Inquilab Logo

نوی ممبئی:جوئی نگر شرونے سب وے میں گٹر کے پانی سے راہ گیروں کو پریشانی

Updated: March 13, 2023, 10:46 AM IST | Wasim Ahmed Patel | Navi Mumbai

یہاں جوئی نگر شرونے ریلوے کا سب وے گاڑی والوں اورراہ گیروں کیلئے پریشانی کا باعث بنتا جا رہا ہے۔

Jui Nagar is crossing the subway.
جوئی نگر شرونے سب وے سے راہ گیرگزررہے ہیں۔(تصویر: انقلاب)

: یہاں  جوئی نگر شرونے ریلوے کا سب وے  گاڑی والوں اورراہ گیروں کیلئے  پریشانی کا باعث بنتا جا رہا ہے۔ اس کی وجہ  ہے کہ کھلی گٹر جس کا پانی  بہہ کر سب وے میں آرہا ہے۔ گنیش پاٹل نامی  شخص نے کہا کہ   جوئی نگر،  جوئی پاڑہ گاؤں  اورنیرول کے  سیکٹر۲؍  میں رہنے والے افراد کیلئے شرونے گاؤں  اورنیرول ایل پی  شاہراہ جانے کیلئے  یہ سب وے آسان اور قریب ہونے کی وجہ سے اس کا بڑی تعداد میں استعمال ہوتا ہے۔    اس کے علاوہ شرونے گاؤں میں ہر اتوارکو ہفتہ واری بازار لگنے کی وجہ سے لوگ بڑی تعداد میں سب وے  سے یہاں پر خریداری کیلئے آتے ہیں۔ طلبہ بھی اسکول جانے کیلئے اس  سب وے کا استعمال کرتے ہیں لیکن گزشتہ ۶،  ۷؍ مہینے سے  یہاں موجود گٹر کھلی ہے اور اس کا پانی باہر آجاتا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو  گندے پانی سے ہوکرگزر نا پڑتا ہے۔طلبہ کے یونیفارم بھی گندہ پانی اڑنے سے خراب ہو جاتے ہیں۔  بہت سی گاڑیاں  پانی کی وجہ سے پھسل جاتی ہیں۔ اگر کوئی گاڑی تیز رفتاری سے گزرتی ہے تو گٹر کا پانی لوگوں کے کپڑوں پر اڑ تا ہے۔ گٹر کے پانی کی نکاسی کا نظام بھی نہیں ہے۔
   نمائندۂ انقلاب نے اس سلسلے میں  نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن کے  اسسٹنٹ انجینئر  پنڈری ناتھ چوڑے سے استفسار کیا تو انہوں نے کہا کہ یہاں پر موجود گٹروں کی مرمت کا کام ہم نے ۶؍ مہینے پہلے کیا تھا۔ اس کے علاوہ  ۱۰؍ہارس  پاور انجن کے ۲؍پمپ بھی لگائے ہیں  تاکہ بارش کا پانی یہاں پر جمع نہ ہو۔  ہم جلد ہی سب وے کا معائنہ کرکے اس کی صاف صفائی اورگٹر کی مرمت  کے علاوہ دیگر تکنیکی خامیاں دور کریں گے تاکہ لوگوں کو پریشانی سے نجات مل سکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK