ممبئی ، پونے سمیت کئی شہروں میں احتجاج ، ناگپور ضلع این سی پی کے صدر بابا گرجر نے کہا کہ ’’نیلیش رانے کے کان کے نیچے( طمانچہ) لگاؤ اور ایک لاکھ روپے لے جاؤ‘‘
EPAPER
Updated: June 10, 2023, 9:31 AM IST | pune
ممبئی ، پونے سمیت کئی شہروں میں احتجاج ، ناگپور ضلع این سی پی کے صدر بابا گرجر نے کہا کہ ’’نیلیش رانے کے کان کے نیچے( طمانچہ) لگاؤ اور ایک لاکھ روپے لے جاؤ‘‘
این سی پی کے سربراہ شردپوار کے خلاف بی جے پی کے لیڈر اور ایم پی نیلیش رانے کے متنازع ٹویٹ پر کافی ہنگامہ مچا ہوا ہے ۔ پارٹی سربراہ کے خلاف بیان سے این سی پی چراغ پا ہے۔ ممبئی ، پونے سمیت ریاست بھر کے کئی شہروںمیں این سی پی کارکنان نے نیلیش رانے کے خلاف احتجاج کیا ہے ۔ نیلیش رانے نے ٹویٹ کیا تھا کہ ’’الیکشن نزدیک آتے ہی پوار صاحب مسلم سماج کیلئے فکر مند ہوجاتے ہیں، کبھی کبھی لگتا ہے کہ اورنگ زیب کا پنرجنم مطلب شردپوار۔‘‘
ممبئی این سی پی کا جیل بھرو احتجاج
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) نے پارٹی سربراہ شرد پوار کے بارے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم ایل اے نیلیش رانے کے بیان کے خلاف جمعہ کو جیل بھرو تحریک کا اعلان کیا۔ جیل بھرو تحریک کی قیادت پارٹی کے ممبئی ڈویژن کے ورکنگ صدر نریندر رانے نے ممبئی کے آزاد میدان میں کی تھی۔ احتجاج کے دوران پارٹی کارکنان بی جے پی مخالف اور رانے مخالف نعرے لگا رہے تھے اور رانے سے ان کے بیان کے بارے میں پوچھا گیا تو وہ پارٹی سربراہ کے خلاف معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ممبئی میں احتجاج کے موقع پر راکھی جادھو، پارٹی کے قومی ترجمان کلائیڈ کرسٹو کے ساتھ تمام ضلعی صدور، نوجوانوں اور خواتین کے ساتھ مل کر ممبئی ’جیل بھرو‘ احتجاج کیا۔ مظاہرین میں میں نسیم صدیقی، یوتھ ریجنل صدر محبوب شیخ، ممبئی یوتھ صدر نلیش بھوسلے، خواتین صدر سریکھاتائی پیڈنیکر، او بی سی ورکنگ صدر راج راجا پورکر، جنوبی ممبئی ضلع صدر مہیندر پنسارے، ممبئی اقلیتی صدر سہیل صوبیدار، یوتھ نائب صدر امول ماتلے، پرشانت پاٹل شامل تھے۔
پونے این سی پی نے بھی رانے کے خلاف مظاہرہ کیا
این سی پی کے کارکنوں نے پارٹی کے سپریمو شرد پوار پر مسلسل توہین آمیز ریمارکس کرنے والے ایم ایل اے اور سابق ایم پی نیلیش رانے کے خلاف پونے میں احتجاج کیا۔اس موقع پر پارٹی کے ترجمان پردیپ دیش مکھ نے کہا کہ رانے خاندان مسلسل پارٹی سربراہ کے خلاف نازیبا زبان استعمال کر رہے ہیں ، اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اپوزیشن کو تنقید کرنے کا حق ہے اور انہیں اسے استعمال کرنا چاہئے، لیکن غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے والے رانے بھائیوں کو کم سے کم ان لوگوں پر تنقید کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے جن کا ان کے والد بھی احترام کرتے ہیں۔