Inquilab Logo

الیکشن کمیشن کے فیصلہ کیخلاف این سی پی شردپوار کا احتجاج

Updated: February 08, 2024, 9:47 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ممبئی اور تھانے میں پارٹی کارکنان نے شردپوار اور بابا صاحب امبیڈکر کی تصویر لے کر نعرے لگائے۔ پارٹی کو دوبارہ کھڑا کرنے کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم

NCP (Shardpawar) workers are protesting in the police station.
تھانے میں این سی پی (شردپوار) کے کارکنان احتجاج کررہے ہیں۔ (تصویر: انقلاب)

  این سی پی کا نام اور انتخابی نشان    اجیت پوار کےدینے پراین سی پی شردپوار گروپ کے کارکنان الیکشن کمیشن  سے سخت ناراض ہیں۔ انہوں نے  اس فیصلہ کے خلاف ممبئی اور تھانے میں احتجاج کیا  اور اجیت پوار کی مذمت کی۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کے فیصلے پرخوشی کا اظہار کرتے ہوئے منترالیہ کے سامنے   نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے آفس کے ساتھ ساتھ تھانے اور ریاست کے دیگر اضلاع میں  این سی پی (اجیت پوارگروپ) کے کارکنان نے جشن منایا۔
    فورٹ   کے بیلارڈ  اسٹیٹ میں واقع ریاستی این سی پی کےدفتر کے باہر شرد پوار کے حامیوں  نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا اورپارٹی سربراہ شردپوار کی حمایت میں نعرے لگائے۔اسی طرح  تھانے میں این سی پی آفس (جتیندر اوہاڑ) میں بھی احتجاج کیاگیا۔
  ممبئی   میں کئے گئے احتجاج   میں شامل این سی پی ممبئی کی صدر راکھی جادھو نے کہا کہ’’ این سی پی کے بانی شرد پوار نے جدو جہدکر کے پارٹی بنائی، اسے کامیاب کیا  اور ہم ورکروں کو عوام کی خدمت  کا موقع دیا ۔ ہم سب شرد پوار کی سرپرستی میں کام کرتے آئے  ہیں اور  جدو جہد کرنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔‘‘ انہوںنے مزید کہا کہ ’’سیاسی لیڈرہم پر کتنے ہی حملے کریں لیکن ہم   سب کارکنان شردپوار کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہیں گے ۔شرد پوار صاحب کی این سی پی کے نام سے ہی ہماری پہچان  ہے۔  اس لئے اگر آج پارٹی کا نام اور انتخابی نشان ہم نے چھین لیا گیا ہے   بھی ہم  اس کے خلاف سنگھرش کریں گے اور شرد پوار کی سرپرستی میں   پارٹی کو دوبارہ کھڑا کریں گے ۔‘‘
 مظاہرین میں متعدد کارکن  ہاتھوں میں شردپوار کی تصویر کے ساتھ   ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی تصویر بھی لئے ہوئے تھے  جبکہ بھارت کا سنویدھان  اور گھر کا بھیدی جیسے نعروں والے   پلے کارڈز بھی تھے ۔ اس تعلق سے استفسار کرنے پر راکھی جادھو نے کہا کہ ’’ عام شہری بھی اس بارے میں بات چیت کر رہے ہیں۔ای ڈی  ، ودھان بھون اور مختلف ایجنسیوں کے ذریعے غلط فیصلے دیئے جارہے ہیں۔ ملک میں جس طرح   تفتیشی ایجنسیوں کا غلط استعمال کرکے لوگوں پر دبا ؤ ڈالا جارہا ہے،اس کی مخالفت میں شرد پوار کے سپاہی   احتجاج کر رہے ہیں۔‘‘
 تھانے میں   این سی پی (شردپوار گروپ ) کے رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ کے رابطہ آفس کے باہر شرد پوار کے ورکروں نے پارٹی سربراہ کی تصویر لے کر  اور سیاہ پٹی باندھ کر احتجاج کیا اور ’’ ہماری سانس، ہمارا جنون شرد پوار، شرد پوار! ، ہماری پارٹی، ہمارا نشان .. شرد پوار ! شرد پوار!جیسے نعرے لگا رہے تھے۔ یہ  احتجاج  رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ کی سرپرستی میں این سی پی ( شرد پوار) ضلع صدر سہاس دیسائی، ورکنگ صدر پرکاش پاٹل، خواتین ونگ کی صدر سجاتاتائی گھاگ، کارگزارصدر سریکھا  تائی  پاٹل اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK