نوی ممبئی : میٹروریل خدمات شروع ہونے سے شہریوں میں خوشی کی لہر۱۲؍ سال کے طویل انتظار کے بعد پہلی میٹرو کو سڈکو نے بغیر کسی رسمی افتتاح کے شروع کردیا۔ ٹرین میں سفر کرنے والے افراد نے کہا: آج کا دن نوی ممبئی کی تاریخ میں سنہرے حرفوں سے لکھا جائے گا۔
EPAPER
Updated: November 18, 2023, 9:06 AM IST | Wasim Patel / Agency | Mumbai
نوی ممبئی : میٹروریل خدمات شروع ہونے سے شہریوں میں خوشی کی لہر۱۲؍ سال کے طویل انتظار کے بعد پہلی میٹرو کو سڈکو نے بغیر کسی رسمی افتتاح کے شروع کردیا۔ ٹرین میں سفر کرنے والے افراد نے کہا: آج کا دن نوی ممبئی کی تاریخ میں سنہرے حرفوں سے لکھا جائے گا۔
نوی ممبئی کی پہلی میٹرو ریل ۱۲؍ سال کےطویل انتظار کے بعدجمعہ کو شروع ہوگئی۔ پہلی سروس دوپہر۳؍ بجے پیندھر-بیلا پور تک چلائی گئی۔ واضح رہے کہ نوی ممبئی میٹرو ریل کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی کرنے والے تھے لیکن وزیراعظم کے دفتر سے گرین سگنل نہ ملنے کی وجہ سے اسے دو بار منسوخ کر دیا گیاتھا۔ یہ چہ میگوئیاں تھیں کہ پی ایم مودی میٹرو ریل اور دیگھا ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کرنے کیلئے نوی ممبئی جائیں گے لیکن وزیر اعلیٰ یا وزیراعظم کے دفتر کی طرف سے اس کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔جمعرات کو وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے آخر کار سڈکو کو’مقامی لوگوں کے مفاد میں‘ میٹروریل خدمات شروع کرنے کی ہدایت دی۔
’’اتنے لمبے انتظار کے بعد آج ہمیں یہ دن دیکھنا نصیب ہوا ‘‘
پہلی میٹرو ریل جب روانہ ہوئی تولوگوں میں زبردست جوش وخروش دیکھا گیا۔ پہلی ٹرین سے سفر کرنے والے خودکو خوش نصیب محسوس کر رہے تھے ۔ کئی خواتین ایسی تھیں جنہیں اپنے جذبات کو قابو رکھنا مشکل ہو رہا تھا۔ تلوجہ فیز ون میں مقیم ابراہیم نامی نوجوان نے کہا کہ ’’میٹرو میں سفر کرتے وقت ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ ہم کسی بیرون ملک میں ہیں۔ میں خود کو ہوا میں اڑتا محسوس کر رہا تھا۔ اس کی ڈیزائن بہت ہی اچھی ہے ۔سیٹ آرام دہ ہے۔ میں سوچ رہا تھا کہ یہ سفر ختم ہی نہ ہو۔‘‘ودرنا کٹیکر نامی خاتون جو کوپرکھیرنے کی رہنے والی تھی اور فیز- ون میں ملازمت کرتی ہے، کہا کہ ’’ پہلے مجھے یہاں آنے کیلئے کافی لمبا سفر کرنا طے کرنا پڑتا تھا لیکن اب میں کوپر کھیرنے سے بیلا پورآ کر آسانی سے فیز- ون آ سکتی ہوں۔‘‘ بیلا پور کے رہنے والے مادھو وشوا س جو اپنی اہلیہ کے ہمراہ پہلی میٹرو ریل میں سفر کر رہے تھے، نے کہا کہ ’’آج کا دن نوی ممبئی کی تاریخ میں سنہرے حرفوں سے لکھا جائے گا۔ آج ہمیں کافی فخر محسوس ہو رہا ہے۔ اتنے لمبے انتظار کے بعد آج ہمیں یہ دن دیکھنا نصیب ہوا ۔ یہ سفر کافی آرام دہ محسوس ہو رہا ہے۔ اس سے وقت کی بچت بھی ہوں گی۔‘‘راجندر سامنت نے کہا کہ ’’ یہ اچھا ہوا کہ کسی وی آئی پی کے ہاتھوں اس کا افتتاح کرنے کے بجائے آج ہی یہ ٹرین شروع کردی گئی لیکن اس کا کرایہ بیلا پور سے پیندھر تک ۴۰؍ روپے ہے جو بہت زیادہ ہے۔ کرایہ کم کرنا چاہئے۔‘‘ مہاراشٹر بہوجن ونچت وکاس نامی تنظیم کے جنرل سیکریٹری اقبال ناورکر کے مطابق یہ ٹرین شروع کرنے کیلئے سڈ کو سے کافی خط و کتابت کی گئی تھی۔ یہ نوی ممبئی کے عوام کیلئے مہاراشٹر حکومت اور سڈ کو کی طرف سے ایک بہترین تحفہ ہے جس کیلئے ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘‘
وزیراعلیٰ نے نوی ممبئی کے شہریوں کو مبارکباد دی
جمعہ کوسڈکو کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں ایکناتھ شندے نے کہا کہ ’’میٹروریل شروع ہونے بے چینی سےانتظار کیا جارہا تھا۔ ۱۷؍نومبر کویہ شروع ہوجائے گی۔ میں اس کیلئے نوی ممبئی کے باشندوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ میں نے سڈکو حکام کو حکم دیا تھا کہ وہ رسمی افتتاح کا انتظار نہ کریں اور مقامی افراد کی سہولت کو ترجیح دیں۔ شہر کے اندرونی علاقوں کو ایک دوسرے سے جوڑنا ضروری تھا۔ یہ کام میٹرو کرے گی اور یہ ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں میٹرو نیٹ ورک پھیلانے کیلئے حکومتوں کی قرارداد کو آگے لے جائے گی۔‘‘
سڈکو کے وائس چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر انل دیگیکر نے اس بارے میں کہا کہ ’’نوی ممبئی کے باشندوں کا خواب پورا ہوا۔ میٹرو ریل مقامی افراد کو پبلک ٹرانسپورٹ میں تیز، آرام دہ اور ماحول دوست متبادل فراہم کرے گی۔ یہ تلوجہ اور کھارگھر نوڈس کے رہائشیوں کوجوڑنے کا بہترین متبادل فراہم کرے گا۔‘‘
شیوسینا کے دونوں گروپ میں کریڈٹ لینے کی ہوڑ
اس موقع پر شیوسیناشندے گروپ اور ادھو گروپ کے لیڈران اپنے اپنے لیڈروں کی تصاویر کے ساتھ وہاں موجود تھے اور میٹرو ریل شروع کرنے کا سہرا اپنی اپنی پارٹی کے سر باندھ رہے تھے۔
آج سے ٹرین کا وقت
پہلی سروس پیندھراسٹیشن سے بیلا پور تک دونوں اطراف سے دوپہر۳؍ بجے شروع ہوئی اور آخری ٹرین سروس رات۱۱؍ بجے روانہ ہوئی۔ سنیچر (آج) سے پہلی ٹرین صبح ۶؍ بجے سے دونوں جانب سے چلے گی اور آخری میٹرو رات۱۰؍ بجے چلے گی۔ اس لائن پر ہر۱۵؍ منٹ کے وقفہ سے ٹرین آئے گی۔ نوی ممبئی کیلئے ۱۱؍ اسٹیشنوں کے ساتھ ۱۱ء۱۰؍ کلومیٹر طویل میٹرو لائن کو تکنیکی اور قانونی مسائل کی وجہ سے مکمل ہونے میں۱۲؍ سال لگ گئے، حالانکہ سڈکو نے سنگ بنیاد کی تقریب کے ۳؍ سال کے اندر پہلی لائن کو مکمل کرنے اور اسے چلانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ نوی ممبئی میٹرو کا پہلا مرحلہ سی بی ڈی بیلا پور سے پیندھر تک شروع ہوگیا ہے۔
کتنے فاصلے تک کا کتنا کرایہ ؟
شروعات کے ۲؍ کلومیٹر کیلئے ۱۰؍روپے، ۲؍ سے ۴؍ کلومیٹر کیلئے ۱۵؍روپے ، ۴؍ سے۶؍کلومیٹر کیلئے ۲۰؍ روپے، ۶؍ سے ۸؍ کلومیٹرکیلئے ۲۵؍ روپے، ۸؍ سے ۱۰؍ کلو میٹر کیلئے ۳۰؍ روپے اور پیندھر سے بیلاپور تک کا ۴۰؍ روپے۔