں بلکہ ہفتہ میں ایک دن اپنی کلاس میںیوم ترغیب مطالعہ کا انعقاد کرتی ہوں ۔ ‘‘    
  گوونڈی کے سنجے نگر میونسپل اُردو اسکول نمبر ۲؍ کے سینئر معلم عابد شیخ نے بتایاکہ ’’حسب سابق امسال بھی بھارت رتن ،سابق صدر جمہوریہ، میزائل مین ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے یوم پیدائش   پر ہمارے اسکول میں قومی یوم ترغیب مطالعہ کا انعقاد کیاگیا۔ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی زندگی پر مفصل روشنی ڈالتے ہوئے مطالعہ کی اہمیت اور افادیت بیان کی گئی ۔ اچھی کتابوں کے مطالعہ سےہمیں زندگی کے مختلف شعبوں میں رہنمائی ملتی ہے۔ ـ مطالعہ کی اہمیت کو جس قدر اساتذہ نے مقدم رکھنا چاہئے اسی قدر طلبہ میں بھی مطالعہ کرنے کی دلچسپی ہونی چاہئے۔‘‘ ـ
صمدیہ اُردوہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج میں بھی  ’قومی یوم ترغیب مطالعہ ‘ جوش و خروش سے منعقد کیا گیا۔اس موقع پر اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور طلباء و طالبات کے درمیان مطالعہ کی ترغیب کو فروغ دینے کیلئے خصوصی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ اسکول کی لائبریری، کلاس رومز اور اسٹاف روم کو مطالعہ سے متعلق اقوالِ زریں، کتب، چارٹس اور اخباری تراشوں سے خوبصورت انداز میں سجایا گیا۔  اساتذہ اور طلبہ کے درمیان کتب بینی کے ساتھ اخبار کے باقاعدہ مطالعہ کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر طلبہ کیلئے ایک مختصر مگر معنی خیز ریڈنگ سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں طلبہ نے منتخب کتابوں اور اخباری مضامین سے اقتباسات پڑھ کر سنائے۔ 
بھیونڈی ویورز ایجوکیشن سوسائٹی کے نائب صدر ایڈوکیٹ نیاز احمد، مہمان خصوصی وحیدہ حفظ الرحمٰن، سماجی کارکن اشفاق بلدی ، کرئیر کونسلر مومن فہیم احمد عبدالباری ،پرنسپل صدیقی ساجد سلیم ،کرئیر کونسلر مومن اور فیاض احمد غلام مصطفیٰ نے مطالعہ کی اہمیت پر گفتگو کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK