۱۷؍ سالہ لڑکی کے چلتی بس میں مبینہ اجتماعی زیادتی کے شرمناک واقعے کے بعد دہلی حکومت نے تمام بسوں، بشمول دوسری ریاستوں سے آنے والی بسوں، کے لیے حفاظتی نظام فعال رکھنے اور مسافروں کی حفاظت سے متعلق نئے احکامات جاری کیے ہیں۔
EPAPER
Updated: September 02, 2026, 4:46 PM IST | New Delhi
۱۷؍ سالہ لڑکی کے چلتی بس میں مبینہ اجتماعی زیادتی کے شرمناک واقعے کے بعد دہلی حکومت نے تمام بسوں، بشمول دوسری ریاستوں سے آنے والی بسوں، کے لیے حفاظتی نظام فعال رکھنے اور مسافروں کی حفاظت سے متعلق نئے احکامات جاری کیے ہیں۔
دہلی حکومت نے بس آپریٹروں کو ہدایت دی ہے کہ تمام بسوں میں Vehicle Location Tracking Devices (VLTD) اور ہنگامی بٹن ہر وقت فعال رہیں۔ بسوں کی کھڑکیوں پر پردے یا غیر مجاز فلم لگانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکم کے مطابق بسیں سڑک کے درمیان، چوراہوں یا دیگر غیر محفوظ اور غیر مجاز مقامات پر نہیں رک سکیں گی۔ مسافروں کو صرف مقررہ یا مجاز اسٹاپ پر اتارنے اور سوار کرنے کی اجازت ہوگی۔ رات یا بس کے غیر فعال رہنے کے دوران پارکنگ بھی محفوظ، مجاز اور مناسب روشنی والی جگہوں پر ہی کی جاسکے گی۔
تمام بسوں میں قابلِ استعمال آگ بجھانے والے آلات اور ابتدائی طبی امداد کا سامان رکھنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ ڈرائیوروں اور کنڈکٹروں کے پاس درست لائسنس، مقررہ یونیفارم اور جہاں ضروری ہو پی ایس وی بیج ہونا لازمی ہوگا، جبکہ بس آپریٹرز کو تمام عملے کی تعیناتی سے قبل تصدیق کرنا ہوگی۔ نشے کی حالت میں گاڑی چلانے پر سخت پابندی عائد کی گئی ہے۔ خواتین مسافروں کے ساتھ بدسلوکی، چھیڑ چھاڑ یا کسی بھی جرم کی صورت میں بس عملے کو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دینے اور بس کو قریبی پولیس اسٹیشن، پولیس چوکی یا پی سی آر وین تک لے جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ عملے کو خواتین کے تحفظ اور ہراسانی کی روک تھام کے بارے میں بھی تربیت دینے کا حکم دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:اسرائیلی حملوں سے تباہ شدہ تاریخی مسجد کے ماضی کو بچانے کوشش
یہ احکامات اس واقعے کے چند روز بعد جاری کیے گئے ہیں جس میں اترپردیش کی ایک ۱۷؍ سالہ طالبہ کے ساتھ گریٹر نوئیڈا سے دہلی جانے والی سلیپر بس میں مبینہ اجتماعی زیادتی کی گئی۔ پولیس کے مطابق بس تقریباً ۴۷؍ کلومیٹر کا سفر کرکے کشمیری گیٹ پہنچی اور راستے میں کسی پولیس ناکے پر نہیں روکی گئی۔ تفتیش میں بس کے اندر موجود پردوں اور خراب سی سی ٹی وی کی نشاندہی بھی ہوئی ہے۔ ٹرانسپورٹ وزیر پنکج کمار سنگھ نے کہا، ’’مسافروں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ دہلی میں چلنے والی ہر بس کو مقررہ حفاظتی اور عملی معیار پورا کرنا ہوگا اور ضروری نظام و آلات ہر وقت فعال رہنے چاہئیں۔