Inquilab Logo

بہارمیں ہندوستان کی زمین پر نیپال کا دعویٰ ، پشتہ باندھنے سے روک دیا

Updated: June 23, 2020, 8:42 AM IST | Inquilab News Network | Patna

ہند- چین کشیدگی کے بیچ ہندوستانی علاقوں کو نیپال کا حصہ قرار دیکرنقشہ پارلیمنٹ میں منظور کرنے کے بعد کٹھمنڈو کی ایک اور جسارت

Modi and Oli - Pic : INN
مودی اور کے پی اولی ۔ تصویر : آئی این این

ہندوستان کے کئی علاقوں کو نیپال کا حصہ قرار دینے والے نقشے کو نیپالی پارلیمنٹ میں منظور کرانے کے بعد کٹھمنڈو نےنئی دہلی کے خلاف نئی جسارت کرتے ہوئے بہار کے چمپارن ضلع میں  سرحد کے قریب واقع زمین کو اپنی زمین قرار دیا ہے۔  اس نے  یہاں    بہار کے محکمہ آبی وسائل کے ملازمین کو ندی پر پشتہ باندھنے کا کام کرنے سے بھی روک دیا ہے۔     
 واضح رہے کہ بہار میں  نیپال  کے ساتھ ہندوستان کی  ۷۲۹؍ کلومیٹر بین الاقوامی سرحد ہے۔ حال ہی میں نیپال نے اپنی پارلیمنٹ میں ایک نقشہ کو منظوری دی جس میں لیپولیک،کالاپانی اور لمپیا دھورا جیسے علاقوں کو نیپال کے حصے کے طور پر دکھایاگیاہے۔  ابھی یہ تنازع حل بھی نہیں ہوپایاتھا اور ہندوستان چین کے ساتھ سرحدی کشیدگی میں الجھا ہوا ہے کہ نیپال نے نئی جسارت کرتےہوئے  چمپارن میں بھی ہندوستانی سرزمین کو اپنی سرزمین قرار دے دیا ہے۔   نیپالی حکام  نےمشرقی چمپارن میں لال بیکی ندی پر سرحد کے قریب   بندھے ہوئے  پشتے کی مرمت سے بہار کے محکمہ آبی وسائل کو یہ کہتے ہوئے  روک دیا کہ یہ زمین نیپال  کا حصہ  ہے۔ ہندوستانی حکام نے نیپال کی اس حرکت پر حیرت کااظہار کرتےہوئے کہا ہے کہ مذکورہ پشتہ کئی سال پہلے تعمیر کیاگیاتھا۔ 
 رپورٹوں کے مطابق آبی وسائل کے محکمہ نے مقامی سطح پر بات چیت کے ذریعہ معاملے کو حل کرنے کی کوشش کی مگر نیپالی  حکام کچھ بھی سننےکو تیار نہیں تھے۔ بہار سرکار نے اب مرکزی وزارت داخلہ اور نیپال میں ہندوستانی سفارتخانہ کو اس سے آگاہ کردیا ہے۔ مشرقی چمپارن  ضلع کے ضلع مجسٹریٹ شرشٹ کپل اشوک نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ’’نیپال نے سرحد کے قریب  ہندوستانی سرزمین پر پشتہ باندھنے سے متعلق کام رکوادیا ہے۔ہم نے  اس معاملے سے بہار سرکار اور مرکزی وزارت داخلہ کو آگاہ کردیاہے۔ امید ہے کہ اسے جلد ہی حل کرلیا جائےگا۔ ‘‘ انہوں نے بتایا کہ ندی کے کنارے ڈھائی کلومیٹر تک پشتہ باندھنے کا کام کیا جانا تھا مگر نیپالی حکام کے اعتراض  کے بعد ۴۰۰؍ میٹر کا کام مکمل نہیں ہوسکا ہے۔ ‘‘انہوں نےبتایا کہ ’’ہم سرحد کےآخری کنارے تک پشتہ باندھتے رہے ہیں مگر اب نیپال نے اس سے روک دیا ہے۔‘‘اس کے ساتھ ہی ضلع مجسٹریٹ نے جیولوجیکل سروے آف انڈیا کو بھی تمام تر صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے تنازع کو حل کرنے کیلئے کہا ہے۔

nepal bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK