Inquilab Logo

نوی ممبئی ایئر پورٹ کے ۲۰۲۴ء تک مکمل ہونے کا دعویٰ

Updated: June 08, 2023, 10:28 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا’’ یہ ہوائی اڈہ ملک کا اہم ایئر پورٹ بنے گا‘‘

Devendra Farnavis and Eknath Shinde show the runway
دیویندر فرنویس اور ایکناتھ شندے رن وے دکھارہے ہیں

: ممبئی  اور اطراف کے علاقوں کے شہریو ں کو بیرون ممالک سفرکیلئے جلدہی  مزید سہولت ملنے کا  امکان ہے  اور نئے ایئر پورٹ کا انتظار جلد ختم ہونے کی امید ہے کیونکہ  نوی ممبئی میں نئے بین الاقوامی ایئر پورٹ کا کام ۲۰۲۴ء تک مکمل کر لیاجائے گا جس کے بعد شہری یہاں سے بھی بیرون ممالک سفر کر سکیں گے۔ بدھ کو وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے  ہیلی کاپٹر کے ذریعے نوی ممبئی ہوائی اڈے  اور رن وے کا دورہ کرنے کے بعد اس کا دعویٰ کیا ہے۔   
 نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈہ کے معائنہ کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ’’یہ ایئر پورٹ نہ صرف ریاست بلکہ ملک کیلئے  بھی ایک اہم ہوائی اڈہ بنے گا۔‘‘ انہوںنے کہاکہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہوائی اڈہ شیڈول کے مطابق عوام کیلئے استعمال میں لایا جائے۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے زور دے کر کہا کہ ریاستی حکومت جاری کام میں درپیش مسائل کو دور کرنے کیلئے تمام ضروری تعاون فراہم کرے گی۔ اُلوےسے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہوائی اڈے کے معائنہ کے بعداڈانی گروپ کی جانب سے ایک پریزنٹیشن بھی دیاگیا تھا۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس، اراکین پارلیمان شری رنگ بارنے، ڈاکٹر شری کانت شندے، رکن اسمبلی مہیش بالدی، رائے گڑھ کے سرپرست وزیر ادے سامنت ایم ایم آر ڈی اے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سنجے مکھرجی اور دیگر عہدیداروں موجود تھے۔
 اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’ نوی ممبئی ہوائی اڈہ پونے، ممبئی، گوا کے لئے اہم ہے۔ ہوائی اڈے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں ہوئی تھی اور افتتاح بھی انہی کے ہاتھوں ہوگا۔ ہمیں خوشی ہے کہ ہوائی اڈے کی تعمیر اچھی اور تیز رفتاری سے جاری ہے۔‘‘ وزیر اعلیٰ شندے نے یہ بھی کہا کہ اس ایئر پورٹ کو جلد ہی عوام کیلئے کھولنے کیلئےتمام کوششیں جاری ہیں۔
 نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا کہ نوی ممبئی ہوائی اڈے کا کام بہت تیزی سے جاری ہے اور یہ ہوائی اڈہ ملک کا منفرد ہوائی اڈہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آج معائنہ کرنے کا مقصد مسائل کو حل کر کے کام کو تیزکرنا ہے۔ ہوائی اڈے کو ۲۰۲۴ء تک شروع کرنے کی کوشش کی جائے گی۔  انہوںنے مزید کہا کہ’’ مواصلات کے مختلف ذرائع اس ہوائی اڈے سے منسلک ہوں گے اور یہاں کارگو کی سہولت بھی ہوگی۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK