Inquilab Logo

مودی کی سالگرہ پر’قومی بے روزگار دِن‘ کااہتمام

Updated: September 18, 2020, 8:39 AM IST | Agency | New Delhi

یوتھ کانگریس کا ملک بھر میں مظاہرہ۔ دوسری پارٹیوں سے تعلق رکھنےوالے نوجوانوں نے بھی ساتھ دیا۔راہل گاندھی کا سوال، آخر کب تک حکومت روزگار دینے سے پیچھے ہٹے گی؟ پرینکا گاندھی کا حکومت کو انتباہ، سرکار کا رُخ نہیں بدلا تو عوام سرکار ہی بدل دیںگے

Youth Congress Protest
ہماچل پردیش میں کانگریس کارکنوں کااحتجاج

 کانگریس کی طلبہ تنظیم نیشنل اسٹوڈنٹس آف انڈیا (این ایس یو آئی)، انڈین یوتھ کانگریس  اور دیگر تنظیموں نے وزیراعظم نریندر مودی کی سالگرہ کی مناسبت سے ملک بھر میں  ’قومی بے روزگاری دن‘ کااہتمام کیا تھا۔ اس موقع پر جگہ جگہ مظاہرے کئے گئے اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے سے متعلق ٹھوس اقدامات کرے۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی کانگریس سمیت متعدد اپوزیشن جماعتوں نے اجتماعی طور پر ’بے روزگاری دیوس  کا اہتمام کیا۔اس حوالے سے کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے ٹویٹ کرکے وزیراعظم کو ان کے فرائض منصبی سے آگاہ کیا۔
 کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بے روزگاری  کے معاملے پر وزیراعظم کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ روزگار کا مطلب،  عزت واحترام دینا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ حکومت ملک کے نوجوانوں کو یہ عزت کب دے گی؟اس سے قبل کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نےمودی کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد بھی دی تھی۔ انہوں نے  مزید کہا کہ’’یہی وجہ ہے کہ ملک کے نوجوان آج قومی ’بے روزگاری کا دیوس ‘منانے پر مجبور ہیں۔ روزگار عزت و احترام کے مترادف  ہے۔ حکومت کب تک یہ عزت  دینے سے پیچھے ہٹے گی؟‘‘ اسی کے ساتھ  راہل گاندھی نے  ایک اخباری رپورٹ بھی اپ لوڈ کی ہے ، جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں ایک کروڑ سے زیادہ افراد بے روزگار ہیں جبکہ سرکاری نوکریوں میں صرف چند لاکھ ملازمتوں ہی کی  جگہیں خالی ہیں۔
  اسی طرح کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے بی جے پی حکومت پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اگر اب بھی آنکھیں بند کرکےبیٹھی رہی تو نوجوان حکومت بدل دیں گے۔ انہوں نے ٹویٹ کیاکہ ’’نوجوانوں کا مطالبہ ہے کہ وقت پر امتحان، طے وقت میں رزلٹ،بغیر عدالت گئے تقرریاں، نوکریوں میں اضافہ ہو اور کنٹریکٹ کا قانون منسوخ ہو۔‘‘انہوں نے کہا  کہ ’’نوجوانوں نے ’مہا ہنکار‘بھری ہے۔ اب بھی حکومت آنکھیں بند کئے بیٹھی رہی اور اپنا رخ نہیں بدلا تو نوجوان حکومت بدل دیں گے۔‘‘ ٹویٹ کے آخر میں انہوں نے ہیش ٹیگ میں ’قومی یوم بے روزگاری‘لکھا ہے۔ عام آدمی پارٹی نے بھی ’یوم بے روزگاری‘ کی اس مہم میں حصہ لیا۔اس کے بعض کارکنان بھی پلے کارڈ لے کر باہر نکلے  لیکن زیادہ تر نے سوشل میڈیا پر اس مہم کا ساتھ دیا۔ 
 ہریانہ میں این ایس یو آئی نےکالج کے سامنے پکوڑوں کی  خوانچہ لگاکر  بے روزگاری کا قومی دن منایا۔ اسی طرح راجستھان میں بھی طلبہ نے احتجاج کیا۔ یہاںپرتھوی راج چوہان یونیورسٹی چوراہے پر علامت کے طورپر مخالفت میں ٹھیلے پر سموسے  اورکچوریاں بناکر عوام میں مفت تقسیم کئے۔  طلبہ کا کہنا تھا کہ مودی نے نوجوانوں سے وعدہ کیا تھا کہ ملک میں ہر سال ۲؍ کروڑ نوکریاں مہیا کرائی جائیں گی لیکن گزشتہ  چھ ماہ میں۱۲؍ کروڑ افراد بے روزگار ہوگئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK