Updated: October 27, 2025, 10:58 PM IST
| New Delhi
الیکشن کمیشن ماننے کو تیار نہیں ، چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ۱۲؍ ریاستوں میں ووٹر لسٹ پر خصوصی نظر ثانی ہو گی، یوپی ، بنگال ، تمل ناڈو ، گجرات اور راجستھان جیسی اہم ریاستیں بھی شامل ، بہار کے ایس آئی آر پر اپنی پیٹھ تھپتھپائی ،اپوزیشن پارٹیوں پر تنقیدیں، ملک گیر نظر ثانی کا آج سے آغاز ، ووٹرلسٹ فریز کردی گئی
ملک کے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اپنے معاونین کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔(پی ٹی آئی )
ووٹرلسٹ پر نظر ثانی کی تمام تر مخالفتوں، پریشانیوں اور ذہنی اذیتوں کے باوجود الیکشن کمیشن آف انڈیا نے کسی بھی مخالفت یا رائے کو خاطر میںنہ لاتے ہوئے اور اپنی من مانی کرتے ہوئے اتر پردیش اور مغربی بنگال سمیت ۱۲؍ریاستوں میں منگل سے ’ایس آئی آر‘ کا عمل شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے دہلی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اس سے متعلق معلومات فراہم کی اور کہا کہ جن ۱۲؍ ریاستوں میں ایس آئی آر کا عمل کل سے شروع ہوگا، وہاں کی ووٹر لسٹ پیر کی ریاست سے ہی ’فریز‘ ہو جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے اعلانات
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے پریس کانفرنس میں بہار میں ایس آئی آر پر اپنی پیٹھ بھی تھپتھپائی اور بتایا کہ ’ایس آئی آر‘ کا پہلا مرحلہ بہار میں کامیابی کے ساتھ پورا ہوا ہے۔ اس لئے اب ہم دوسرے مرحلے کی جانب بڑھیں گے۔ دوسرے مرحلہ میں ۱۲؍ ریاستوں کی ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی کرائی جا رہی ہے۔اس مرحلہ میں ووٹر لسٹ کے اپڈیشن، نئے ووٹرس کے نام جوڑنے اور خامیوں کو ختم کرنے کا عمل انجام دیا جائے گا۔ یہ عمل بھی بہار کی طرح ہی کیا جائے گا ۔ دوسرے مرحلہ میں جن ۱۲؍ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں میں ایس آئی آر کیا جائے گا ، ان کے نام ہیں: گجرات، کیرالہ، مدھیہ پردیش، اتر پردیش، راجستھان، مغربی بنگال، انڈمان و نکوبار جزائر، گوا، پڈوچیری، چھتیس گڑھ، تمل ناڈو اور جزائر لکش دیپ۔
تفصیلات کیا ہیں؟
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے پریس کانفرنس میں ایس آئی آر سے متعلق تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ بوتھ لیول افسران (بی ایل او) ہر ووٹر کے گھر کم از کم۳؍ بار دورہ کریں گے، تاکہ نئے ووٹرس کو لسٹ میں جوڑا جا سکے اور کسی بھی غلطی کی اصلاح ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ’’بی ایل او گھر گھر جا کر فارم ۶؍ اور ڈکلیریشن فارم جمع کریں گے، نئے ووٹرس کو فارم بھرنے میں مدد کریں گے اور انہیں ای آر او (الیکٹورل رجسٹریشن افسر) یا اے ای آر او (اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن افسر) کو سونپیں گے۔گیانیش کمار کا کہنا تھا کہ دوسرے مرحلے کی ٹریننگ منگل سے شروع ہو جائےگی۔ سبھی چیف الیکٹورل افسران اور ضلع الیکٹورل افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ آئندہ ۲؍ دنوں کے اندر سیاسی پارٹیوں سے مل کر ایس آئی آر سے متعلق جانکاری کردیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ یہ بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ ووٹرس (خصوصاً بزرگوں، بیماروں، معذوروں، غریب و کمزور طبقات) کو کسی طرح کی پریشانی نہ ہو، اس کے لئے معاونین تعینات کئے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ کسی بھی پولنگ مرکز میں۱۲۰۰؍ سے زیادہ ووٹرس نہیں ہوں گے۔
بہار کے ووٹرس کا شکریہ ادا کیا
دہلی میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے بہار میں ہونے والے ایس آئی آر کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں بہار کے ووٹرس کو نیک خواہشات پیش کرتا ہوں اور ان۷ء۵؍کروڑ ووٹرس کو سلام کرتا ہوں جنہوں نے اس عمل میں سرگرم شراکت داری نبھائی اور اسے کامیاب بنایا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’الیکشن کمیشن نے ملک کی تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کے الیکٹورل افسران سے ملاقات کر کے ایس آئی آر سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے اور اب اس سلسلے میں پیش رفت کی جا رہی ہے۔