Inquilab Logo

کورونا ’تیزی سے پھیلانے والوں‘ پر نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن کی نظر

Updated: July 12, 2021, 11:57 AM IST | Anurag Kamble | Navi Mumbai

دواؤں کی دکانوں ، ہوٹلوں ، بار ، سیلون وغیرہ کے عملے پر توجہ دے گی کیونکہ یہ روزانہ کئی لوگوں سے رابطے میں آتے ہیں ۔ جولائی کے آخر تک ۴۵؍ سال سے زیادہ عمر کے ۸؍ لاکھ افراد کو کم از کم ایک ٹیکہ لگانے کا ہدف

 View of the vaccination camp for autorickshaw and taxi drivers in.Picture:INN
نوی ممبئی میں آٹورکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں کیلئے ٹیکہ کاری کیمپ کا منظر۔ ۔تصویر :آئی این این

 کوروناوائرس کی  دوسری لہرکے اثر میں کمی  اور اس وبا سے مستقبل میں بہتر طورسے نمٹنے کیلئے ٹیکہ کاری میں اضافہ کیلئے نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن (این ایم ایم سی ) نے منصوبہ بنالیا ہے جس کے تحت ایسے لوگ جن کے ذریعے سے کورونا تیزی سے پھیل سکتا ہے ، ان پر خاص طورپر توجہ دی جائے گی۔ ان میں دواؤں کی دکان ، ہوٹل ، بار، سیلون اور دیگر جگہوں پر کام کرنے والے افراد شامل ہیں، جن کا روزانہ کئی افراد سے رابطہ رہتا ہے۔  انہیں ٹیکہ دیا جائے گا۔ اس کی کڑی کے طورپر این ایم ایم سی نے جمعرات کو آٹورکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں کیلئے کیمپ کا انعقاد کیا تھا۔ شہری انتظامیہ کا ہدف ہے کہ رواں ماہ کے آخر تک ۴۵؍ سال سے زیادہ عمر کے ۸؍ لاکھ افرادکو کم از کم ایک ٹیکہ دیا جائے۔ نوی ممبئی میں ٹیکہ کاری کے ۷۸؍ مراکز ہیں لیکن اس مہم میں اب تک کی سب سے بڑی رکاوٹ ٹیکوں کی غیریقینی سپلائی ہے۔ ایسے افراد جن سے کورونا تیزی سے پھیل سکتا ہے ، انہیں ٹیکہ لگانا اس کی حکمت عملی کا حصہ ہے ، وہ بھی ایسے وقت میں جب ٹیکوں کی قلت ہے۔ اس سے قبل اس نے بھکاریوں اور فٹ پاتھ پر رہنے والوں کو ٹیکہ دیا تھا۔ اس تعلق سے این ایم ایم سی کے ایک افسر نے کہا کہ ’’اب جبکہ ٹیکہ کاری جاری ہے ، ہم ایسے افراد پر توجہ دے رہے ہیں  ، جو روزانہ اپنے کام کے دوران کئی لوگوں کے رابطے میں آتے ہیں۔ ہم نے پایا ہے کہ اپنی معمول کی زندگی میں دواؤں کی دکان ، ہوٹلوں ، بار، سیلون اور بیوٹی پارلرس  میں کام کرنے والے افراد نیز آٹورکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں کا کئی افراد سے رابطہ ہوتا ہے۔‘‘ شہری انتظامیہ نے اب تک دواؤں کی دکان کے ۲۵۰؍ ملازمین ، ہوٹل اور بار میں کام کرنے  والے ۸۲۷؍ افراد اور سیلون اور بیوٹی پارلرس کے ۳۳۸؍ ورکرس کو ٹیکہ دیا ہے۔ جمعرات کو واشی اور نیرول کے اسپتالوں میں ۵۸۳؍ آٹو اور ٹیکسی ڈرائیوروں کو کووڈ۱۹؍ سے حفاظت کا ٹیکہ دیا گیا۔ اس بارے میں نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ابھیجیت بانگر نے کہا کہ ’’ٹیکہ کاری کی اس خصوصی مہم کے پس پشت خیال یہ ہے کہ سماج کے زیادہ سے زیادہ افراد کو ٹیکہ دیا جائے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’آئندہ اقدام میں ہم ڈیلیوری بوائز کو ٹیکہ دیں گے۔ اس طرح سے سماج میں کورونا تیزی سے پھیلانے والوں کو کم کیا جائے گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK