Inquilab Logo

’اگنی پتھ‘ کیخلاف کانگریس کا ملک گیر مظاہرہ، حکومت سے ضد چھوڑ دینے کی اپیل

Updated: June 28, 2022, 12:00 AM IST | Mumbai

کانگریس ترجمان نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جبکہ ملک کی سرحدوں پر پڑوسی ملک کی جانب سے خطرےکے اشارے مل رہے ہیں، مودی حکومت کو اس طرح کے تجربات سے گریز کرنا چاہئے

Kanhiya Kumar and other leaders protesting with party workers in Patna
پٹنہ میں پارٹی کارکنان کے ساتھ احتجاج کرتے ہوئے کنہیا کمار اور دوسرے لیڈران

فوج میں جوانوں کی بھرتی کیلئے مودی حکومت کی نئی اسکیم’ اگنی پتھ‘کی چوطرفہ مخالفت ہورہی ہے۔ اس مخالفت میں کانگریس بھی ملک کے نوجوانوں کے ساتھ ہے۔ اسی مخالفت کے پیش نظر کانگریس نے پیر کو ملک گیر احتجاج کیا اور حکومت سے ضد چھوڑ دینے کی اپیل کی۔  کانگریس نے وزیر اعظم مودی سے اپیل کی کہ وہ اگنی پتھ اسکیم نافذ کرنے کی اپنی ضد چھوڑکرملک کے نوجوانوں  کے مطالبے پر توجہ دیں اوراس اسکیم کو فوری طورپر واپس لے کر  ہزاروں نوجوانوں کے فوج میں شامل ہونے کے خواب کوپوراکریں۔
 کانگریس کے ترجمان موہن پرکاش نے پیر کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹرز میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پارٹی لیڈروں اور کارکنوں نے ملک بھر میں اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ۳۵۰۰؍سے زیادہ اسمبلی حلقوں میں ستیہ گرہ کاانعقاد کیا جس میں پارٹی لیڈروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔ ان کا کہناتھا کہ حکومت کو اگنی پتھ کے تحت چار سال کی ملازمت کے بجائے پہلے کی طرح مسلح افواج میں نوجوانوں کو شامل کرکے ملک کی سرحدوں اور نوجوان نسل کے مستقبل کوتحفظ فراہم کرناچاہئے۔انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نے اگنی پتھ اسکیم کے خلاف۲۰؍ جون کو ستیہ گرہ شروع کیا تھا اور پھرصدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو اس سلسلے میں میمورنڈم بھی پیش کیا تھا۔ میمورنڈم میں اگنی پتھ اسکیم کو واپس لینے کی ان سے درخواست کی گئی ہے۔ صدرکے روبرو یہ بات رکھی گئی ہے کہ اگر یہ اسکیم نافذ ہوتی ہے تو قومی سلامتی کمزور ہوگی، اسلئے  ضد کو درکنار کرتے ہوئے فوری طور پر اسے واپس  لےلیا جانا چا ہئے۔
 کانگریس ترجمان نے اس اسکیم کی مخالفت کرنے کی وجہ سے ملک کی مختلف جیلوں میں قید نوجوانوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا اور کہاکہ حکومت بے گناہ نوجوانوں کے ساتھ انصاف کرے۔ انہوں نے کہا کہ فوج میں سوالاکھ سے زیادہ آسامیاں خالی ہیں اور خود حکومت نے بھی اس بات کو تسلیم کیا ہے، ایسے میں ضروری ہے کہ ان خالی آسامیوں کو پُر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو فوجیوں کے درمیان مختلف تربیتی معیارات  اور امتیازی تنخواہ نیز الاؤنس کی پالیسی نہیں اپنانی چا ہئے۔انہوں نے کہا کہ یہ تشویشناک بات ہے کہ مودی حکومت ایسے وقت میں اس طرح کے تجربات کر رہی ہے جبکہ عالمی سلامتی اور ملک کی سرحدوں پر پڑوس کی طرف سے خطرہ بڑھ رہا ہے۔ چینی فوج لائن آف کنٹرول کے اس پار انفراسٹرکچر تیار کر رہی ہے جو ہماری سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ سرحد پر چین کی طرف سے ایک لاکھ ۲۰؍ ہزار فوجیوں کیلئے رہائش گاہیں بنائی جارہی ہیں۔
 اس موقع پر ایک مظاہرے میں دہلی کی ریاستی کانگریس نے اگنی پتھ اسکیم کو نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ  قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کی سلامتی کیلئے بھی خطرناک ہے۔ دہلی ریاستی کانگریس کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے  یہاں منڈکا ودھان سبھا حلقہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں کے لاکھوں نوجوان فوج میں بھرتی ہو کر ملک کی خدمت کرنے کا خواب دیکھتے ہیں لیکن حکومت نے فوج کی نوکری صرف ۴؍ سال کیلئے کردی ہے جو ملک کی سلامتی کیلئے خطرہ تو ہے ہی اور ملک کے نوجوانوں کے مستقبل  کے ساتھ بھی کھلواڑ ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ ملک کی سلامتی کو اولین ترجیح دی ہے۔ پارٹی ہمیشہ سے ملک کے ان داتا کسانوں اور سرحدوں کے نگہبان فوجیوں کے مفادات کیلئے کام کرتی آئی ہے۔ سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری نے۱۹۶۰ء کی دہائی میں ’جے جوان جے کسان‘  کا نعرہ دے کر ان دونوں طبقوں کیلئے اپنے احترام کا اظہار کیا تھا لیکن آج مودی حکومت نے پہلے کسانوں کے مفادات کے خلاف کالے قوانین بنائے اور جب ان کی سخت مخالفت کی گئی تو انہیں واپس لے لیا۔ انہوںنے کہا کہ اس پر جتنا افسوس کیا جائے کم ہے کہ ملک کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے فوج میں ۴؍ سالہ بھرتی کے منصوبے کو درست قرار دیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ان کا کوئی بیٹا فوج میں ہے؟ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر کسی بی جے پی لیڈر کا بیٹا فوج میں نہیں ہے تو ایسے لوگ ملک کی خدمت کا کیا مطلب سمجھیں گے۔
راجستھان کے تمام اسمبلی حلقوں میں ستیہ گرہ
 جے پور(ایجنسی): راجستھان میں کانگریس نے راجدھانی جے پور سمیت تمام اضلاع کے تمام اسمبلی حلقوں میں مرکزی حکومت کی اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ستیہ گرہ کیا اور اس دوران احتجاج کرتے ہوئے اس اسکیم کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔ یہ ستیہ گرہ صبح دس بجے شروع ہوا جو دوپہر ایک بجے تک جاری رہا۔ریاستی کانگریس کے صدر گووند سنگھ دوٹاسرا نے اپنےآبائی ضلع میں اپنے اسمبلی حلقہ لکشمن گڑھ میں منعقدہ  ستیہ گرہ میں حصہ لیا اور اس اسکیم کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
’سرکار نے نوجوانوں کو آگ میں جھونک دیا‘
 پٹنہ(ایجنسی): اگنی پتھ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے  بہار کانگریس نے کہا کہ حکومت نے نوجوانون کو آگ میں جھونک دیاہے ۔کانگریس کے سنیئر لیڈر کنہیا کمار نے پارٹی کے بہار معاملوں کے انچارج بھکت چرن داس اور بہار کانگریس صدر مدن موہن جھا کی موجودگی میںریاستی ہیڈکوارٹرا صداقت آشرم میں منعقدہ پریس کانفرنس میں’اگنی پتھ کی بات، یواؤں کے ساتھ وشواس گھات‘ کے عنوان کے ساتھ منصوبے کی ایک ، ایک کرکے خامیاں شمارا کرائیں۔
 جموں میں کانگریس کازبردست مظاہرہ
 جموں(ایجنسی): جموںکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں کانگریس نے اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے اور توے پل کے نزدیک دھرنا دیا۔اس موقع پر پی سی سی چیف نے کہاکہ اگنی پتھ اسکیم ملک کے نوجوانوں کیلئے ایک بہت بڑا دھوکہ ہے ۔ یہاں کانگریس کے  ریاستی  صدر غلام احمد میر کی قیادت میں کانگریس نے احتجاج کیا۔

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK