• Mon, 27 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹیمبا باؤما ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے جنوبی افریقہ کی ٹیم میں شامل

Updated: October 27, 2025, 9:01 PM IST | Johansberg

ٹیمبا باؤماکو پِنڈلی کی چوٹ سے مکمل طور پر صحت یاب ہونے کے بعد اگلے ماہ ہندوستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے ٹیم میں جنوبی افریقہ کے کپتان کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

Temba Bavuma.Photo:INN
ٹیمبا باؤما۔ تصویر:آئی این این

ٹیمبا باؤماکو  پِنڈلی کی چوٹ سے مکمل طور پر صحت یاب ہونے کے بعد اگلے ماہ ہندوستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے ٹیم میں جنوبی افریقہ کے کپتان کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ باؤما کو ستمبر میں انگلینڈ میں کھیلتے ہوئے چوٹ لگی تھی، جس کی وجہ سے وہ پاکستان کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹائٹل ڈیفنس کی شروعات میں نہیں کھیل پائے تھے۔ وہ اس ہفتے پاکستان میں شروع ہونے والے کسی بھی ون ڈے یا ٹی۲۰؍میچ میں حصہ نہیں لیں گے، البتہ ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونے سے پہلے وہ بنگلورو میں انڈیا اے کے خلاف فرسٹ کلاس میچ میں جنوبی افریقہ اے ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
جنوبی افریقہ کے سلیکٹرز نے پاکستان میں ڈرا سیریز کھیلنے والی ٹیم میں  واحد  بلے بازی میں تبدیلی کرتے ہوئے باؤما کو ٹیم میں شامل کیاہے۔ انہیں مڈل آرڈر بیٹسمین ڈیوڈ بیڈنگھم کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ بیڈنگھم نے جنوبی افریقہ کے لیے ۱۵؍ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں، جن میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریاں شامل ہیں۔ تاہم بولاؤایو میں زمبابوے کے خلاف ۸۲؍ رنز بنانے سے پہلے انہوں نے۱۲؍ اننگز میں ایک بھی نصف سنچری نہیں بنائی تھی۔ ٹونی ڈی زروجی، ٹرسٹن سٹبس، ڈیوالڈ بریوس اور زبیر حمزہ سبھی ٹیم میں شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے  والے تین اسپیشلسٹ اسپنرز - کیشو مہاراج، سائمن ہارمر اور سینورا متھوسامی - کو ٹیم میں برقرار رکھا ہے جبکہ کگیسو ربادا، کاربن بوش اور مارکو یانسن فاسٹ بولنگ کا شعبہ سنبھالیں گے۔ دو میچوں کی سیریز۱۴؍ دسمبر کو کولکاتہ میں شروع ہوگی، جبکہ دوسرا ٹیسٹ ۲۲؍ دسمبر سے گوہاٹی میں کھیلا جائے گا۔ جنوبی افریقہ ہندوستان میں تین ون ڈے اور پانچ ٹی۲۰؍ میچ بھی کھیلے گا۔
ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے جنوبی افریقہ کی ٹیم: ٹیمبا باؤما (کپتان)، ایڈن مارکرم، ریان رکلٹن، ٹرسٹن اسٹبس، کائل ویرین، ڈیوالڈ بریوس، زبیر حمزہ، ٹونی ڈی زروجی، کاربن بوش، ویان ملڈر، مارکو یانسن، کیشو مہاراج، سینورا متھوسامی، کگیسو ربادا اور سائمن ہارمر۔

یہ بھی پڑھئے:پی وی سندھو رواں سال بی ڈبلیو ایف ٹور ایونٹس سے دستبردار

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی۲۰؍ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی
 پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی۲۰؍ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹرافی کی رونمائی دونوں ٹیموں کے کپتانوں پاکستان کے سلمان علی آغا اور جنوبی افریقہ کے ڈونوون فریرا نے مشترکہ طور پر کی۔ اس موقع پر دونوں کپتانوں نے یادگاری تصاویر بھی بنوائیں۔  پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ ۲۸؍ اکتوبر منگل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کا دوسرا میچ ۳۱؍اکتوبر جبکہ تیسرا اور آخری میچ یکم نومبر کو شیڈول ہے۔ آخری دونوں میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK