’گھر حق سنگھرش سمیتی ‘کی شکایت پر کارروائی ۔ جمعہ کا احتجاج ملتوی ۔ بجرنگ دل کے عہدیدار نے بھی اپنا مدعا بیان کیا
EPAPER
Updated: July 16, 2025, 11:53 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
’گھر حق سنگھرش سمیتی ‘کی شکایت پر کارروائی ۔ جمعہ کا احتجاج ملتوی ۔ بجرنگ دل کے عہدیدار نے بھی اپنا مدعا بیان کیا
یہاں تربھے ناکہ پر مسجد دارالسلام ( ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نگر ) سے متصل ونایک ریسیڈنسی (بورڈنگ لاج)کےخلاف تحریری شکایت اور مقامی ذمہ داراشخاص کی جانب سے جمعہ کواحتجاج کا انتباہ دینے کےبعد پولیس نے لاج بند کرادیا اور لاج کے مالک کو ہدایت دی ہے کہ بغیراجازت نامہ حاصل کئے وہ دوبارہ لاج شروع نہ کرے ۔
ونایک ریسیڈنسی کے خلاف ’گھر حق سنگھرش سمیتی ‘ کےریاستی نائب صدر خواجہ میاں پٹیل نے وزیراعلیٰ ، نائب وزیراعلیٰ، پولیس کمشنر ، بجرنگ دل اوروشوہندو پریشد کے عہدیداران سے بھی شکایت کی تھی۔ (خبر اتوار ۱۳؍جولائی کو انقلاب میں شائع ہوچکی ہے)۔
اس تعلق سے خواجہ میاں پٹیل سے رابطہ قائم کرنے پرانہوں نے بتایا کہ ’’ یہ صحیح ہے کہ لاج بند کرادیا گیا ہے۔ ہم لوگوں کوبھی بدھ کی شب میں ایم آئی ڈی سی تربھے ناکہ پولیس اسٹیشن میںبلایا گیا۔ ہم لوگوں نے سینئر انسپکٹر سے ملاقات کی اور اے سی پی کے ہمراہ ایم آئی ڈی سی انجینئر،وارڈ آفیسر، نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن کے اجازت دینے والے ڈپارٹمنٹ کےافسر اور ایم آئی ڈی سی انجینئرکی مشترکہ میٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ بغیراجازت لاج چلانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’ اس تعلق سے گھنسولی میں رہنے والےبجرنگ دل کے عہدیدار تیجس پاٹل نے ۱۰؍جولائی کومسجد کی تعمیرات کے خلاف، اذا ن کیلئے لاؤڈاسپیکرکا تیزآواز میں استعمال، غیر قانونی مدرسہ، مسلمانوں کی بڑھتی آبادی، بنگلہ دیشیوں کی موجودگی اورجمعہ کی نماز کے بعد مسلمانوں کے جمع ہونے سے ٹریفک نظام درہم برہم ہونے وغیرہ کا حوالہ دے کر الگ الگ محکموں میں شکایت کی تھی ۔ہم نے ان سے بھی بات چیت کی اورکہا کہ اگر کوئی بنگلہ دیشی ہے تو نشاندہی کیجئے ،ان کے خلاف کارروائی کا ہم بھی استقبال کریں گے۔ لاؤڈاسپیکر کا استعمال قانون کے دائرے میں پولیس کی اجازت لے کر کیا جاتا ہے۔مسجد کے تمام کاغذات موجود ہیں اور پابندی سے چیئریٹی کمشنر میںحساب کتاب پیش کیا جاتا ہے۔ اس لئے بے بنیاد الزام تراشی نہیں کی جانی چاہئے ۔‘‘
سینئر انسپکٹر کے ہمراہ مقامی ذمہ دار اشخاص کی میٹنگ میںمثبت باتیں سامنے آنے کے بعد خواجہ میاں پٹیل اوردیگرذمہ دار اشخاص کی جانب سے بتایاگیا کہ جمعہ کا احتجاج ملتوی کردیا گیا ہے۔
تربھے ناکہ ایم آئی ڈی سی پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر آباصاحب پاٹل سےپوچھنےپر انہوں نے کہا کہ ’’ ہم نے لاج بند کرادیا ہے اور اس کے مالک سے کہا گیا ہے کہ اجازت حاصل کرنےکے بعد ہی وہ دوبارہ شروع کرے۔ ‘‘ انہوں نےیہ بھی بتایا کہ ’’ یہ معاملہ ۱۲؍سال قبل سےچل رہا ہے اورپولیس کااس میں کوئی رول نہیں ہے، ہمارا کام لاء اینڈ آرڈر برقرار رکھنا ہے۔ خواجہ میاں کی جانب سے شکایت کی گئی تھی، اس پرتوجہ دی گئی ۔ جہاں تک بجرنگ د ل کے تیجس پاٹل کی شکایت کا معاملہ ہے توپولیس کواب تک ان کی جانب سے شکایت موصول نہیںہوئی ہے۔ اگر پولیس کمشنر کے دفتر میںکی گئی ہوگی تو ہمیں مطلع کیا جائے گا ۔‘‘
انقلاب نے بجرنگ دل کے عہدیدار تیجس پاٹل سے تفصیل سے گفتگو کی۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جنہیں قانون کے بجائے افہام وتفہیم سے حل کرلیاجاتا ہے۔ میںنے اس معاملے میںخواجہ میاں پٹیل سے یہی کہا ہے کیونکہ اگر ہر چیزکوقانون کے دائرے میں رکھا جائیگا تو سبھی کیلئے مشکل پیش آسکتی ہے۔ جہاں تک مجھے معلوم ہے ونایک ریسیڈنسی اینڈ لاج میںکوئی فحش حرکت نہیںکی جاتی ہے اور اگر واقعی ایسا ہے توپولیس تفتیش کرکے کارروائی کرے گی ۔‘‘ان سے یہ پوچھنے پرکہ آپ نے مسجد کے خلاف جو شکایت کی ہے اس کا کیا ہوا؟ تو انہوں نےکہا کہ ’’ مجھے اس کی تفصیل کا علم تو نہیں ہے مگریہ معلوم ہوا ہے کہ اس پرتوجہ دی جارہی ہے ۔‘‘