Inquilab Logo

نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن میں ۱۴؍گائوں شامل ہونگے

Updated: March 25, 2022, 8:47 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ریاستی اسمبلی میں ایکناتھ شندے کا اعلان،بنیادی سہولیات کے فقدان کے سبب گائوں والے اس تعلق سے احتجاج کررہے تھے

Eknath Shinde announcing villages in the state assembly
ایکناتھ شندے ریاستی اسمبلی میں گائوں سے متعلق اعلان کرتے ہوئے

 تھانے میونسپل کارپوریشن ( ٹی ایم سی )  کے اطراف واقع ۱۴ ؍گاؤںنوی ممبئی میونسپل کارپوریشن ( این  ایم ایم سی ) میں شامل  کئے جائیں گے اوروہاں پرپینے کےپانی،علاج ، بہتر سڑکیں اور دیگربنیادی سہولتیںمرحلہ وارمہیاکرائی جائیںگی۔ جمعرات کو قانون ساز اسمبلی   میں متعدداراکین کے اصرارپرشہری ترقیات کے وزیر ایکناتھ شندے  نے یہ اعلان کیاہے۔شندے نے یہ بھی کہا ہے کہ نوی ممبئی کے میونسپل کمشنر کو ہدایت دی جائےگی کہ وہ ان گاؤں کو شامل کرنے کیلئے ضروری کارروائی انجام دیں۔
  واضح رہے کہ ان گاؤں  والوں کی جانب سے پچھلے کئی برسوں سے  یہ مطالبہ کیا جارہا تھا اور اس کیلئے متعدد مظاہرےبھی کئےگئے ہیں۔ حکومت کے اس فیصلے سے دیہاتیوں کو بڑی راحت ملنے کی امید ہے کیونکہ ان گاؤںمیںنہ ہی پینے کا پانی میسر ہے اور نہ ہی بہتر سڑک، لیکن اب منصوبہ بند طریقے سے ان گاؤوں کی ترقی ہو سکےگی۔اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں جمعرات کو ۱۴؍ گاؤوں کو شامل کرنے کا سوال ایم ایل اے پرمود پاٹل نےاٹھایا اوربالاجی کنیکر، گنیش نائک اور  رویندر چوان نےاس کی حمایت کی تھی۔پہلے شندے نے گاؤں کو شامل کرنے کیلئےغور کرنے کا یقین دلایا تھا اور عذرپیش کیاتھاکہ میونسپل کارپوریشن الیکشن کیلئے وارڈوں کی تشکیل بھی ہو چکی ہے اور ایسے میں انہیں نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن میں شامل کرنا دشوارہے ۔ لیکن جب اراکین اسمبلی نے اصرار کیا تو وہ راضی ہو گئے۔
شہریوں کے مطالبہ پر ہی یہ گاؤںنوی ممبئی سے نکالے گئے تھے اور اب ضم کرنے کیلئے مظاہرے ہو رہے ہیں
 ایکناتھ شندے نے بتایاکہ ’’تھانے میونسپل کارپوریشن سے متصل یہ ۱۴؍ گاؤں پہلے نئی ممبئی میونسپل کارپوریشن کے تحت تھے۔ اس وقت گاؤں والوں کے احتجاج کی وجہ سےانہیں نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن سے باہر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔اس سے ان دیہاتوںمیں سڑک،پانی ، علاج اور بجلی جیسے مسائل پیدا ہوگئے۔ نئی ممبئی میونسپل کارپوریشن میں ان دیہاتوں کو دوبارہ شامل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا  اور اس کے لئے متعدد مظاہرے بھی کئے گئے تاکہ ان مسائل کو دور کیا جاسکے اور انہیں بنیادی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
کون سے ۱۴؍ گاؤں شامل کئے جائیں گے 
 جن ۱۴؍ گاؤوں کو نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن میں شامل کیا جائے گا ان میںدرج ذیل گاؤں شامل ہیں: نیگو، موکاشی، پاڑا، ناوڑی، بھنڈرلی، پمپری گاؤں،گوٹے گھر، بانبلی، اتر شیو، ناگاؤں، نارِولی ، واکلن، بالے اور  دہیسر موری ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK