این سی پی (اجیت پوار) کے لیڈرنواب ملک نے دعویٰ کیا کہ ممبئی کا میئر ان کی پارٹی کا ہوگا۔
EPAPER
Updated: January 03, 2026, 2:53 PM IST | Mumbai
این سی پی (اجیت پوار) کے لیڈرنواب ملک نے دعویٰ کیا کہ ممبئی کا میئر ان کی پارٹی کا ہوگا۔
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی نے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) الیکشن مہایوتی کے ساتھ نہیں بلکہ علاحدہ لڑنے کا اعلان کیا ہےجس کے سبب ان پر یہ الزام عائد کیا جارہا ہے کہ مسلمانوں کے ووٹوں کو منتشر کرنے کیلئے مہا یوتی کی ایما پر این سی پی نے علاحدہ الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں جمعہ کوممبئی ڈویژنل این سی پی الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین، سینئر لیڈر اور سابق وزیر نواب ملک نے واضح کیا ہے کہ مسلم ووٹوں کو تقسیم کرنے کیلئے ہم الگ الیکشن نہیں لڑ رہے ہیں اسی لئے مدنپورہ، شیواجی نگر اور دیگر مسلم اکثریتی علاقوں میں ہم نے اپنے امیدوارنہیں اتارے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ممبئی میں ہماری پارٹی کا میئر بنے گا۔
نواب ملک نے کہا کہ جب جھارکھنڈ میں ایک سیٹ کے ساتھ وزیر اعلیٰ بن سکتا ہے تو ۳۰؍ سیٹوں کے ساتھ ممبئی میں این سی پی کا میئر بھی بن سکتا ہے۔ میئر کون ہوگا؟ مراٹھی یا شمالی ہند کا باشندہ؟ اس سوال پر نواب ملک نے کہا کہ’’ ممبئی کا واسی ہی میئر بنے گا۔ ‘‘
جب ساڑھے ۳؍سال بعد نواب ملک کی پریس کانفرنس ہونے جا رہی تھی تو میڈیا کے نمائندوں اور سیاسی لیڈروں میں یہ تجسس پیدا ہو گیا تھا کہ نواب ملک میڈیا سے کیا کہیں گے اور کون سا دھماکہ کریں گے۔ ان کا اندازہ درست نکلا کیونکہ نواب ملک نےدعویٰ کیا کہ ممبئی کا میئر این سی پی کا ہوگا۔ یہ بتاتے ہوئے کہ این سی پی کے ذریعے۹۴؍ سیٹوں پر امیدوار کھڑے کئے گئے ہیں، ۹۵؍ ویں سیٹ پر بھی کاغذات نامزدگی داخل کئے گئے تھے لیکن معمولی وجوہات کی بناء پر اسے منسوخ کر دیا گیا ۔ اس دوران ۲؍مقامات پر اسپانسرڈ امیدواروں کو میدان میں اتارا گیا ہے۔ نواب ملک نے کہا کہ ان میں دھاراوی اور رمابائی امبیڈکر نگر- کامراج نگر شامل ہیں۔
نواب ملک نے واضح کیا کہ ممبئی میں جہاں بھی این سی پی مضبوط مقابلہ کر سکتی ہے، وہاں امیدوار کھڑے کئے گئے ہیں۔ ہمارے امیدواروں میں خواتین کی بڑی تعداد ہے اور ہم نے ڈاکٹروں، وکیلوں، انجینئروں، سبزی فروشوں، صفائی کارکنوں اور ہر سماجی گروپ کو انصاف دلانے کی کوشش کی ہے۔ مراٹھی بولنے والوں یا اس ریاست کے مقامی باشندوں کو جو ممبئی کو اپنی کام کی جگہ سمجھتے ہیں، انہیں موقع دیا گیا ہے۔
مہا یوتی کے حوالہ سےنواب ملک نے کہاکہ ’’کچھ لوگ میرے نام پر اعتراض کر رہے تھے، اگر نواب ملک ہیں تو ہم اتحاد نہیں کریں گے۔ تاہم ہماری پارٹی کے قومی صدر اجیت دادا پوار مضبوطی سے میری حمایت میں کھڑے ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ اتحاد کی ضرورت نہیں ہے، ہم اپنے بل بوتے پر الیکشن لڑیں گے۔ ‘‘