Inquilab Logo

نوی ممبئی: مینگروزکوبچانے کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا مطالبہ

Updated: December 05, 2022, 9:26 AM IST | Mumbai

غیرسرکاری تنظیم ’نیٹ کنیکٹ فاؤنڈیشن‘ نے محکمۂ جنگلات پر واشی اور تربھے میں زمین پر قبضہ کرنے والے ریکٹ کو بے نقاب کرنے کیلئے فوری کارروائی پرزور دیا

Illegal encroachments in the mangrove zone were broken up by the police.
مینگرو زون میں کئے گئے غیرقانونی قبضے کوپولیس بندوبست میں توڑدیا گیا۔

 یہاں کے مینگرو زون میں زمینوں پر قبضے کے بڑے ریکٹ کا پردہ فاش کرنے کے بعد  ماحولیات کے ماہرین نے محکمۂ جنگلات پر زور دیا ہے کہ وہ علاقے میں تقریباً  ۲۰؍مقامات پر۱۱۱؍سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے اپنے منصوبے کو تیز کرے۔ محکمہ کے مینگرو سیل نے کہا ہے کہ اس نے ایک ریکٹ کا پردہ فاش کیا ہے جو۱۷؍ ہزار ۲۴۰؍  سے زیادہ مینگرو کے پودوں کو ختم کرنے اور واشی اور تربھے میں تقریباً۳ء۸۸؍ہیکٹر زمین پر قبضہ کرنے کے معاملے میں ملوث ہے۔بتایا جاتا ہے کہ مینگرو کو نقصان پہنچنے سے کم از کم۱ء۲۶؍کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔
 ۲۳؍نومبر کو مینگروو سیل کے ڈویژن فاریسٹ آفیسر آدرش ریڈی نے زمین پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے بارے میں ٹویٹ کیا تھاکہ ’’آج واشی سی ٹی ایس نمبر۱۷؍ میں مینگرو ایریا میں محکمۂ جنگلات، محکمۂ پولیس  ریوینیو ڈپارٹمنٹ اور میونسپل عملے کی مشترکہ کارروائی میں ۱۰۳؍ غیرقانونی جھوپڑوں کو  صاف کیا گیا۔زمین مافیا کے پیش نظرغیرسرکاری تنظیم ’ نیٹ کنیکٹ فاؤنڈیشن ‘نے سی سی ٹی وی کیمرہ نیٹ ورک کی فوری تنصیب کا مطالبہ کیا ہے جس کے بارے میں حکومت کافی عرصے سے بات کر رہی ہے۔ مینگرو سیل نےسی سی کیمروں کیلئے پہلے سے طے شدہ ۵۴؍ مقامات کو بڑھا کر۱۱۱؍کر دیا ہے۔
 مذکورہ غیرسرکاری تنظیم کے ڈائریکٹر بی این کمار نے کہا کہ ’’منصوبہ کاغذ پر اچھا لگتا ہے لیکن اس پر جلد عمل درآمد ہونا چاہئے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ چونکہ اس کارروائی کے بعد مینگروز پرملبہ پڑا ہوا ہے اس لئے سورج ڈھلنے کے بعدوہاں نائٹ ویژن کیمرے لگائے جانے چاہئیں۔‘‘
 ۱۱۱؍کیمرے تلولی، گوتھیوالی، کوپر کھیرانے، واشی، تربھے، الوے، کھارگھر اور کاموٹھے جیسے مقامات پر نصب کرنے کا منصوبہ ہے۔ بی این کمار نے تجویز پیش کی ہے کہ حکومت سی سی ٹی وی نیٹ ورک کیلئے ایک کنٹرول روم قائم کرے اورایک ریپڈ ایکشن فورس ہو جوفوری توجہ دلانے پرتیزی سے حرکت میں آئے۔‘‘انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’اس وقت کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اس خیال کا حوالہ جنگلات کے سیکریٹری بی وینو گوپال ریڈی کو دیاتھا۔ ہم آر ٹی آئی کے ذریعے اسے فالو کر رہے ہیں۔ نائٹ ویژن کیمرہ نیٹ ورک ارن میں بھی نصب کیا جانا  چاہئے۔‘‘
 مینگرو سیل نے مینگرو کے حصے کوصاف کرکے وہاں تعمیر کی گئی غیر قانونی جھوپڑیوں کو مسمار کر دیا  اور خاص سمندری پودوں کو ہیک کرنے کے بعد بنائے گئے کیکڑوں اور مچھلیوں کے غیرقانونی تالابوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔؎
 ’نیٹ کنیکٹ فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر وی این کمار نےاس تعلق سے کہا کہ مینگرو سیل نے کچھ دن پہلے۶؍ افراد کو حراست میں لیاتھا اور سبھی کو بیلا پور جوڈیشیل فرسٹ کلاس مجسٹریٹ نے ۱۵؍ ہزار روپے کے ذاتی مچلکے پر رہا کردیا تھا۔
 ۲۰۰۵ءکے مہاراشٹر ریموٹ سینسنگ اور ایپلی کیشن میپ کے مطابق واشی کے مقام پر گھنے سے کچھ کم مینگروز تھے اور تربھے کے مصنوعی تالاب میں گھنے پودے تھے۔ قبضہ کی گئی زمین پر ڈیڑھ ہزار تا ۲؍ ہزار روپے کرایہ پر رہنے والے ۴۴؍ افراد کو مینگروز سیل نے پکڑکر عدالت میں پیش کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK